Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران نے کہا: ٹرمپ آسمان کو دیکھو، نیا سرپرائزآنے والاہے

Updated: March 24, 2026, 12:01 PM IST | Tehran

ایران نے امریکہ اور اسرائیل پر ۷۸؍ویں میزائل لہرکا آغاز کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے لیے پیغام بھی جاری کیا ہے۔ایرانی فوج کا کہنا ہےکہ ڈونالڈ ٹرمپ آسمان کو دیکھو، نیا سرپرائزآنے والاہے،بہت بڑے نتائج سامنے آئیں گے۔

Iran Attack On Dimona.Photo:INN
ایران نے ڈیموناپر حملہ۔ تصویر:آئی این این

  ایران نے امریکہ اور اسرائیل پر ۷۸؍ویں میزائل لہرکا آغاز کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے لیے پیغام بھی جاری کیا ہے۔ایرانی فوج کا کہنا ہےکہ ڈونالڈ ٹرمپ آسمان کو دیکھو، نیا سرپرائزآنے والاہے،بہت بڑے نتائج سامنے آئیں گے۔ ایرانی فوج کے اہلکار کا کہنا ہےکہ صدر ٹرمپ ٹیلیفون اورسوشل میڈیا سے اپنا سرہٹائیں اور اپنی آنکھوں کو آسمان، اسٹاک مارکیٹ اور تیل کی قیمتوں پر مرکوز کریں، ایران بڑا سرپرائز دینے والا ہے۔پاسداران انقلاب کےختم الانبیابریگیڈ کے ترجمان نے ڈونالڈ ٹرمپ کا جملہ طنزا دہرایا کہ ٹرمپ یو آر فائرڈ،تھینک یو فاراٹینشن ٹو دس میٹر۔
صدر ٹرمپ کو اچانک ایران سے بات کرنے کا خیال کیسےآیا؟
 امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ گزشتہ ہفتے جب فلوریڈا روانہ ہو رہے تھے تو انہیں اچانک ایران سے جنگ بندی کا خیال آیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فلوریڈا روانگی سے پہلے ڈونالڈ ٹرمپ نےکہا کہ جب آپ دوسرے فریق کو تباہ کر رہے ہوتے ہیں تو سیزفائر نہیں کرتے، لیکن تین دن کی مہلت اور ایران میں پراسرار اہلکار وں سے گفتگو کے بعد ٹرمپ کی سوچ بدل گئی لگتی  ہے ۔
 ٹینیسی میں سیاسی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے   ٹرمپ کا کہنا تھا وہ چاہتے ہیں معاملہ جلد حل ہو اور ہم یہ کرنے جا رہے ہیں۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اب تو تجویز  یہ ہے کہ پاکستان رواں ہفتے ایران اور امریکا کے درمیان ملاقات کی میزبانی کرے، مجوزہ ملاقات میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس شرکت کرسکتے ہیں۔ 
رپورٹس کے مطابق امریکہ کے مؤقف میں یہ تبدیلی خلیجی اتحادیوں کی وارننگز کے بعد آئی ہے ، ان کی وارننگ تھی کہ ایران میں توانائی مراکز پر حملہ کشیدگی میں خطرناک اضافے کا   سبب بن سکتا ہے۔  امریکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات کا اعلان پیر کو امریکی مارکیٹ کھلنے سے دو گھنٹے پہلے کیا گیا، اعلان نے وال اسٹریٹ میں تیزی پیدا کی، برینٹ کروڈ کی قیمت میں نمایاں کمی آئی، یہ دونوں عوامل ٹرمپ اور ان کے مشیروں کے لیے تشویش کا سبب بن رہے تھے۔ 

یہ بھی پڑھئے:عمران ہاشمی نے رومانٹک اور سنجیدہ کردار بھی نبھائے

یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کے توانائی اسٹرکچر پر ۵؍روز کے لیے حملے بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔صدر ٹرمپ نے ایک بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ میں اور مجتبیٰ خامنہ ای مل کر آبنائے ہرمز کو کنٹرول کر سکتے ہیں۔  دوسری جانب ایران نے امریکہ  کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اب ہم آنکھ کے بدلے آنکھ نہیں ،سر لیں گے۔ ایران نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے لیے ۶ اسٹریٹجک شرائط بھی پیش کر دی ہیں۔ 
تہران میں امریکہ - اسرائیل کے حملوں میں اب تک ۶۰۰؍ افراد ہلاک
 اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ تنازع شروع ہونے کے بعد سے ایران کے دارالحکومت تہران میں اب تک ۶۰۰؍ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ارنا خبر رساں ایجنسی نے پیر کو تہران کی ایمرجنسی سروسز کے سربراہ محمد اسماعیل توکلی کے حوالے سے کہا کہ ’’اس دوران (تنازع شروع ہونے کے بعد سے) دارالحکومت میں ۶۳۶؍ افراد ہلاک اور۶۸۴۸؍  زخمی ہو چکے ہیں۔ تہران میں تقریباً۴۳۰؍ مقامات پر حملے ہوئے ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:امریکہ :ویلرو کے پورٹ آرتھر ریفائنری میں زبردست دھماکہ


اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے امیر سعید ایرانی نے ۱۲؍ مارچ کو کہا تھا کہ ایران کے خلاف امریکہ - اسرائیل کی فوجی مہم کے نتیجے میں ایران میں  ۱۳۴۸؍شہری ہلاک اور ۱۷؍ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے۔ ایران کے متعدد شہروں میں ۲۸؍ فروری کو شروع ہونے والی اس مہم کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جان و مال کا نقصان ہوا۔ 
ایران نے اس کے جواب میں اسرائیلی سرزمین اور مغربی ایشیا میں امریکی فوجی اڈوں پر حملے کیے۔ امریکہ اور اسرائیل نے ابتدائی طور پر دعویٰ کیا تھا کہ ایران کے جوہری پروگرام سے لاحق خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے ان کے قبل از وقت  حملے ضروری تھے، لیکن جلد ہی انہوں نے واضح کیا کہ وہ ایران میں حکومت کی تبدیلی چاہتے ہیں۔ فوجی آپریشن کے پہلے ہی دن ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی موت ہوگئی۔ اسلامی جمہوریہ نے۴۰؍ روزہ سوگ کا اعلان کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK