چار بار کی چیمپئن اٹلی فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء سے باہر ہو گئی ہے۔ ایک سنسنی خیز پلے آف میچ جو پنالٹی پر فیصلہ ہوا، اس میں بوسنیا اور ہرزیگووینا سے شکست کے بعد اٹلی مسلسل تیسری بار ورلڈ کپ میں جگہ بنانے میں ناکام رہا۔
EPAPER
Updated: April 01, 2026, 11:04 AM IST | Berlin
چار بار کی چیمپئن اٹلی فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء سے باہر ہو گئی ہے۔ ایک سنسنی خیز پلے آف میچ جو پنالٹی پر فیصلہ ہوا، اس میں بوسنیا اور ہرزیگووینا سے شکست کے بعد اٹلی مسلسل تیسری بار ورلڈ کپ میں جگہ بنانے میں ناکام رہا۔
چار بار کی چیمپئن اٹلی فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء سے باہر ہو گئی ہے۔ ایک سنسنی خیز پلے آف میچ جو پنالٹی پر فیصلہ ہوا، اس میں بوسنیا اور ہرزیگووینا سے شکست کے بعد اٹلی مسلسل تیسری بار ورلڈ کپ میں جگہ بنانے میں ناکام رہا۔ زینیتسا میں کھیلا گیا یہ میچ اضافی وقت کے بعد ۱۔۱؍گول سے برابر رہا، جس کے بعد بوسنیا نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ۱۔۴؍گول سے کامیابی حاصل کی۔ اس جیت کے ساتھ بوسنیا نے ۲۰۱۴ء کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔
اٹلی کے ڈیفنڈر لیونارڈو سپینازولا نے کہاکہ ’’ہمیں ابھی تک یقین نہیں ہو رہا۔ یہ سب کے لیے افسوسناک ہے۔‘‘ہیڈ کوچ جینارو گٹوزو نے میچ کے بعد معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم توقعات پر پوری نہیں اتری۔ شنہوا کی رپورٹ کے مطابق، زینیتسا میں اٹلی نے شروعات میں اچھا کھیل پیش کیا جب موئیز کین نے بوسنیا کے گول کیپر نکولا واسیلیج کی بڑی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ۱۵؍ویں منٹ میں مہمان ٹیم کو برتری دلائی۔ ہاف ٹائم سے پہلے میچ کا رخ اس وقت بدل گیا جب اٹلی کے سینٹر بیک الیساندرو باستونی کو آخری کھلاڑی پر فاؤل کرنے پر ریڈ کارڈ دکھا کر باہر بھیج دیا گیا، جس کے بعد ٹیم کو طویل وقت تک دفاعی کھیل کھیلنا پڑا۔ ۱۰؍ کھلاڑیوں تک محدود ہونے کے بعد اٹلی نے برتری بچانے کی کوشش کی، لیکن بوسنیا نے دباؤ بڑھایا اور آخرکار ۷۹؍ویں منٹ میں حارث تبا ووچ نے گول کر کے اسکور ۱۔۱؍ برابر کر دیا۔
یہ بھی پڑھئے:نجی رہائش گاہ میں عبادت کیلئے پیشگی اجازت ضروری نہیں: چھتیس گڑھ ہائی کورٹ
اضافی وقت میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی، جس کے بعد میچ پنالٹی شوٹ آؤٹ تک پہنچا جہاں اٹلی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سینڈرو تونالی پنالٹی سے گول کرنے والے واحد اطالوی کھلاڑی تھے۔ پیو ایسپوسیتو کا شاٹ اوپر چلا گیا جبکہ برائن کرسٹانتے کا شاٹ بار کے نیچے سے باہر نکل گیا۔ بوسنیا نے اپنی چاروں پنالٹی کو گول میں تبدیل کیا، جن میں ایسمیر باجرکتاریویچ کی فیصلہ کن کک شامل تھی۔
یہ بھی پڑھئے:غزہ میں شہیدوں کی تعداد ۷۲؍ ہزار ۳۰۰؍ سے تجاوز، اسرائیلی جارحیت جاری
منگل کو ایک اور میچ میں چیک جمہوریہ نے ڈنمارک کے خلاف اضافی وقت کے بعد ۲۔۲؍ ڈرا کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ میں۳۔۵؍ سے جیت کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی اور ۲۰۲۶ء کے فائنلز کے لیے کوالیفائی کر لیا۔سویڈن نے پولینڈ کو ۲۔۳؍گول سے شکست دے کر کوالیفائی کیا۔ وکٹر گیوکریس نے ۸۸؍ویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کو کامیابی دلائی۔اردا اکتورکوغلو کے ۵۳؍ویں منٹ میں کیے گئے واحد گول کی بدولت ترکی نے کوسوو کو۰۔۱؍گول سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔یورپی پلے آف مکمل ہونے کے بعد ۲۰۲۶ء فیفا ورلڈ کپ میں یوئیفا کی تمام ۱۶؍ ٹیموں کی جگہیں طے ہو چکی ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ ۱۱؍جون سے ۱۹؍ جولائی تک امریکہ، کنیڈااور میکسیکو میں کھیلا جائے گا، جس میں ۴۸؍ ٹیمیں حصہ لیں گی۔