• Tue, 27 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل ۲۰۲۷ء کی منی نیلامی ۱۶؍ دسمبر کو گوا میں ہوگی

Updated: October 26, 2026, 10:01 PM IST | Mumbai

انڈین پریمیئر لیگ ۲۰۲۷ء کی منی نیلامی ۱۶؍دسمبر کو گوا میں منعقد کی جائے گی۔ تمام ۱۰؍ فرنچائز ٹیموں کو۱۵؍ نومبر تک اپنے پاس برقرار رکھے گئے اور ریلیز کیے گئے کھلاڑیوں کی فہرست جمع کرانی ہوگی۔

IPL Trophy.Photo:INN
آئی پی ایل ٹرافی۔ تصویر:آئی این این

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۷ء کی منی نیلامی ۱۶؍دسمبر کو گوا میں منعقد کی جائے گی۔ تمام ۱۰؍ فرنچائز ٹیموں کو۱۵؍ نومبر تک اپنے پاس برقرار رکھے گئے اور ریلیز کیے گئے کھلاڑیوں کی فہرست جمع کرانی ہوگی۔ دن بھر جاری رہنے والی یہ نیلامی بنگلورو میں ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ کے دن ہی منعقد ہوگی۔ کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کی آخری تاریخ ختم ہونے کے بعد آئی پی ایل فرنچائز ٹیموں کو انتخاب کے لیے کھلاڑیوں کی ایک فہرست فراہم کرے گا۔ کھلاڑیوں کی حتمی فہرست اور نیلامی میں کھلاڑیوں کے گروپوں کی ترتیب نیلامی سے ٹھیک پہلے والے ہفتے میں جاری کیے جانے کی امید ہے۔
مسلسل ۳؍ سیزن بیرون ملک منعقد ہونے کے بعد یہ نیلامی ایک بار پھر ہندوستان میں ہو رہی ہے۔ اس سے پہلے نیلامی ۲۰۲۳ء میں دبئی، ۲۰۲۴ء میں جدہ اور ۲۰۲۵ء میں ابوظہبی میں منعقد ہوئی تھیں۔ یہ آئی پی ایل کے موجودہ دور کی آخری منی نیلامی ہوگی، کیونکہ  ۲۰۲۸ء کے سیزن سے پہلے ایک میگا نیلامی ہونی ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ اسی میگا نیلامی کے ساتھ لیگ کے میڈیا حقوق کا اگلا دور بھی شروع ہوگا۔ 
۲۰۲۶ءکا سیزن ختم ہونے کے بعد سے ہی کھلاڑیوں کے کئی بڑے تبادلے ہو چکے ہیں۔لکھنؤ سپر جائنٹس نے اپنے کپتان رشبھ پنت کو دہلی کیپیٹلز کے حوالے کر دیا، جس کے بدلے اسے کلائی کے اسپنر کلدیپ یادو ملے۔ اس کے بعد دہلی کیپیٹلز نے تیز گیند باز ٹی نٹراجن کو سن رائزرز حیدرآباد کے حوالے کر دیا اور بدلے میں اسے بغیر بین الاقوامی تجربے والے لیگ اسپنر ذیشان انصاری ملے۔

یہ بھی پڑھئے:نیٹ فلکس کے صارفین اب پہلے سے کم وقت تک فلمیں اور سیریز دیکھ رہے ہیں

آئی پی ایل کی ٹریڈ ونڈو  سیزن ختم ہونے کے ایک ماہ بعد کھلتی ہے اور نیلامی سے ایک ہفتہ پہلے تک کھلی رہتی ہے۔ اس کے بعد یہ دوبارہ کھلتی ہے اور اگلے سیزن کے آغاز سے ایک ماہ پہلے تک جاری رہتی ہے۔ اس دوران `امپیکٹ پلیئر  ضابطے کا مستقبل زیر بحث ہے۔ اس ضابطے کے تحت ٹیمیں میچ کے دوران ایک متبادل کھلاڑی کو میدان میں اتار سکتی ہیں۔ کئی اہم کھلاڑیوں نے اس ضابطے پر تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے حقیقی آل راؤنڈرز کی اہمیت کم ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:پی وی سندھو اور لکشیا سین ہائلو اوپن میں ہندوستانی چیلنج کی قیادت کریں گے

۲۰۲۷ء میں آسٹریلیا کے مصروف بین الاقوامی کرکٹ شیڈول کو دیکھتے ہوئے کھلاڑیوں کی دستیابی بھی فرنچائز ٹیموں کی حکمت عملی پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔ اس شیڈول میں ہندوستان کا ۵؍ ٹیسٹ میچوں کا دورہ اور انگلینڈ میں ہونے والی ایشیز سیریز شامل ہیں۔ آئی پی ایل  ۲۰۲۷ء کے سیزن کی تاریخیں ابھی طے نہیں ہوئی ہیں۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے پہلے ممکنہ مدت ۱۴؍مارچ سے ۳۰؍ مئی بتائی تھی، لیکن بعد میں بورڈ کے سکریٹری دیوجیت سائیکیا نے اشارہ دیا کہ ٹورنامنٹ مارچ کے آخر میں شروع ہو سکتا ہے۔ بی سی سی آئی نے ابھی تک آئی پی ایل کے اگلے میڈیا حقوق کے دور کے لیے ٹینڈر جاری نہیں کیا ہے۔ موجودہ میڈیا حقوق ۲۰۲۲ء میں۵ء۴۸۳۹۰؍کروڑ روپے میں فروخت کیے گئے تھے، جو اس وقت تقریباً  ۲ء۶؍ ارب امریکی ڈالر کے برابر تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK