ورلڈ ایتھلیٹکس نے چین کی ہائی جمپ کی عظیم کھلاڑی اور سابق عالمی ریکارڈ یافتہ ژینگ فینگ رونگ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
EPAPER
Updated: August 28, 2026, 12:45 PM IST | Agency | Beijing
ورلڈ ایتھلیٹکس نے چین کی ہائی جمپ کی عظیم کھلاڑی اور سابق عالمی ریکارڈ یافتہ ژینگ فینگ رونگ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ورلڈ ایتھلیٹکس نے چین کی ہائی جمپ کی عظیم کھلاڑی اور سابق عالمی ریکارڈ یافتہ ژینگ فینگ رونگ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ان کا گزشتہ روز ۸۹؍ برس کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ ورلڈ ایتھلیٹکس نے جمعرات کو اپنی ویب سائٹ پر جاری تعزیتی پیغام میں کہا کہ ژینگ نے نومبر ۱۹۵۷ءمیں بیجنگ میں ایتھلیٹکس کی تاریخ میں اپنا نام درج کرایا، جب ۲۰؍سال کی عمر میں انہوں نے ۱ء۷۷؍میٹر کی بلندی عبور کرکے ہائی جمپ کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ان کی یہ کارکردگی امریکہ کی ۱۹۵۶ءکی اولمپک چمپئن ملڈریڈ میک ڈینیئل اور رومانیہ کی ایولانڈا بالاس کے مشترکہ ۷۶ء۱؍میٹر کے عالمی ریکارڈ سے ایک سینٹی میٹر بہتر تھی۔ اس کامیابی کے ساتھ ژینگ عالمی ریکارڈ قائم کرنے والی پہلی چینی ایتھلیٹ اور کسی بھی کھیل میں عالمی ریکارڈ بنانے والی چین کی پہلی خاتون کھلاڑی بن گئیں۔
یہ بھی پڑھئے: لا لیگا: ایمباپے کی ہیٹ ٹرک،ریئل میڈرڈ نے ریئل سوسیداد کو ہرادیا
۱۹۵۸ء میں بالاس نے ۷۸ء۱؍میٹر کی بلندی عبور کرکے ژینگ کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا، تاہم ژینگ نے جون ۱۹۶۳ءمیں ۷۸ء۱؍میٹر کی چھلانگ لگا کر چین کا قومی ریکارڈ دوبارہ بہتر کیا۔انہیں اس ابابیل کے طور پر یاد کیا گیا جس نے اعلان کیا کہ چین کے کھیلوں میں بہار آگئی ہے۔
کھیلوں سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وہ کھیلوں سے وابستہ رہیں اور چینی ایتھلیٹکس اسوسی ایشن کی نائب صدر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ اولمپک تحریک میں ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ۱۹۹۵ءمیں بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے اولمپک آرڈر سے نوازا گیا۔وہ ۲۰۰۸ءکے بیجنگ اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں اولمپک پرچم اٹھانے والے۸؍ سابق چینی ایتھلیٹس اور کوچز میں بھی شامل تھیں۔