آج آئی پی ایل کے فائنل میں پنجاب کنگز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان مقابلہ۔ دونوں ٹیمیں پہلی بار ٹی ۲۰؍ لیگ کا خطاب جیتنے کیلئے بے قرار۔
EPAPER
Updated: June 03, 2025, 12:11 PM IST | Agency | Ahmedabad
آج آئی پی ایل کے فائنل میں پنجاب کنگز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان مقابلہ۔ دونوں ٹیمیں پہلی بار ٹی ۲۰؍ لیگ کا خطاب جیتنے کیلئے بے قرار۔
رائل چیلنجرز بنگلور و(آر سی بی) اور پنجاب کنگز (پی بی کے ایس) اپنے پہلے آئی پی ایل خطاب کی تلاش میں منگل کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں تاریخ رقم کرنے کے لئے میدان پر اتریں گی۔ آر سی بی نے ۹؍ سال بعد فائنل میں جگہ بنائی ہےاور وہ اب بھی اپنے پہلے ٹائٹل کی تلاش میں ہے۔ جب کہ پنجاب کنگز۲۰۱۴ء میں اپنی پہلی کارکردگی کے۱۱؍ سال بعد دوسری بار فائنل میں پہنچی ہے۔ایسی صورتحال میں دونوں ٹیموں کے درمیان ایک دلچسپ مقابلہ ہونے کی امید ہے۔
رجت پاٹیدار کی آر سی بی نے اس سیزن میں پنجاب کو دو بار شکست دی ہے، جس میں کوالیفائر ون میں ۸؍ وکٹ کی شاندار جیت بھی شامل ہے۔ اس میچ میں جوش ہیزل ووڈ (۳؍ وکٹوں) کی قیادت میں گیند بازوں نے پنجاب کنگز کو ۱۰۱؍ رن پر سمیٹ دیا تھا جس کے بعد صرف۱۰؍ اوورس میں ہدف حاصل کر کے میچ یکطرفہ انداز میں جیت لیا۔ آر سی بی کے دل کی دھڑکن وراٹ کوہلی اس سیزن میں زبردست فارم میں ہیں۔۱۴۶ء۵۳؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے۱۵؍ اننگز میں۶۱۴؍رن بنانے والے کوہلی کو ایک بار پھر آر سی بی بیٹنگ کی کمان سنبھالنے کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ گزشتہ میچ میں۲۷؍ گیندوں پر ۵۶؍ رن بنانے والے فلپ سالٹ نے شاندار آغاز فراہم کیا ہے جبکہ پاٹیدار خود مڈل آرڈر میں ایک مستحکم موجودگی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مینک اگروال، کرونال پانڈیا اور جیتیش شرما نے قابل قدر تعاون کیا ہے۔ روماریو شیفرڈ اور ٹم ڈیوڈ نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ جوش ہیزل ووڈکی واپسی نے آر سی بی کی بولنگ یونٹ کو مضبوط کیا ہے، جسے تجربہ کار بھونیشور کمار اور اسپن جوڑی سویش شرما اور یش دیال نے بھی ٹیم کیلئے اچھا تعاون کیاہے۔
پنجاب کنگز نے کوالیفائر وَن میں بڑی شکست کے بعد دوسرے کوالیفائر میں ممبئی انڈینس کو ۵؍ وکٹ سے شکست دے کر اپنی جارحانہ کارکردگی پیش کی ہے۔ اس میچ میں کپتان شریاس ایّر نے۴۱؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ۸۷؍ رن بنا کر آگے بڑھ کر قیادت کی۔ پنجاب کا ٹاپ آرڈر پورے سیزن میں زبردست فارم میں رہا ہے۔ پربھسمرن سنگھ(۵۲۳؍رن ) اور پریانش آریہ (۴۵۱؍رن ) نے مسلسل تیز شروعات دی ہے۔ جوش انگلس نے تیسرے نمبر پر رن بنائے ہیں جبکہ ایّر ۱۷۵؍ کے شاندار اسٹرائیک ریٹ سے۵۹۷؍ رن بنا کر مڈل آرڈر میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔نہال ودھیرا، مارکس اسٹوئنس اور ششانک سنگھ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس سے پنجاب کی شاندار بیٹنگ فارم کا پتہ چلتا ہے۔ دوسری جانب بولنگ کی بات کی جائے تو مارکو جینسن کی برطرفی کے بعد کائل جیمیسن نے عرشدیپ سنگھ(۱۸؍ وکٹ) کے ساتھ مل کر تیز گیند بازی کے شعبے میں قدم رکھا ہے۔ یزویندر چہل کی واپسی سے ان کے اسپن اٹیک کو تقویت ملی ہے۔
نریندر مودی اسٹیڈیم کی پچ اس سیزن میں ہائی اسکورنگ رہی ہے۔ یہاں پہلی اننگز کا اوسط۱۷۷؍رن رہا ہے اور گزشتہ ۳؍ میچوں میں۲۰۰؍ رن کا ہندسہ عبور کیا گیا ہے۔ آئی پی ایل۲۰۲۵ء کے دوران اس گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے ۸؍ میچوں میں سے ۶؍ پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیموں نے جیتے ہیں۔ خیال رہے کہ ٹاس کا کردار احمد آباد میں اہم ہو سکتا ہے۔