وراٹ کوہلی اور روہت شرما نے۲۰۲۴ء کا ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ جیتتے ہی ٹی۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ کو بھی الوداع کہہ دیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کو بھی خیرباد کہہ دیا۔ اب دونوں کھلاڑیوں کے ون ڈے کریئر کے حوالے سے خبریں گشت کررہی ہیں۔
EPAPER
Updated: August 10, 2025, 6:02 PM IST | New Delhi
وراٹ کوہلی اور روہت شرما نے۲۰۲۴ء کا ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ جیتتے ہی ٹی۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ کو بھی الوداع کہہ دیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کو بھی خیرباد کہہ دیا۔ اب دونوں کھلاڑیوں کے ون ڈے کریئر کے حوالے سے خبریں گشت کررہی ہیں۔
ہندوستان کے تجربہ کار کھلاڑیوں روہت شرما اور وراٹ کوہلی کے بارے میں بڑی خبر گشت کررہی ہے۔ وراٹ کوہلی اور روہت شرما ٹیسٹ اور ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرڈ ہو چکے ہیں۔ ساتھ ہی شائقین کو امید ہے کہ دونوں کھلاڑی۲۰۲۷ء میں جنوبی افریقہ میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ میں کھیلیں گے لیکن شائقین کی امیدوں کو بڑا جھٹکا لگ سکتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق وراٹ اور روہت ۲۰۲۷ء ون ڈے ورلڈ کپ سے پہلے ریٹائرڈ ہو سکتے ہیں۔
روہت-وراٹ ریٹائرڈ ہو سکتے ہیں
روزنامہ جاگرن کی ایک رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا سیریز کوہلی اور روہت کے لیے ہندوستان کے لیے کھیلنے کا آخری موقع ہو سکتا ہے۔ اس کے بعد وہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کر سکتے ہیں۔ بی سی سی آئی اور سلیکٹرس ۲۰۲۷ء ورلڈ کپ کے پیش نظر ٹیم کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ بی سی سی آئی کے ایک ذرائع کے مطابق اگر دونوں۲۰۲۷ء ورلڈ کپ تک کھیلنا چاہتے ہیں تو انہیں اس سال دسمبر میں منعقد ہونے والی ون ڈے فارمیٹ میں ڈومیسٹک سیریز وجے ہزارے ٹرافی میں شرکت کرنا ہوگی جس طرح انگلینڈ کے دورے سے پہلے کھلاڑیوں کو رنجی ٹرافی کھیلنے کو کہا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیئے:محمد سراج نے وراٹ کی قیمتی چیز محفوظ رکھی ہے
ٹیسٹ اور ٹی ۲۰؍ سے ریٹائرڈ ہو چکے ہیں
بارڈر-گاوسکر ٹرافی میں خراب کارکردگی کے بعد، روہت شرما اور وراٹ کوہلی رنجی ٹرافی میں اپنی ٹیموں کے لیے کھیلے، لیکن انگلینڈ کے دورے سے قبل مئی میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرڈ ہو گئے۔ دونوں نے ۲۰۲۴ء کا ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ جیت کر ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ کو بھی الوداع کہہ دیا۔ روہت شرما کی کپتانی میں ہندوستان نے چمپئن ٹرافی۲۰۲۵ء جیتی۔ ہندوستان نے چمپئن ٹرافی کے بعد سے کوئی ون ڈے میچ نہیں کھیلا ہے۔
ون ڈے میچ کب ہوگا؟
ہندوستانی ٹیم کا اگلا ون ڈے میچ ۱۹؍ اکتوبر ۲۰۲۵ء سے آسٹریلیا کے خلاف ہوگا جب ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا کا دورہ کرے گی۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان پرتھ، ایڈیلیڈ اور سڈنی میں میچ کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد دسمبر میں ٹیم انڈیا ہوم گراؤنڈ پر جنوبی افریقہ کے خلاف ۳؍ ون ڈے میچ کھیلے گی۔۲۰۲۶ء کے ون ڈے شیڈول میں جنوری میں نیوزی لینڈ، جون میں افغانستان، جولائی میں انگلینڈ، ستمبر میں ویسٹ انڈیز اور اکتوبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز شامل ہیں۔