Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل :ہمالیہ جیسا ہدف اور سی ایس کے کا جوابی حملہ،لکھنؤ کوشکست

Updated: May 10, 2026, 10:16 PM IST | Chennai

چنئی سپر کنگز نے سنسنی خیز مقابلے میں لکھنؤ سپر جائنٹس کو ۵؍ وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔ ۲۰۴؍ رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے چنئی نے ۲ء۱۹؍ اوورز میں کامیابی حاصل کی۔

Chennai Super Kings Players.Photo:X
چنئی سپرکنگز کے گیند باز۔ تصویر:ایکس

چنئی  سپر کنگز نے اتوار کے روز کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے میں لکھنؤ سپر جائنٹس کو ۵؍ وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔ ۲۰۴؍ رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے چنئی نے ۲ء۱۹؍ اوورز میں کامیابی حاصل کی۔  سنجو سیمسن (۲۸؍ رنز، ۱۴؍ گیندیں) اور کپتان رتوراج گائیکواڑ نے پہلی وکٹ کے لیے ۴۵؍ رنز جوڑ کر جیت کی بنیاد رکھی۔ سیمسن کے آؤٹ ہونے کے بعد آنے والے ارویل پٹیل نے میچ کا نقشہ بدل دیا۔ انہوں نے محض ۲۳؍ گیندوں پر۶۵؍ رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس میں ۸؍فلک بوس چھکے شامل تھے۔


 رتوراج گائیکواڑ نے۴۲؍ رنز بنا کر اننگز کو استحکام فراہم کیا۔ آخری لمحات میں جب میچ نازک موڑ پر تھا، شیوم دوبے ( ناٹ آؤٹ ۱۵؍رن) اور پرشانت ویر (۱۷؍ ناٹ آؤٹ) نے ۳۹؍ رنز کی ناقابلِ شکست شراکت داری قائم کر کے۴؍ گیندیں پہلے ہی ٹیم کو فتح دلا دی۔شہباز احمد اور دگوش راٹھی نے ۲۔۲؍ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ اویس خان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ اس سے قبل، لکھنؤ سپر جائنٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ۸؍ وکٹوں پر ۲۰۳؍ رنز بنائے تھے۔
جوش انگلس نے محض ۱۷؍گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، جو لکھنؤ کے لیے تیسری تیز ترین ففٹی ہے۔ انہوں نے مجموعی طور پر ۸۵؍ رنز (۳۳؍ گیندیں، ۱۰؍ چوکے، ۶؍چھکے) بنائے۔ شہباز احمد نے ۴۳؍ رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر مجموعہ ۲۰۰؍رن  کے پار پہنچایا۔
 جیمی اوورٹن سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے ۳؍ اہم وکٹ حاصل کئے۔ انشول کمبوج کو ۲؍اور نور احمد کو ایک وکٹ ملا۔اس فتح کے ساتھ چنئی سپر کنگز اب پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہے، جس سے ان کے پلے آف میں پہنچنے کے امکانات مزید روشن ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:سارہ علی خان فلم ’’پتی، پتنی اور وہ دو‘‘ کے حوالے سے کافی پرجوش


 اس سے قبل انڈین پریمیئر لیگ  ۲۰۲۶ء کے ۵۳؍ ویں مقابلے میں لکھنؤ سپر جائنٹس نے جوش انگلس کی طوفانی اننگز اور شہباز احمد کی آخری لمحات میں جارحانہ بیٹنگ کی بدولت چنئی سپر کنگز کے خلاف ۸؍ وکٹوں پر۲۰۳؍ رنز کا بڑا اسکور بنا لیا ہے۔ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرنے والی لکھنؤ کی ٹیم کو جوش انگلس نے وہ آغاز فراہم کیا جس کی اسے ضرورت تھی۔ انہوں نے محض ۱۷؍ گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کر لی، جو لکھنؤ کی تاریخ کی تیسری تیز ترین ففٹی ہے۔ انگلس نے پاور پلے کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور صرف  ۱ء۵؍اوورز میں ٹیم کا مجموعہ ۷۷؍ رنز تک پہنچا دیا۔ انہوں نے ۳۳؍ گیندوں پر ۸۵؍رن   اسکور کیا۔ ایک وقت پر ایسا لگ رہا تھا کہ لکھنؤ ریکارڈ اسکور بنائے گی، لیکن چنئی کے باؤلرز نے درمیانی اوورز میں بہترین واپسی کی،انشول کمبوج نے مچل مارش کو آؤٹ کر کے پہلی کامیابی دلائی۔ نور احمد نے خطرناک نکولس پورن (ایک) کو جلد پویلین بھیج دیا۔ اوورٹن نے ایک ہی اوور میں سیٹ بلے باز جوش انگلس اور کپتان رشبھ پنت (۱۵؍رن) کو آؤٹ کر کے لکھنؤ کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔

یہ بھی پڑھئے:گجرات ٹائٹنز نے راجستھان رائلز کو ۷۷؍ رنز سے شکست دے دی


ایڈن مارکرم اور اکشت رگھوونشی کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد شہباز احمد اور ہمت سنگھ نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں کے درمیان ۵۰؍ رنز کی اہم شراکت داری ہوئی۔ شہباز احمد نے آخری گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کا اسکور ۲۰۰؍رن کے پار پہنچایا۔شہباز احمد ۲۵؍ گیندوں پر ناقابلِ شکست ۴۳؍ رنز بنائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK