پوائنٹ ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر موجود پنجاب آج دہلی کیپٹلس سے مقابلہ کریگا۔ دہلی فتح کے ساتھ ۲۰۲۵ء کا سیزن ختم کرنا چاہے گا۔
EPAPER
Updated: May 24, 2025, 12:13 PM IST | Agency | Jaipur
پوائنٹ ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر موجود پنجاب آج دہلی کیپٹلس سے مقابلہ کریگا۔ دہلی فتح کے ساتھ ۲۰۲۵ء کا سیزن ختم کرنا چاہے گا۔
پنجاب کنگز کا مقصد۱۱؍ سال بعد انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۵ءکے پلے آف میں جگہ حاصل کرنے کے بعد ٹاپ ۲؍ میں جگہ بنانا ہے۔ فی الحال ٹیم تیسرے نمبر پر ہے اور اس کا مقصد کوالیفائر وَن میں کھیلنے کیلئے ٹاپ ۲؍ میں جگہ بنانا ہے اور اس کے پاس فائنل تک پہنچنے کا موقع ہے۔
شریاس ایّر کی زیرقیادت پنجاب کنگز کا سنیچر کو جے پور کے سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں۶۶؍ویں میچ میں دہلی کیپٹلس سے مقابلہ ہوگا جو پہلے ہی پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے اور اپنے مایوس کن سیزن کو شاندار طریقے سے ختم کرنا چاہی گی۔دہلی نے گزشتہ میچ میں ممبئی انڈینس کے خلاف ایسا لگا تھا کہ کوشش ہی نہیں کی تھی۔اس میچ میں وہ پنجاب کے خلاف اچھا کھیلتے ہوئے کامیابی کے ساتھ اپنے سیزن کا خاتمہ کرنے چاہے گی۔
پنجاب اس سیزن میں مسلسل سب سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیم رہی ہے، جس نے ۱۲؍ میچوں میں۱۷؍ پوائنٹس حاصل کئے ہیں اور ۲؍ میچ باقی رہتے پلے آف میں جگہ یقینی کرلی ہے۔ ایّر نے آئی پی ایل ۲۰۲۵ء میں۱۷۵؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے ۴۳۵؍ رن بنائے ہیں، اس کے علاوہ پربھسمرن سنگھ (۴۵۸؍رن) اور پریانش آریہ (۳۵۶؍رن) کی مسلسل اچھی کارکردگی سے پنجاب کی بیٹنگ مضبوط ہوئی ہے۔ غیر ملکی کھلاڑیوں مارکس اسٹوئنس اور جوش انگلس کی واپسی سے ٹیم بیٹنگ اور بولنگ میں مزید مضبوط ہوئی ہے۔
بولنگ فارمیٹ میں تیز گیند باز عرشدیپ سنگھ نے اب تک۱۶؍ وکٹ لے کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اپنے آخری میچ میں۲۲؍ رن دے کر ۳؍ وکٹ لینے والے اسپنر یزویندر چہل اور آل راؤنڈر ہرپریت برار نے متوازن بولنگ اٹیک کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ کھیل کو کنٹرول کرنے کی کافی صلاحیت رکھتے ہیں۔
دوسری طرف دہلی کیپٹلس نے اس سیزن میں مضبوط شروعات کے بعد جدوجہد کی ہے، اپنے آخری ۹؍ میچوں میں سے صرف ۲؍ جیتے ہیں اور پلے آف کی امیدیں کھو دی ہیں۔ ان کی بیٹنگ کا زیادہ تر انحصار کے ایل راہل پر ہے، جنہوں نے۵۰۴؍ رن بنائے ہیں جبکہ ابھیشیک پورل اور اکشر پٹیل بھی کبھی کبھار ٹیم کیلئے کارآمد ثابت ہوئے ہیں۔ اہم گیند باز مشیل اسٹارک کی عدم موجودگی نے ان کا بولنگ اٹیک کمزور کر دیا ہے، حالانکہ مستفیض الرحمان اور کلدیپ یادو نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی ہے۔
سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم کی پچ سے توقع کی جاتی ہے کہ ابتدائی طور پر تیز گیند بازوں کے حق میں اچھا باؤنس اور تیز رفتار مدد فراہم کرے گی۔ گراؤنڈ اچھی اسکورنگ کیلئے جانا جاتا ہے، خشک اور گرم موسم بھی بلے بازوں کیلئے موافق حالات کی نشاندہی کرتا ہے۔ شام کو اوس پڑنے پر یہ پچ ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم کیلئے مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
پنجاب کنگز : پریانش آریہ، پربھسمرن سنگھ (وکٹ کیپر)، شریاس ایّر (کپتان)، ششانک سنگھ، نہال وڈھیرا، مارکس اسٹوئنس، عظمت اللہ عمرزئی، مارکو جانسن، جوش انگلس/زیویئر بارٹلیٹ، عرشدیپ سنگھ، یزویندر چہل۔دہلی کیپٹلس: فاف ڈو پلیسس، کے ایل راہل، ابھیشیک پورل (وکٹ کیپر)، اکشر پٹیل (کپتان)، ٹرسٹن اسٹبس، آشوتوش شرما، وپراج نگم، مادھو تیواری، کلدیپ یادو، دشمنتھا چمیرا، مکیش کمار۔