Updated: November 20, 2025, 12:11 PM IST
| New Delhi
لکشیا سین نے چینی تائپے کے سو لی یانگ کو۴۳؍ منٹ کے مقابلے میںہرایا ،پرنئے نے انڈونیشیائی کھلاڑی کوشکست دی ،سری کانت کی بھی چینی کھلاڑی پر فتح-
لکشیا سین۔تصویر:آئی این این
سڈنی (ایجنسی) : لکشیا سین، ایچ ایس پرنئے، کِدامبی شری کانت، ایوش شیٹّی اور تارن منیپلی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بدھ کو آسٹریلین اوپن۲۰۲۵ء بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔پیرس اولمپکس۲۰۲۴ء کے سیمی فائنلسٹ لکشیا سین نے چینی تائپے کے عالمی نمبر۴۰؍ کھلاڑی سو لی یانگ کو۴۳؍ منٹ کے مقابلے میں۱۲-۱۷؍ ، ۱۳-۲۱؍ سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں داخلہ حاصل کرلیا ۔ عالمی چیمپئن شپ میں کانسے کا تمغہ یافتہ ایچ ایس پرنئے نے خراب آغاز کے باوجود انڈونیشیا کے یوہانس سوت مارسِلینو کو ۶-۲۱؍ ، ۱۲-۲۱؍ اور ۱۷-۲۱؍سے ہرا دیا ۔
سابق عالمی نمبر ایک کدامبی شری کانت نے چینی تائپےکے ۲۰؍ویں رینک والے لی چیا ہاؤ کو ایک گھنٹے سے زیادہ جاری رہنے والے میراتھن میچ میں ۱۹-۲۱؍،۱۹-۲۱؍ اور۱۵-۲۱؍ سے ہرا کر راؤنڈ آف۱۶؍ میں جگہ بنائی۔تارن منی پلی نے ڈنمارک کے میگنس جوہانسن کو تین گیمز کے سخت مقابلے میں۱۳-۲۱؍،۱۷-۲۱؍ اور۱۹-۲۱؍ سے شکست دی۔اس کے برعکس، ایوش شیٹی نے کنیڈا کے سیم یوان کو صرف۳۳؍ منٹ میں ۱۱-۲۱؍،۱۵-۲۱؍ سے آسانی سے شکست دی۔
ایوش شیٹی جنہوں نے رواں سال یو ایس اوپن جیتا تھا، اگلے مرحلے میں جاپانی اسٹار کوڈائی نارا اوکا کا سامنا کریں گے۔ڈبلز میں صرف ایک ہندوستانی جوڑی کنیڈا کی جوڑی نائل یاکورا-کرسٹل لائی کے ہاتھوں ۱۲-۲۱؍،۱۶-۲۱؍ سے ہار کر موہت اور لکشیتا جگلان مکسڈ ڈبلز سے باہر ہو گئے ۔ اس کے بعد ساتوک سائی راج رَنکی ریڈی اورچراغ شیٹی ہی ٹورنامنٹ میں باقی واحد ہندوستانی جوڑی رہ گئے ہیں۔وہ کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کے لیے چینی تائپے کے سو چِنگ ہینگ - وو گوان زُن کا سامنا کریں گے۔