Inquilab Logo Happiest Places to Work

فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء جیتنے کے بعد جمال نے میسی کو گلے لگایا

Updated: July 20, 2026, 3:15 PM IST | New Jersey

فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء جیتنے کے بعد اسپین کے نوجوان اسٹار الامین جمال اور ارجنٹائنا کے کپتان لیونل میسی کے درمیان ہونے والی جذباتی ملاقات نے جشن کی تمام رونقیں اپنی جانب کھینچ لیں۔ فائنل کے اختتام پر جمال نے میسی کو گلے لگایا اور دونوں نے ایک دوسرے کے لیے احترام کا اظہار کیا۔ اس لمحے نے مداحوں کو ۱۹؍ سال پرانی وہ مشہور تصویر یاد دلا دی، جس میں شیر خوار جمال کو میسی نے خیراتی فوٹو شوٹ کے دوران گود میں اٹھایا تھا۔

Photo: X
تصویر: ایکس

فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے فائنل میں اسپین کی تاریخی فتح کے بعد جشن کے کئی یادگار مناظر سامنے آئے، تاہم سب سے زیادہ توجہ اسپین کے نوجوان اسٹار الامین جمال اور ارجنٹائنا کے عظیم فٹ بالر لیونل میسی کے درمیان ہونے والی جذباتی ملاقات نے حاصل کی۔ ٹرافی تقریب کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کو گرمجوشی سے گلے لگایا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔ اس موقع پر اسپین ورلڈ کپ جیتنے کی خوشی منا رہا تھا جبکہ ارجنٹائنا کو اضافی وقت میں ۱۔صفر کی شکست کے بعد مایوسی کا سامنا تھا۔ اس کے باوجود یامال نے جشن کے دوران میسی کے پاس جا کر انہیں گلے لگایا اور دونوں نے مختصر گفتگو بھی کی۔ مداحوں نے اس لمحے کو کھیل کی حقیقی روح اور باہمی احترام کی بہترین مثال قرار دیا۔ 

یہ منظر اس لیے بھی غیر معمولی اہمیت اختیار کر گیا کیونکہ اس نے تقریباً ۱۹{ سال پرانی ایک تاریخی تصویر کو دوبارہ زندہ کر دیا۔ ۲۰۰۷ء میں بارسلونا کے ایک خیراتی کیلنڈر کے لیے ہونے والے فوٹو شوٹ میں اس وقت کے نوجوان لیونل میسی نے صرف چند ماہ کے الامین جمال کو گود میں اٹھایا تھا۔ وہ تصویر برسوں بعد دنیا بھر میں وائرل ہوئی اور اب ورلڈ کپ فائنل کے بعد دونوں کی ملاقات کو اسی کہانی کا خوبصورت تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔ جمال نے پورے ٹورنامنٹ میں اسپین کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا اور اپنی رفتار، مہارت اور تخلیقی کھیل سے شائقین کو متاثر کیا۔ دوسری جانب لیونل میسی اپنی چھٹی ورلڈ کپ مہم میں ارجنٹائنا کو مسلسل دوسرے عالمی ٹائٹل تک پہنچانے میں کامیاب نہ ہو سکے، لیکن ان کے شاندار کریئر اور خدمات کے باعث مخالف ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی ان کے لیے بھرپور احترام کا اظہار کیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: اسپین نے میسی کو بے اثر کر دیا، فائنل میں ۹۰؍ منٹ تک ایک بھی شاٹ نہ لگا سکے

فائنل میں اسپین نے فیران ٹوریس کے اضافی وقت میں کیے گئے فیصلہ کن گول کی بدولت ارجنٹائنا کو ۱۔صفر سے شکست دے کر اپنی تاریخ کا دوسرا فیفا ورلڈ کپ جیت لیا۔ میچ کے بعد اگرچہ اسپین کی فتح جشن کا مرکز تھی، لیکن جمال اور میسی کی یہ مختصر مگر جذباتی ملاقات دنیا بھر کے فٹ بال شائقین کے لیے سب سے یادگار لمحوں میں شامل ہو گئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK