پیو ایسپوسیٹو کا ابتدائی گول بھی اٹلی کو شکست سے نہ بچاسکا، بلجیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے چار گول داغ دیے، گروپ اے ون میں اٹلی تیسرے مقام پر رہا۔
EPAPER
Updated: November 16, 2026, 7:01 PM IST | New Delhi
پیو ایسپوسیٹو کا ابتدائی گول بھی اٹلی کو شکست سے نہ بچاسکا، بلجیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے چار گول داغ دیے، گروپ اے ون میں اٹلی تیسرے مقام پر رہا۔
یوئیفا نیشنز لیگ ۲۰۲۶-۲۷ ءمیں اٹلی کی فٹ بال ٹیم کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب بلجیم نے اسے ۱۔۴؍گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی کرلی جبکہ اٹلی کی ٹیم اگلے مرحلے تک پہنچنے میں ناکام رہی۔ برسلز کے کنگ بوڈوئن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ اے ون کے آخری مقابلے میں اٹلی نے ابتدا میں برتری حاصل کرکے شائقین کو امید دلائی تھی، لیکن بلجیم نے چند ہی منٹوں میں مقابلے کا رخ بدل دیا۔ اس شکست کے بعد اٹلی گروپ میں ۱۰؍ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے مقام پر رہا، جبکہ فرانس اوربلجیم نے بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
On to the #UNL quarter-finals! 🤩 #ScoredWithING https://t.co/4svU2Dq8TP
— Belgian Red Devils (@BelRedDevils) November 15, 2026
مقابلے کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اٹلی کو کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کے لیے صرف ڈرا کی ضرورت تھی، لیکن ٹیم نے دفاعی حکمت عملی اختیار کرنے کے بجائے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔میچ کے ۱۱؍ویں منٹ میں مائیکل کایوڈے نے دائیں جانب سے بہترین پاس فراہم کیا، جس پر نوجوان فارورڈ پیو ایسپوسیٹو نے شاندار انداز میں گیند کو جال میں پہنچا کر اٹلی کو۰ ۔۱؍کی برتری دلادی۔ اس گول کے بعد اٹلی کے کھلاڑیوں کا اعتماد بڑھ گیا، لیکن یہ خوشی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی۔
یہ بھی پڑھئے:میناکشی شیشادری نے رومانوی سے سنجیدہ تک ہر قسم کا رول نبھایا
اٹلی کی برتری کے بعدبلجیم نے جارحانہ انداز اپنایا اور مسلسل حملوں سے حریف دفاع کو دباؤ میں ڈال دیا۔ میچ کے ۱۵؍ویں منٹ میں میکسیم ڈی کوپر نے گیند کو جال میں پہنچا کر مقابلہ ۱-۱ ؍سے برابر کردیا۔اس کے بعد ۲۲؍ویں منٹ میں ناتھن نگوی نے کارنر کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بلجیم کو ۱۔۲؍گول کی برتری دلادی۔ اٹلی ابھی اس نقصان سے سنبھل بھی نہیں پایا تھا کہ ۲۶؍ویں منٹ میں جیریمی ڈوکو نے انفرادی مہارت کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے اطالوی دفاع کو چکمہ دیا اور تیسرا گول کرکے اسکور ۱۔۳؍گول کردیا۔اس طرح بلجیم نے صرف چند منٹوں میں تین گول کرکے مقابلے پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔ پہلے ہاف کے اختتام تک اٹلی کی ٹیم دو گول کے خسارے میں تھی اور اسے واپسی کے لیے غیر معمولی کارکردگی کی ضرورت تھی۔
دوسرے ہاف میں اٹلی کے کوچ روبرٹو مانچینی نے ٹیم میں تبدیلیاں کرتے ہوئے فریڈریکو دیمارکو اور دیگر کھلاڑیوں کو میدان میں اتارا، لیکن اس سے کھیل کا رخ تبدیل نہیں ہوسکا۔ اٹلی نے گول کرنے کی کوششیں جاری رکھیں، تاہم بلجیم کا دفاع مضبوط رہا اور اس کے کھلاڑیوں نے جوابی حملوں کے ذریعے اطالوی ٹیم کو مسلسل پریشان کیا۔میچ کے ۸۰؍ویں منٹ میں کیون ڈی بروئنے اور جیریمی ڈوکو نے بہترین تال میل کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں ڈیاگو موریرا نے گیند کو جال میں پہنچا کر بیلجیم کی برتری ۱۔۴؍گول کردی۔ اس گول کے بعد اٹلی کی واپسی کی امیدیں تقریباً ختم ہوگئیں۔
یہ بھی پڑھئے:فرانس: اے آئی تحریروں کیلئے ادبی انعام کا اعلان
میچ کے آخری لمحات میں اٹلی کو ایک اور موقع ملا، جب وی اے آر جائزے کے بعد ریفری نےبلجیم کے خلاف پنالٹی دینے کا فیصلہ کیا۔ پیو ایسپوسیٹو نے پنالٹی کک لی، لیکن بلجیم کے گول کیپر سینی لامینس نے ان کا شاٹ روک کر اٹلی کو مزید نقصان سے دوچار کردیا۔اس طرح پیو ایسپوسیٹو، جنہوں نے میچ کے آغاز میں اٹلی کو برتری دلائی تھی، اختتام پر پنالٹی ضائع کرنے کے سبب بھی خبروں میں رہے۔ مقابلے کے آخری حصے میں اٹلی نے ایک اور گول کرنے کی کوشش کی، لیکن موسیٰ سیسے کا شاٹ آف سائیڈ قرار دے دیا گیا۔ اس شکست کے بعد گروپ اے ون کی صورتحال واضح ہوگئی۔ فرانس نے ۱۳؍ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ بلجیم ۱۲ ؍پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر رہا۔ اٹلی ۱۰ ؍پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر پہنچ گیا۔اٹلی کے لیے اس شکست کا مطلب کوارٹر فائنل میں رسائی کا موقع گنوانا تھا، تاہم وہ لیگ اے میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔ اطالوی فٹ بال فیڈریشن کے مطابق ٹیم ان دو بہترین تیسرے نمبر پر رہنے والی ٹیموں میں شامل رہی جو لیگ اے میں برقرار رہیں گی، اس لیے اسے لیگ اے سے باہر ہونے کا خطرہ نہیں ہے۔