Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’دھونی اور روہت کے ’ایلیٹ کلب‘ میں شمولیت اعزاز کی بات ہے‘‘

Updated: March 11, 2026, 2:11 PM IST | Agency | Mumbai

سوریہ کمار یادو نے کہا کہ ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ جیتنے والے ہندوستان کے تیسرے کپتان ہونے پر فخر محسوس کر رہا ہوں۔

Mahendra Singh Dhoni, Rohit Sharma And Suryakumar Yadav Win T20 World Cup For India. Photo: X
ہندوستان کیلئےمہندر سنگھ دھونی،روہت شرما اور سوریہ کمار یادو نے ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ خطاب جیتے ہیں۔ تصویر:ایکس
ہندوستان کو ٹی ۔۲۰؍ ورلڈ کپ کا خطاب دلانے کے ۲؍دن بعد،  ٹیم انڈیا  کےکپتان سوریہ کمار یادو نے کہا  کہ وہ ملک کو آئی سی سی ٹرافی دلانے والے کپل دیو، مہندر سنگھ دھونی اور روہت شرما جیسے لیجنڈ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہونے پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔ سوریہ کمار کی قیادت میں ہندوستان نے اتوار کو احمد آباد میں نیوزی لینڈ کو فائنل میں ۹۶؍ رنوں سے شکست دے کر ٹی۔۲۰؍  ورلڈ کپ جیتا تھا۔ یہ ریکارڈ تیسرا موقع ہے جب ہندوستان نے یہ اعزاز  اپنے نام کیا اور وہ اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بھی بن گئی ہے۔
احمد آباد سے واپسی کے فوراً بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سوریہ کمار نے کہ’’۲۰۲۴ء اور اب ۲۰۲۶ء میں ٹرافی جیت کر بہت اچھا لگ رہا ہے۔ یہ ایک خاص احساس ہے۔ جب ہم نے ۲۰۲۴ء میں فتح حاصل کی تھی، تب ہم نے سوچا تھا کہ ۲۰۲۶ء میں اپنے گھریلو میدان پر اس کارنامے کو دہرانا کتنا یادگار ہوگا۔‘‘
 
 
مستقبل کے منصوبوں پر بات کرتے ہوئے کپتان نے کہا کہ ٹیم کی نظریں اب ۲۰۲۸ء کے اولمپکس پر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا’’ہمارا اگلا بڑا ہدف ۲۰۲۸ء میں اولمپک گولڈ میڈل جیتنا ہے۔ ٹیم بہترین فارم میں ہے اور اگر ہندوستان اسی سال (۲۰۲۸ء) ٹی ۔۲۰؍ ورلڈ کپ بھی جیت جاتا ہے تو یہ ایک تاریخی کامیابی ہوگی۔‘‘
 
 
ر وہت اور دھونی جیسے بڑے ناموں کے ساتھ اپنے موازنے پر سوریہ کمار نے کہا’’اس ایلیٹ کلب میں شامل ہونا خوش آئند ہے۔ میں آہستہ آہستہ اس اہمیت کو محسوس کر رہا ہوں۔ اتنے عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ میرا نام آنا میرے لئے بہت خاص ہے۔ میں مستقبل میں بھی اسی کارکردگی کو برقرار رکھنے اور ہندوستان کو مزید ٹرافیاں دلانے کی کوشش کروں گا۔‘‘ واصح رہے کہ روہت شرما کی قیادت میں ہندوستان نے جون ۲۰۲۴ءمیں بارباڈوس میں ٹی ۔۲۰؍ ورلڈ کپ جیت کر آئی سی سی ٹرافیوں کا قحط ختم کیا تھا۔ ان سے پہلے ایم ایس دھونی کی کپتانی میں ٹیم انڈیا  نے ۲۰۰۷ءکا ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ اور ۲۰۱۱ءکا ون ڈے ورلڈ کپ جیتا تھا۔ کپل دیو وہ پہلے کپتان تھے جنہوں نے ۱۹۸۳ء میں ہندوستان کو پہلے ون ڈے ورلڈ کپ میں کامیابی دلائی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK