کلب نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی حالیہ کارکردگی اور سیزن کے خراب آغاز کے پیش نظر انتظامیہ اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ کلب کے مقاصد حاصل کرنے کے لیے کوچنگ میں تبدیلی ضروری ہوگئی ہے۔
EPAPER
Updated: November 12, 2026, 10:04 PM IST | Manchester
کلب نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی حالیہ کارکردگی اور سیزن کے خراب آغاز کے پیش نظر انتظامیہ اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ کلب کے مقاصد حاصل کرنے کے لیے کوچنگ میں تبدیلی ضروری ہوگئی ہے۔
انگلش فٹ بال کے معروف کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے رواں سیزن میں مسلسل مایوس کن کارکردگی اور خراب نتائج کے بعد اپنے ہیڈ کوچ مائیکل کیریک کو عہدے سے برطرف کردیا ہے۔ کلب نے جمعرات کو اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی حالیہ کارکردگی اور سیزن کے خراب آغاز کے پیش نظر انتظامیہ اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ کلب کے مقاصد حاصل کرنے کے لیے کوچنگ میں تبدیلی ضروری ہوگئی ہے۔ کیریک کی برطرفی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مانچسٹر یونائیٹڈ انگلش پریمیئر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل میں ۱۸؍ویں مقام پر پہنچ چکا ہے اور تنزلی کے خطرے سے دوچار ہے۔مانچسٹر یونائیٹڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ کلب اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ مائیکل کیریک مردوں کی پہلی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سے الگ ہوگئے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ سیزن کے مایوس کن آغاز کے بعد کلب نے انتہائی مشکل فیصلہ کرتے ہوئے کوچنگ میں تبدیلی کو ضروری سمجھا ہے تاکہ ٹیم اپنے مقررہ اہداف اور عزائم کی جانب دوبارہ پیش رفت کرسکے۔ کلب نے کیریک کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، لگن اور کلب کے ساتھ وابستگی کی تعریف بھی کی ہے۔ انتظامیہ نے کہا ہے کہ مستقل متبادل کوچ کی تقرری جلد از جلد کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے:یش کی راون کے کردار میں شاندار پرفارمنس پر فلمی دنیا سے بھرپور ستائش
مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے رواں سیزن کسی بڑے دھچکے سے کم نہیں رہا۔ ٹیم نے لیگ کے ابتدائی ۱۰؍ مقابلوں میں صرف ایک کامیابی حاصل کی اور ۸؍ پوائنٹس کے ساتھ ۱۸؍ویں مقام پر پہنچ گئی۔ مسلسل خراب نتائج نے کلب کو اس مقام پر لاکھڑا کیا ہے جہاں اسے پریمیئر لیگ سے باہر ہونے کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ ٹیم کی کارکردگی گزشتہ تقریباً ۴۰؍ برسوں کے دوران لیگ میں اس کے بدترین آغاز میں شمار کی جارہی ہے۔رائٹرز کے مطابق یونائیٹڈ کو لیگ میں مسلسل نو مقابلوں سے کامیابی نہیں ملی، جس کے باعث کوچ کی حیثیت سے کیریک پر دباؤ بڑھتا چلا گیا۔ ٹیم کو چیلسی کے خلاف ۲-۰؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ بورن ماؤتھ کے خلاف اسے اپنے ہی میدان پر ۳-۰؍ سے ہار کا منہ دیکھنا پڑا۔ اگرچہ روما کے خلاف یورپی مقابلے میں ٹیم نے ۳-۲؍ سے کامیابی حاصل کی، لیکن اس سے لیگ میں اس کی خراب صورت حال بہتر نہیں ہوسکی۔
مائیکل کیریک کا مانچسٹر یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے آخری مقابلہ ایسٹن ولا کے خلاف رہا، جو اولڈ ٹریفورڈ میں ۴-۴؍ گول سے برابر ہوا۔ اس میچ میں یونائیٹڈ ایک موقع پر ۴-۲؍ سے پیچھے تھا، لیکن آخری لمحات میں جوشوا زیرکزی اور پیٹرک ڈورگو نے گول کرکے ٹیم کو شکست سے بچالیا۔ تاہم یہ مقابلہ بھی کیریک کی ملازمت بچانے کے لیے کافی ثابت نہیں ہوا۔ میچ کے دوران اور اختتام پر شائقین نے کلب کی انتظامیہ اور ٹیم کی کارکردگی پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ قابل ذکر ہے کہ مائیکل کیریک نے گزشتہ سیزن میں عبوری کوچ کی حیثیت سے مانچسٹر یونائیٹڈ کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔ جنوری میں روبن اموریم کی برطرفی کے بعد انہیں ٹیم کی کمان سونپی گئی تھی۔ کیریک کی قیادت میں ٹیم نے ابتدائی ۱۶؍ مقابلوں میں ۱۱؍ کامیابیاں حاصل کیں اور پریمیئر لیگ میں تیسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے چیمپئنز لیگ میں جگہ بنائی۔ ان نتائج کے بعد کلب نے انہیں مستقل ہیڈ کوچ مقرر کرتے ہوئے ۲۰۲۸ء تک معاہدہ کیا تھا، لیکن رواں سیزن میں ٹیم کی کارکردگی یکسر تبدیل ہوگئی۔
یہ بھی پڑھئے:رضوان اللہ کے پانچ وکٹ ، پاکستان انڈر ۱۹؍ ایشیا کپ کے فائنل میں داخل
مائیکل کیریک کی برطرفی کے بعد اب سب کی نظریں ان کے ممکنہ جانشین پر مرکوز ہیں۔ ارجنٹائنا کے معروف کوچ ماریشیو پوچیٹینو کا نام مانچسٹر یونائیٹڈ کے نئے ہیڈ کوچ کے لیے سب سے زیادہ زیر بحث ہے۔ وہ اس وقت امریکہ کی قومی فٹ بال ٹیم کے کوچ ہیں۔ اسکائی اسپورٹس کی رپورٹ کے مطابق مانچسٹر یونائیٹڈ اور پوچیٹینو کے درمیان اصولی طور پر زبانی اتفاق رائے ہوچکا ہے اور کلب انہیں ٹیم کی ذمہ داری سونپنے کے لیے تیار ہے۔ تاہم ان کی تقرری کا باضابطہ اعلان ابھی نہیں کیا گیا ہے۔پوچیٹینو اس سے قبل ٹوٹنہم ہاٹسپر، پیرس سینٹ جرمین اور چیلسی جیسے بڑے کلبوں کی کوچنگ کرچکے ہیں۔ اگر ان کی تقرری عمل میں آتی ہے تو انہیں مانچسٹر یونائیٹڈ کو موجودہ بحران سے نکالنے، کھلاڑیوں کا اعتماد بحال کرنے اور ٹیم کو پریمیئر لیگ میں تنزلی سے بچانے کا بڑا چیلنج درپیش ہوگا۔مائیکل کیریک کی رخصتی کے ساتھ ہی مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہونے جارہا ہے۔ کلب کے شائقین کو امید ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے کیا جانے والا یہ فیصلہ ٹیم کی قسمت بدلنے میں مددگار ثابت ہوگا، تاہم موجودہ صورت حال میں یونائیٹڈ کے لیے سب سے اہم ہدف لیگ میں اپنی پوزیشن بہتر بنانا اور تنزلی کے خطرے سے باہر نکلنا ہے۔