Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان کے نقشے سے شمال مشرق غائب، لولینا بورگوہین نے اعتراض کیا

Updated: August 02, 2026, 10:16 PM IST | Glasgow

دولتِ مشترکہ کھیل ۲۰۲۶ء میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی ہندوستانی باکسر لولینا بورگوہین نے گلاسگو میں ہندوستانی باکسنگ ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ریسٹورنٹ میں آویزاں ہندوستان کے نقشے میں شمال مشرقی خطے کو شامل نہ کیے جانے پر اعتراض ظاہر کیا۔

Lovlina Borgohain.Photo:PTI
لولینا بورگوہین۔ تصویر:پی ٹی آئی

 دولتِ مشترکہ کھیل  ۲۰۲۶ء میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی ہندوستانی باکسر لولینا بورگوہین نے گلاسگو میں ہندوستانی باکسنگ ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ریسٹورنٹ میں آویزاں ہندوستان کے نقشے میں شمال مشرقی خطے کو شامل نہ کیے جانے پر اعتراض ظاہر کیا۔لولینا نے دیکھا کہ ریسٹورنٹ کے نیپکن پر چھپے ہوئے نقشے اور اندر نصب بڑے ڈسپلے میں شمال مشرقی ہندوستان کو نہیں دکھایا گیا تھا۔ انہوں نے منتظمین سے مؤدبانہ انداز میں کہا کہ اس سے انہیں دکھ پہنچا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:فلم ’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘ کی تشہیر کے لیے سنی دیول اور کرن دیول پٹنہ پہنچے


لولینا نے کہا’’براہِ کرم میری بات کا غلط مطلب نہ نکالیے۔ ہندوستان کے نقشے میں ہمارا شمال مشرقی علاقہ غائب ہے۔ باہر نصب نقشے میں بھی یہی خامی ہے چونکہ میرا تعلق شمال مشرق سے ہے، اس لیے ہمیں اس پر واقعی افسوس ہوتا ہے۔ میری گزارش ہے کہ آئندہ اس بات کا خیال رکھا جائے۔‘‘ باکسنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر اجے سنگھ نے بھی ان کی بات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ نقشے میں جموں و کشمیر کو بھی درست انداز میں نہیں دکھایا گیا تھا۔ انہوں نے ریسٹورنٹ انتظامیہ سے غلط نقشہ ہٹانے اور اس کی جگہ ہندوستان کی درست جغرافیائی حدود پر مبنی نقشہ لگانے کی اپیل کی۔ گلاسگو کا یہ ریسٹورنٹ ہندوستانی کھانوں کے لیے معروف ہے اور یہاں متعدد کھیلوں کی ٹیمیں اور ممتاز شخصیات آ چکی ہیں۔  
 اولمپک کانسے کی تمغہ یافتہ ہندوستانی باکسر لولینا بورگوہین نے دولتِ مشترکہ کھیل  ۲۰۲۶ء میں چاندی کا تمغہ جیتنے کے بعد کہا ہے کہ اب ان کی پوری توجہ آئندہ ایشیائی کھیلوں پر مرکوز ہے۔گلاسگو میں خواتین کے ۷۵؍ کلوگرام زمرے میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی لولینا نے کہا کہ وہ مزید مضبوط انداز میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔ ایشیائی کھیل آئندہ چھ ہفتوں میں جاپان کے آئچی-ناگویا میں شروع ہوں گے۔
اس چاندی کے تمغے کے ساتھ لولینا ہر بڑے بین الاقوامی مقابلے میں تمغہ جیتنے والی تیسری ہندوستانی باکسر بن گئی ہیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز صرف میری کوم اور وجیندر سنگھ کو حاصل تھا۔باکسنگ فیڈریشن آف انڈیا کی جانب سے منعقدہ ورچوئل گفتگو میں ۲۸؍ سالہ باکسر نے کہا کہ فائنل میں آسٹریلیا کی ایما سو گرین ٹری سے۱۔۴؍ کے اسپلٹ فیصلے سے شکست کے باوجود ان کا ہدف طلائی تمغہ جیتنا تھا۔

یہ بھی پڑھئے:جسپریت بمراہ سری لنکا ٹیسٹ سیریز سے باہر، بورڈ نے آرام کا مشورہ دیا


 فائنل کے دوران ان کے بائیں گھٹنے پر پٹی بندھی ہوئی نظر آئی، تاہم انہوں نے کسی سنگین چوٹ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ معمولی تکلیف ہر کھلاڑی کے سفر کا حصہ ہوتی ہے۔ لولینا نے کہا’’مجھے طلائی تمغے کی امید تھی، لیکن کھیل میں جیت اور ہار دونوں ہوتی ہیں۔ اس دن میری حریف بہتر رہی۔ مجھے ٹیم انڈیا کی کارکردگی پر فخر ہے اور میں باکسنگ فیڈریشن آف انڈیا اور حکومت کی معاونت پر شکر گزار ہوں۔ گھٹنے میں معمولی درد تھا، لیکن ایسی تکلیف کے ساتھ کھیلنا ہر باکسر کے لیے عام بات ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK