Inquilab Logo Happiest Places to Work

جرمنی کا فٹبالر آف دی ایئر ایوارڈ جیتنا خاص احساس ہے: ہیری کین

Updated: August 29, 2026, 8:02 PM IST | London

انگلینڈ کے اسٹار اور بائرن میونخ کے معروف اسٹرائیکر ہیری کین نے جرمنی کا فٹبالر آف دی ایئر ایوارڈ جیت کر تاریخ رقم کردی۔ وہ یہ باوقار اعزاز حاصل کرنے والے پہلے انگلش کھلاڑی بن گئے، جبکہ بائرن میونخ کیلئےبھی ان کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔

Harry Kane. Photo: X
ہیری کین۔ تصویر: ایکس

انگلینڈ اور بائرن میونخ کے اسٹار ہیری کین نے جرمنی کے فٹبالر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتنے کو ایک خصوصی اعزاز قرار دیا ہے۔ وہ یہ باوقار اعزاز حاصل کرنے والے پہلے انگلش کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ہیری کین نے بائرن میونخ کے بنڈس لیگا کے افتتاحی میچ سے قبل الیانز ایرینا میں یہ ایوارڈ وصول کیا اور کہا کہ کلب کے شائقین کے سامنے یہ اعزاز حاصل کرنا ان کے لیے انتہائی خوشی کی بات ہے۔ ہیری کین کو بائرن میونخ کے ساتھ۲۰۲۵ء۔ ۲۶ء کے شاندار سیزن کے بعد جرمنی کا فٹبالر آف دی ایئر منتخب کیا گیا۔ بائرن میونخ کے کوچ ونسنٹ کومپنی کو کوچ آف دی ایئر جبکہ گیولیا گوئن کو خواتین کے زمرے میں فٹبالر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا۔ 
انگلینڈ کے اسٹار ہیری کین نے ایکس پر لکھا، ’’جرمنی کا فٹبالر آف دی ایئر ایوارڈ جیتنے والا پہلا انگلش کھلاڑی بننا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ الیانز ایرینا میں اپنے شاندار مداحوں کے سامنے یہ ایوارڈ حاصل کرنا ایک خاص احساس ہے۔ کوچ اور گیولیا گوئن کے ساتھ یہ اعزاز حاصل کرکے بہت خوشی ہوئی، آپ دونوں کو مبارک ہو!‘‘

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان کی خاتون کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کیلئے تیار

بائرن میونخ میں اپنے دور کے دوران کئی ایوارڈز جیتنے کے باوجود یہ پہلا موقع ہے جب ہیری کین کو جرمنی کا فٹبالر آف دی ایئر منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے فلورین وِرٹز کی جگہ یہ اعزاز حاصل کیا، جنہیں ۲۰۲۵ءمیں یہ ایوارڈ دیا گیا تھا۔ کین کو جرمن اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (VDS) کے ارکان کے ۶۵۹؍ووٹوں میں سے۲۷۲؍ ووٹ ملے۔ وہ واضح برتری کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے، جبکہ مائیکل اولیسے۲۰۳؍ ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ اولیسے نے گزشتہ سال بھی دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ یہ مختصر عرصے میں ہیری کین کا تیسرا بڑا اعزاز ہے۔ رواں ہفتے کے آغاز میں انہوں نے یورپی گولڈن شو بھی جیتا تھا۔ کین نے گزشتہ سیزن بنڈس لیگا میں ۳۶؍ گول کئے جس کی بدولت وہ۲۰۲۵ء۔ ۲۶ءکے سیزن میں یورپ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بنے۔ اس کے بعد کین نے بائرن میونخ کو۲۰۲۶ءفرانز بیکن باؤر سپرکپ جیتنے میں بھی مدد دی۔ بائرن نے سنیچرکو بوروسیا ڈورٹمنڈ کو ۲۔ ۱؍سے شکست دی، تاہم، کین اس میچ میں گول نہیں کر سکے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK