• Sat, 17 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کومل اپنی حریف کیلئے سخت ثابت ہوئیں، کانسے کا تمغہ جیت لیا

Updated: October 17, 2026, 12:30 PM IST | Agency | Las Vegas

انڈر۔۲۳؍عالمی کشتی چمپئن شپ میں ہندوستانی پہلوان نے قزاخستان کی پہلوان کو شکست دے دی۔

Indian wrestler Komal showing her bronze medal. Photo: INN
ہندوستانی پہلوان کومل کانسے کا تمغہ دکھاتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

[ہندوستان کی کومل نے انڈر۔۲۳؍عالمی کشتی چمپئن شپ میں خواتین کے ۵۹؍کلوگرام زمرے میں کانسے کا تمغہ جیت لیا، جبکہ امرتا پجاری نے ۲؍ پن فال کامیابیوں کے ساتھ۷۲؍کلوگرام زمرے کے فائنل میں جگہ بنالی۔

کومل نے کانسے کے تمغے کے مقابلے میں قزاخستان کی وکٹوریہ خوسائنووا کو ۲۔۷؍سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس سے قبل کینیڈا کی ایلا فائنڈنگ کے خلاف ان کا مقابلہ ایک ایک سے برابر رہا تھا، جس کے بعد `’کریٹیریا‘ کے اصول کے تحت کومل کو فاتح قرار دیا گیا۔ اس کے بعد انہوں نے مالدووا کی میڈلینا پریساکاری کو ۳۔۸؍سے شکست دی۔ سیمی فائنل میں یوکرین کی الینا فلیپووچ نے تکنیکی برتری کی بنیاد پر کامیابی حاصل کی، جس کے بعد کومل کو کانسے کے تمغے کے مقابلے میں اترنا پڑا۔

مہاراشٹر کے سولاپور کی پہلوان امرتا پجاری طلائی تمغے کے مقابلے میں یوکرین کی ایرینا زبلوتسکا سے مقابلہ کریں گی۔ انہوں نے قزاخستان کی سبیرزانووا کو ’پن فال‘ سے شکست دے کر مہم کا آغاز کیا اور سیمی فائنل میں چین کی وین جن کیو کو بھی ’پن فال‘ سے ہرایا۔سبیرزانووا کے خلاف ہندوستانی پہلوان نے ۷۔ایک کی برتری حاصل کرنے کے بعد ’پن فال‘ سے مقابلہ جیتا۔ کیو کے خلاف پجاری ۸۔۱۰؍سے آگے تھیں، اسی دوران انہوں نے فیصلہ کن ’پن فال‘ حاصل کرکے فائنل میں جگہ پکی کرلی۔

یہ بھی پڑھئے: اسمرتی مندھانا کی کپتانی میں نئے دور کا آغاز

دیکشا ملک نے خواتین کے ۷۶؍ کلوگرام زمرے میں پانچویں مقام کے ساتھ اپنی مہم ختم کی۔چمپئن شپ میں ہندوستان کیلئے پہلا تمغہ وشواجیت مورے نے جیتا جنہوں نے گریکو رومن ۵۵؍کلوگرام مقابلے میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔تاہم ویزا سے متعلق مسائل کے باعث ہندوستانی پہلوان خواتین کے ۴؍ زمروں، ۵۰، ۵۵، ۵۷؍اور ۶۲؍کلوگرام، جبکہ گریکو رومن کے ۵؍زمروں، ۶۰، ۷۷، ۸۲؍، ۹۷؍ اور ۱۳۰؍ کلو گرام میں حصہ نہیں لے سکے۔

سویٹی اور ویشنوی بھی تمغے کی دوڑ میں 
ہندوستان کی ۲؍ دیگر پہلوان سویٹی اور ویشنووی پاٹل بھی ریپ یچج کے ذریعے کانسے کے تمغے کی دوڑ میں برقرار ہیں۔۵۳؍کلوگرام زمرے میں حصہ لینے والی سویٹی نے پری کوارٹر فائنل میں قزاخستان  کی دینارا داول کیزی کو شکست دی لیکن کوارٹر فائنل میں کرسٹیل روڈریگیز ڈوبلر کے ہاتھوں ۲۔۱۱؍سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈوبلر کے فائنل میں پہنچنے کے بعد سویٹی کو ریپ یچج کے ذریعے دوبارہ موقع ملا ہے۔ اب ان کا مقابلہ چین کی شیاؤتونگ زینگ سے ہوگا اور فاتح پہلوان کانسے کے تمغے کے مقابلے میں پہنچے گی۔ ویشنوی ۶۵؍ کلوگرام زمرے کے ریپ یچج مقابلے میں جاپان کی ہاروکا کوبارو سے مقابلہ کریں گی۔ اس سے قبل کوارٹر فائنل میں روس کی یکاترینا کوشکینا نے انہیں تکنیکی برتری کی بنیاد پر شکست دی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK