Updated: August 31, 2026, 9:15 PM IST
| Buenos Aires
فٹبال کی دنیا کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے لیونل میسی نے ارجنٹائنا کی قومی ٹیم سے باضابطہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ ۳۹؍ سالہ میسی نے پیر کو سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام کے ذریعے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ وہ ارجنٹائنا کی قومی ٹیم کو الوداع کہہ دیں۔
فٹبال کی دنیا کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے لیونل میسی نے ارجنٹائنا کی قومی ٹیم سے باضابطہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ ۳۹؍ سالہ میسی نے پیر کو سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام کے ذریعے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ وہ ارجنٹائنا کی قومی ٹیم کو الوداع کہہ دیں۔ میسی کا یہ فیصلہ ۲۰۲۶ء فیفا ورلڈ کپ کے فائنل کے کچھ عرصے بعد سامنے آیا ہے، جہاں ارجنٹائنا کو اسپین کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کے ساتھ ہی قومی ٹیم کے ساتھ ان کا تقریباً دو دہائیوں پر محیط شاندار سفر اختتام پذیر ہوگیا۔
میسی نے اپنے الوداعی پیغام میں کہا کہ فائنل کے بعد انہوں نے اپنے مستقبل کے بارے میں بہت سوچا اور بالآخر قومی ٹیم سے علاحدگی کا فیصلہ کیا۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ آسان نہیں تھا اور اس نے انہیں گہرائی سے متاثر کیا، لیکن اب انہیں محسوس ہوتا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ وہ قومی ٹیم سے الگ ہوجائیں۔ انہوں نے ارجنٹائنا کی جرسی کے لیے اپنی مکمل وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف کامیابیوں کے دور میں بلکہ مشکل وقت میں بھی ہمیشہ اپنا سب کچھ میدان میں دیا۔
یہ بھی پڑھئے:’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘ کی ناکامی پر راج کمار سنتوشی نے شبانہ اعظمی کی رائے مسترد کردی
میسی نے ۲۰۰۵ء میںارجنٹائنا کے لیے ڈیبیو کیا تھا۔ تقریباً ۲۱؍ سال پر محیط بین الاقوامی کریئر میں انہوں نے ۲۰۷؍ میچز کھیلے اور ۱۲۵؍ گول کیے، جس کے ساتھ وہ ارجنٹائنا کے آل ٹائم ٹاپ اسکورر بن کر رخصت ہورہے ہیں۔ قومی ٹیم کے ساتھ ان کا سفر ہمیشہ آسان نہیں رہا۔ ایک وقت ایسا بھی آیا جب مسلسل بڑے فائنلز میں شکست کے بعد میسی نے ۲۰۱۶ء میں بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، لیکن بعد میں انہوں نے فیصلہ واپس لے لیا اورارجنٹائنا کے لیے دوبارہ کھیلنا شروع کیا۔
یہ بھی پڑھئے:خواتین چیمپئن ٹرافی کی میزبانی کا حق سری لنکا سے چھین لیا گیا
میسی کے ارجنٹائنا کے ساتھ اہم اعزازات میں شامل ہیں: فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۲ء قطر میں ارجنٹائنا کو عالمی چیمپئن بنایا۔ کوپا امریکہ۲۰۲۱ء ارجنٹائنا کو طویل عرصے بعد بڑا بین الاقوامی ٹائٹل دلایا۔ کوپا امریکہ ۲۰۲۴ء ارجنٹائنا کو مسلسل دوسری مرتبہ کوپا امریکہ کا چیمپئن بنایا۔ فائنالیسیما ۲۰۲۲ء اٹلی کے خلاف کامیابی۔ اولمپک گولڈ میڈل۔ سب سے اہم کامیابی ۲۰۲۲ء کا ورلڈ کپ تھا، جس نے میسی کے بین الاقوامی کریئر کو وہ اعزاز فراہم کیا جس کا انہیں طویل عرصے سے انتظار تھا۔ ۲۰۲۶ء کا ورلڈ کپ میسی کے بین الاقوامی کریئر کا آخری بڑا ٹورنامنٹ ثابت ہوا۔ ارجنٹینا فائنل تک پہنچی، لیکن اسپین کے خلاف فیصلہ کن میچ میں شکست کے بعد ٹیم عالمی چیمپئن کا دفاع نہ کرسکی۔