ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو نے پٹودی ٹرافی کا نام بدل کر اینڈرسن۔تنڈولکر ٹرافی رکھنے کے فیصلے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے اسے عجیب قرار دیا ہے۔
EPAPER
Updated: June 20, 2025, 12:46 PM IST | Agency | New Delhi
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو نے پٹودی ٹرافی کا نام بدل کر اینڈرسن۔تنڈولکر ٹرافی رکھنے کے فیصلے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے اسے عجیب قرار دیا ہے۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو نے پٹودی ٹرافی کا نام بدل کر اینڈرسن۔تنڈولکر ٹرافی رکھنے کے فیصلے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے اسے عجیب قرار دیا ہے۔ کپل دیو نے ایک پروگرام میں کہا’’یہ تھوڑا عجیب لگتا ہے۔ سوچنا پڑتا ہے کہ کیا ایسا بھی ہوتا ہے؟ لیکن ٹھیک ہے، کرکٹ میں سب کچھ چلتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا’’دن کے اختتام پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔ کرکٹ، کرکٹ ہے۔ میدان پر صرف کرکٹ ہونی چاہیے۔‘‘ اس پروگرام دوران کپل دیو کی ۱۹۸۳ءکے ورلڈ کپ میچ میں زمبابوے کے خلاف تاریخی ناقابل شکست ۱۷۵؍رنوں کی اننگز کو بھی یاد کیا گیا۔
واضح رہے کہ پٹودی ٹرافی کا نام ہندوستان کے سابق کپتان منصور علی خان پٹودی کے اعزاز میں رکھا گیا تھا لیکن اس کی دوبارہ نامزدگی کو سنیل گاوسکر اور دیگر سابق کرکٹرز کی تنقید کا سامنا ہے۔ یہ ٹرافی۲۰۰۷ء میں انگلینڈ میں شروع ہوئی تھی۔ پٹودی خاندان کا ہندوستان۔انگلینڈ کرکٹ روایت سے گہرا تعلق رہا ہے۔ افتخار علی خان پٹودی اور ان کے بیٹے منصور دونوں نے ہندوستان کی کپتانی کی اور دونوں نے انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلی ہے۔ ٹرافی کا نام بدلنے پر چوطرفہ تنقید کے بعد ای سی بی نے سیریز جیتنے والے کپتان کو پٹودی میڈل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
شبھمن گل کی کپتانی میں ٹیسٹ کرکٹ میں ایک نئے دور میں داخل ہونےو الی ہندوستانی ٹیم کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کپل نے۲۵؍ سالہ کھلاڑی کو مشورہ دیا کہ وہ خود کو کُھل کر پیش کریں۔کوئی توقعات نہیں ہیں۔ بس جاؤ، کھیلو، خود کو ثابت کرو۔ یہی زیادہ اہم ہے۔
کپل دیو نے تھری سکسٹی کے زیر اہتمام ایک تقریب کے دوران یہ باتیں کہیں۔ یہ تقریب ٹرن بریج ویلز میں ۱۹۸۳ءکے ورلڈ کپ میچ میں زمبابوے کے خلاف ان کی یادگار ناقابل شکست ۱۷۵؍رنوں کی اننگز کی یاد میں منعقد کی گئی تھی۔ ۶۶؍سالہ کپل دیو وہ بیٹ لے کر آئے جو انہوں نے ٹرینٹ بریج ویلز میں اس دن استعمال کیا تھا، جہاں انہوں نے ٹیم انڈیا کو۵؍ وکٹوں پر ۱۷؍رن کے خطرناک صورتحال سے نکال کر کر ۲۶۶؍کے مجموعی سکور تک پہنچایا تھا۔کپل نے اس اننگز کے تعلق سے کہا ’’میرے پاس کرکٹ کے بارے میں زیادہ چیزیں نہیں ہیں۔ میں نے انہیں دے دیا تھا لیکن میرے پاس یہ بیٹ ہے جو اب میری بیٹی کا بیٹ ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا’’وہ میرے لئے ایک خاص دن ہے لیکن مجھے اس کے بارے میں زیادہ یاد نہیں ہے۔ جو لوگ کھیل دیکھ رہے ہوتے ہیں وہ کھیلنے والوں کے مقابلے میں اسے زیادہ یاد رکھتے ہیںکیونکہ ہم میچ کھیلنے پر بہت زیادہ توجہ مرکوز کئے ہوتے ہیں۔ لیکن جب لوگ اس کے بارے میں بات کرتے ہیں تو یہ یادیں تازہ ہو جاتی ہیں اور بہت اچھا لگتا ہے۔‘‘