پاکستان کی تیزگیندباز کائنات امتیاز نے میچ ریفری کے طور پر کریئر بنانے کیلئے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
EPAPER
Updated: October 05, 2026, 12:39 PM IST | Agency | Lahore
پاکستان کی تیزگیندباز کائنات امتیاز نے میچ ریفری کے طور پر کریئر بنانے کیلئے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان کی تیزگیندباز کائنات امتیاز نے میچ ریفری کے طور پر کریئر بنانے کیلئے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے حال ہی میں کراچی میں اگست اور ستمبر کے دوران کھیلے گئے پی سی بی نیشنل ویمنز انڈر۔۱۹؍ ٹی۔۲۰؍ ٹورنامنٹ کے میچوں میں امپائرنگ بھی کی تھی۔دائیں ہاتھ کی فاسٹ بولر امتیاز نے ۱۳؍ سالہ کریئر میں پاکستان کیلئے۱۹؍ ون ڈے اور ۲۱؍ ٹی-۲۰؍ بین الاقوامی میچ کھیلے۔ انہوں نے اکتوبر ۲۰۱۰ء میں پوچےفسٹروم میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی-۲۰؍بین الاقوامی میچ میں ڈیبیو کیا تھا جبکہ اگلے سال آئرلینڈ کے خلاف اپنا پہلا ون ڈے کھیلا۔ انہوں نے ون ڈے میں ۱۰؍وکٹیں اور ٹی-۲۰؍میں ۸؍ وکٹیں حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھئے:ایشین گیمز: ہندوستان ۸۵؍تمغوں کے ساتھ چوتھے مقام پر رہا
کائنات امتیاز ان پاکستانی ٹیموں کا بھی حصہ رہی ہیں جنہوں نے ۲۰۱۰ء اور ۲۰۱۴ء کے ایشین گیمز میں بالترتیب چین اور جنوبی کوریا میں طلائی تمغے جیتے تھے۔ انہوں نے ۲۰۱۷ء کے ورلڈ کپ اور ۲۰۲۲ء کے کامن ویلتھ گیمز میں بھی شرکت کی تھی۔ انہوں نے آخری بار جنوری ۲۰۲۳ء میں گابا میں آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی جانب سے ون ڈے میچ کھیلا تھا، جبکہ مختصر فارمیٹ میں ان کا آخری میچ ۲۰۲۲ء کے ایشیا کپ میں سلہٹ میں تھائی لینڈ کے خلاف تھا۔ اس کے بعد سے وہ مقامی اور بین الاقوامی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پریزنٹر اور کمنٹیٹر کے طور پر کام کرتی رہی ہیں۔ تاہم، حال ہی میں انہوں نے اپنی والدہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے میچ آفیشل کے طور پر کریئر بنانے کا فیصلہ کیا۔