Inquilab Logo Happiest Places to Work

لیونل میسی کے والد جارج میسی سپردِ خاک، نجی تقریب میں خاندان اور قریبی عزیزوں کی شرکت

Updated: August 10, 2026, 5:12 PM IST | Rosario

ارجنٹائنا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کے والد جارج میسی کو اتوار کے روز ایک نجی خاندانی تقریب میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ ارجنٹائنا کے میڈیا کے مطابق جارج میسی کی عمر ۶۸؍ برس تھی۔

Messi.Photo:X
میسی۔ تصویر:ایکس

ارجنٹائنا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر  لیونل میسی  کے والد  جارج میسی  کو اتوار کے روز ایک نجی خاندانی تقریب میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ ارجنٹائنا کے میڈیا کے مطابق جارج میسی کی عمر ۶۸؍  برس  تھی۔ جارج میسی کی تدفین صوبہ سانتا فے کے شہر  روزاریو  کے مضافات میں واقع  ایل پراڈو قبرستان  میں کی گئی۔ آخری رسومات کے دوران سخت سیکوریٹی انتظامات کیے گئے اور خاندان نے تقریب کو انتہائی نجی رکھا۔

یہ بھی پڑھئے:’’فلم چار دیواری انسان کے نفسیاتی پہلوؤں کو ظاہر کرتی ہے‘‘

لیونل میسی سمیت قریبی رشتہ دار شریک
لیونل میسی اپنی اہلیہ  انتونیلا روکوزو  اور دیگر قریبی اہل خانہ کے ہمراہ آخری رسومات میں شریک ہوئے۔ قبرستان کے باہر صحافیوں، پولیس اہلکاروں اور میسی کے مداحوں کی موجودگی بھی دیکھی گئی۔ میسی کے متعدد مداح جارج میسی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے پھول، تحائف اور دیگر یادگاری اشیا لے کر پہنچے۔ جارج میسی نے نہ صرف لیونل میسی کے والد بلکہ ان کے کریئر کے ابتدائی دور میں منیجرکے طور پر بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔
 جارج میسی کی موت کی وجہ ظاہر نہیں کی گئی
 میسی خاندان نے جارج میسی کی موت کی وجہ سرکاری طور پر ظاہر نہیں کی ہے  تاہم ارجنٹائنا کے اخبار کلارین  کے مطابق جارج میسی مبینہ طور پر کینسر کا علاج کرا رہے تھے اور کئی ماہ سے طبی نگہداشت میں تھے۔ رپورٹ کے مطابق انہیں اسپتال میں بھی علاج فراہم کیا گیا تھا اور ۲۰۲۶ءکے ورلڈ کپ  کے دوران بھی ان کی صحت اور علاج کے حوالے سے تشویش پائی جاتی تھی۔


ورلڈ کپ کے دوران میسی کے جذباتی لمحے نے توجہ حاصل کی
 جارج میسی کی صحت اس وقت بھی توجہ کا مرکز بنی تھی جب ورلڈ کپ کے دوران الجزائر کے خلاف گول کرنے کے بعد لیونل میسی جذباتی ہو کر رو پڑے تھے۔ اس وقت ان کے جذباتی ردعمل کو ان کے والد کی بیماری اور صحت سے متعلق تشویش سے جوڑا گیا تھا۔ جارج میسی اپنے بیٹے کے فٹبال کریئر کے آغاز سے ہی ان کے ساتھ رہے اور میسی کے عالمی سطح کے فٹبالر بننے کے سفر میں ان کا اہم کردار تھا۔

یہ بھی پڑھئے:’’جب لوگ کہتے ہیں کہ یہ عاقب کے والد ہیں تو بے حد فخر ہوتا ہے‘‘

میسی کے بچپن کا گھر مداحوں کے لیے یادگار بن گیا
جارج میسی کی تدفین کے بعد روزاریو میں واقع وہ گھر بھی مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا جہاں  لیونل میسی کی پیدائش ہوئی تھی ۔ تقریباً دو منزلہ اس سادہ گھر کے باہر میسی کے مداحوں نے پھول، خطوط، بینرز اور مختلف تحائف رکھ کر اپنے پسندیدہ فٹبالر اور ان کے خاندان سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ گھر کو ارجنٹائنا کے قومی پرچموں اور میسی کے لیے حمایت کے پیغامات سے بھی سجایا گیا ہے۔
روزاریو، دارالحکومت بیونس آئرس سے تقریباً ۳۰۰؍ کلومیٹر شمال میں واقع ہے اور یہ وہ شہر ہے جہاں لیونل میسی نے اپنی زندگی کے ابتدائی سال گزارے تھے۔ جارج میسی کی آخری رسومات نے ایک بار پھر اس بات کو اجاگر کیا کہ میسی کا اپنے آبائی شہر اور اپنے خاندان کے ساتھ تعلق کتنا گہرا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK