Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل ۲۰۲۶ء: ریان پراگ پر ’ویپنگ‘ کے لیے میچ فیس کا۲۵؍ فیصد جرمانہ عائد

Updated: April 30, 2026, 7:01 PM IST | New Delhi

راجستھان رائلز (آر آر) کے کپتان ریان پراگ پر میچ فیس کا ۲۵؍ فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور انہیں ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے۔ پراغ کو پنجاب کنگز کے خلاف میچ کے دوران ڈریسنگ روم کے اندر ویپ استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

Riyan Parag.Photo:INN
ریان پراگ۔ تصویر:آئی این این

راجستھان رائلز (آر آر) کے کپتان ریان پراگ پر میچ فیس کا ۲۵؍ فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور انہیں ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے۔ پراغ کو پنجاب کنگز کے خلاف میچ کے دوران ڈریسنگ روم کے اندر ویپ استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
جمعرات کو آئی پی ایل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ پراگ نے آئی پی ایل کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول وَن کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا ہے، جس میں ’ایسا رویہ جس سے کھیل کی بدنامی ہو‘ شامل ہے۔ آئی پی ایل کے بیان میں مزید کہا گیا’’یہ واقعہ پنجاب کنگز اور آر آر کے میچ کے دوران آر آر کی بیٹنگ کے وقت پیش آیا۔ ریان کو ڈریسنگ روم کے اندر ویپ استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ ریان نے اپنی غلطی تسلیم کی اور میچ ریفری امیت شرما کی جانب سے دی گئی سزا قبول کر لی۔‘‘
یہ سمجھا جاتا ہے کہ پراگ  کے ویپ استعمال کرنے کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد آن فیلڈ امپائر تنمے شریواستو اور نیتن مینن نے میچ ریفری امیت شرما کو اس معاملے سے آگاہ کیا۔ آئی پی ایل کے ضابطے میں ویپنگ کا واضح طور پر ذکر نہیں ہے، تاہم ڈریسنگ روم اور کھلاڑیوں کے علاقوں میں نظم و ضبط برقرار رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ آر آر کے خلاف سخت کارروائی پر غور کیا جا رہا ہے۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) ٹیموں، آفیشلز اور کھلاڑیوں کے خلاف مزید سخت اقدامات پر غور کر رہا ہے تاکہ آئی پی ایل کی ساکھ برقرار رکھی جا سکے۔آئی پی ایل کے آرٹیکل۲۱ء۲؍ کا مقصد ان تمام سرگرمیوں کو روکنا ہے جو کھیل کی بدنامی کا باعث بنیں۔

یہ بھی پڑھئے:حیدرآباد نے ممبئی کو ۶؍ وکٹوں سے شکست دی


مثال کے طور پر، آرٹیکل ۲۱ء۲؍(خلاف ورزی کی نوعیت اور حالات کے مطابق) غلط رویے، نامناسب عوامی برتاؤ اور ایسے تبصروں پر پابندی لگاتا ہے جو کھیل کے مفاد کو نقصان پہنچائیں۔آئی پی ایل کوڈ آف کنڈکٹ کے مطابق آرٹیکل ۲۱ء۲؍ کی خلاف ورزی پر سزا کا تعین کرتے وقت صورتحال کے سیاق و سباق کو دیکھا جاتا ہے اور یہ بھی کہ آیا یہ عمل جان بوجھ کر، لاپروائی سے، قابلِ گریز یا غلطی سے ہوا۔ اس کے علاوہ، رپورٹ کرنے والا شخص خلاف ورزی کی شدت کا تعین کرتا ہے، جو معمولی سے انتہائی سنگین تک ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ورون دھون کی ’’ہے جوانی تو عشق ہونا ہے‘‘ اپنی اصل تاریخ پر ریلیز ہوگی


ہندوستانی قانون کے مطابق، الیکٹرانک سگریٹ پروہیبیشن ایکٹ  ۲۰۱۹ء کے تحت ویپنگ یا ای سگریٹ کا استعمال غیر قانونی ہے۔ یہ قانون ہندوستان میں ای سگریٹ اور ویپ کی پیداوار، فروخت، خرید، درآمد، برآمد اور اشتہارات پر پابندی لگاتا ہے۔ خلاف ورزی پر قید اور بھاری جرمانہ ہو سکتا ہے۔ اس سے قبل آر آر کے ٹیم منیجر رومی بھنڈر پر گواہاٹی میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے خلاف میچ کے دوران ڈگ آؤٹ میں موبائل فون استعمال کرنے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا تھا اور سخت وارننگ بھی دی گئی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK