Inquilab Logo

میسی اور بونماتی کو فیفا کے بہترین فٹبالرس کے ایوارڈ سے نوازا گیا

Updated: January 17, 2024, 11:42 AM IST | Agency | London

ایوارڈ کیلئے فیفا ریٹنگ سسٹم میں میسی اور ہالینڈ۴۸۔۴۸؍ پوائنٹس کے ساتھ برابر تھے۔پیپ گارڈیالا کو بہترین کوچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

Manchester City manager Pep Guardiola. Photo: INN
مانچسٹر سٹی کے منیجر پیپ گارڈیوولا۔ تصویر : آئی این این

ارجنٹائناکے سپر اسٹار لیونل میسی کو مردوں اور ایتانا بونماتی کو خواتین کے زمرے میں فیفا کے بہترین کھلاڑی۲۰۲۳ء کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔میسی ناقابل یقین حد تک قریبی مقابلے والی ووٹنگ میں سرفہرست رہے۔ ایوارڈ کے لئے فیفا ریٹنگ سسٹم میں میسی اور ہالینڈ۴۸۔۴۸؍ پوائنٹس کے ساتھ برابر تھے۔ قومی ٹیم کے کوچیز اور کپتانوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے ماہر صحافیوں اور حامیوں نے میسی کو ووٹ دیا۔
 لیونل میسی نے قطر میں ارجنٹائنا کی مردوں کی ٹیم کو ورلڈ کپ جتانے میں مدد کرنے پر۲۰۲۲ء میں بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیتا تھا۔ انہوں نے مانچسٹر سٹی کیلئے تمام مقابلوں میں ۵۲؍ گول کرنے کے والے ارلنگ ہالینڈ اور ان کے سابق ساتھی کائیلان ایمباپے کو پیچھے چھوڑا۔ میسی نے۲۰۱۹ء کے بہترین فیفا مینز پلیئر کا ایوارڈ بھی جیتا تھا اور اس سے قبل ۲۰۰۹ء، ۲۰۱۰ء، ۲۰۱۱ء، ۲۰۱۲ء اور ۲۰۱۵ء میں ۵؍ بار یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں ۔ انہوں نے یہ اعزاز مجموعی طور پر ۸؍ویں مرتبہ حاصل کیا ہے۔
 یہاں منعقدہ تقریب میں اسپین اور بارسلونا کی اسٹرائیکر ایتانا بونماتی کو بہترین فیفا ویمنز پلیئر کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ مانچسٹر سٹی کے کوچ پیپ گارڈیولا نے بہترین مینزمنیجر کا ایوارڈ جیتا جبکہ انگلینڈ کی کوچ سرینا ویگ مین نے ریکارڈ چوتھی بار بہترین خواتین کوچ کا ایوارڈ جیتا۔ گارڈیولا نے انٹر میلان کے سیمون انزاگھی اور نیپولی کے لوسیانو اسپلیٹی کو شکست دے کر یہ اعزاز حاصل کیا۔
 مانچسٹر سٹی کے اسٹاپر ایڈرسن کو بہترین مرد گول کیپر اور مانچسٹر یونائٹیڈ اور انگلینڈ کی نمبر ایک میری ایرپس کو بہترین خاتون گول کیپر قرار دیا گیا۔ میری ایرپس کو مسلسل دوسرے سال فیفا کی بہترین خواتین گول کیپر قرار دیا گیا ہے، جس کے ساتھ ہی وہ اس ایوارڈ کو دو بار جیتنے والی تاریخ کی پہلی خاتون گول کیپر بن گئی ہیں۔
بہترین فیفا فٹبال ایوارڈس کی تقریب میں سال کے غیر معمولی گول کو بھی تسلیم کیا گیا کیونکہ برازیل کے مڈفیلڈر گوئلہرمے مدروگا نے اپنی شاندار اوور ہیڈ کِک کیلئے فیفا پسکس ایوارڈ ۲۰۲۳ء جیتا۔ ۲۰۲۵ء تک فیفا ان کی عظیم کامیابیوں کے اعزاز کیلئے ایک نیا ایوارڈ متعارف کرائے گا- خواتین فٹبال میں بنائے گئے بہترین گول کو `مارٹا ایوارڈ ملے گا۔ مارٹا کو ان کے شاندار کریئر کیلئے فیفا اسپیشل ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہوں نے برازیل کیلئے ۱۷۵؍ میچوں میں ۱۱۵؍ گول کئے اور لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا۔
 خیال رہے کہ لیونل میسی نے پی ایس جی فٹبال کلب کو چھوڑ کر امریکہ کی لیگ کے فٹبال کلب میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہاں بھی اپنے کھیل سے سبھی کا دل جیت رہے ہیں ۔ ان کی کارکردگی کی بدولت امریکہ کا کلب بھی زیادہ سے زیادہ ٹرافی اپنے نام کررہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK