• Sat, 07 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ کا ایران کے جوہری پروگرام کی معلومات دینے پر۲۰؍ملین ڈالرانعام کا اعلان

Updated: November 07, 2026, 6:41 PM IST | Washington

امریکہ نے ایران کے جوہری پروگرام کی معلومات دینے پر۲۰؍ ملین ڈالر تک کے انعام کا اعلان کر دیا، اس انعام کے ساتھ مخبروں کو ممکنہ طور پر محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی سہولت بھی دی جائے گی۔

Photo: X
تصویر: ایکس

 امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے جمعہ کو اعلان کیا ہے کہ امریکہ ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں قابل اعتماد معلومات فراہم کرنے والوں کو۲۰؍ ملین ڈالر تک کا انعام دے گا۔ اس انعام کے ساتھ مخبروں کو ممکنہ طور پر محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی سہولت بھی دی جائے گی۔ سینٹ کام نے امریکی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے سرکاری بیان میں کہا کہ یہ پیشکش امریکی محکمہ خارجہ کے پروگرام ’’ریوارڈز فار جسٹس‘‘ کے تحت کی جا رہی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے، ’’ریوارڈز فار جسٹس ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں معلومات کے لیے۲۰؍ ملین ڈالر تک کا انعام اور ممکنہ منتقلی پیش کر رہا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: عبدالرحمٰن کی کامیابی کی تقریر میں عربی الفاظ کے استعمال کا خیر مقدم

حکام کے مطابق، مطلوبہ معلومات میں ایران کی جوہری تنصیبات، ان میں استعمال ہونے والا سامان، جوہری آلات کی تیاری اور تنصیب، اور اس پروگرام سے وابستہ اہلکاروں کی تفصیلات شامل ہو سکتی ہیں۔ اس میں سائنسی برادری سے تعلق رکھنے والے ماہرین، انجینئرز، محققین اور ان کی نقل و حرکت کے بارے میں معلومات بھی شامل ہیں۔سینٹ کام نے اپنی پوسٹ میں ریوارڈز فار جسٹس کی سرکاری ویب سائٹ کا لنک بھی شیئر کیا ہے، جہاں دنیا بھر سے لوگ محفوظ طریقے سے اپنی معلومات یا ٹپس جمع کرا سکتے ہیں۔ تاہم حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ معلومات فراہم کرنے والوں کی شناخت کو مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا۔مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے جوہری پروگرام پر امریکہ اور اسرائیل کے تحفظات میں ایک بار پھر شدت آئی ہے۔ امریکہ طویل عرصے سے یہ موقف رکھتا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکا جانا چاہیے، جبکہ تہران کا کہنا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پرامن مقاصد، بجلی کی پیداوار، طبی تحقیق اور سائنسی ترقی کے لیے ہے۔

یہ بھی پڑھئے: گادی آئزن کوٹ کے وزیر اعظم بننے کی راہ ہموار

بعد ازاں یہ پیشکش ایران اور مغربی ممالک کے درمیان جوہری مذاکرات میں تعطل اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں بھی اہم سمجھی جا رہی ہے۔ امریکی حکام کا ماننا ہے کہ اندرونی معلومات سے ایران کی خفیہ جوہری سرگرمیوں کو بے نقاب کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
واضح رہے کہ ریوارڈز فار جسٹس پروگرام اس سے قبل بھی دہشت گردی، سائبر حملوں اور بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے پروگراموں سے متعلق معلومات پر کروڑوں ڈالر کے انعامات کا اعلان کر چکا ہے۔ اس پروگرام کے تحت اب تک متعدد مخبروں کو انعامات اور تحفظ فراہم کیا جا چکا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK