Inquilab Logo Happiest Places to Work

پی ایس ایل میں خالی اسٹیڈیموں سے متعلق سوال پر محسن نقوی بغلیں جھانکنے لگے

Updated: April 16, 2026, 1:13 PM IST | Agency | Karachi

اس سوال کا جب انہیں کوئی جواب نہیں سوجھا تو انہوں نے بغیر سوچے سمجھے ہندوستان میں پیٹرول کے بحران کا دعویٰ کر دیا۔

PCB Chairman Mohsin Naqvi.Photo:INN
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی- تصویر:آئی این این
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کا ایک بیان کرکٹ کی دنیا میں موضوع بحث بن گیا ۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں خالی اسٹیڈیموں کے بارے میں سوال  پر جب انہیں کوئی جواب نہیں سوجھا تو انہوں نے بغیر سوچے سمجھے ہندوستان میںپیٹرول کے بحران کا دعویٰ  کر دیا اورکہا کہ وہاںپیٹرول پمپوںپر قطاریں لگی ہیں۔ درحقیقت پی ایس ایل کے میچ تماشائیوں کے بغیر ہو رہے ہیں۔ جب سوال کیا گیا تو نقوی نے کہا کہ پاکستان میں ایندھن کا کوئی بحران نہیں ہے بلکہ ہندوستان میں پیٹرول کی قلت ہے، پیٹرول پمپوں پر لمبی قطاریں ہیں۔ تاہم ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا۔ بہت سے صارفین نے اسے بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ ہندوستان میں ایسی کوئی صورتحال نہیں ہے۔ اپریل۲۰۲۶ء تک ہندوستان میں پیٹرول کی سپلائی معمول پر رہی اور کہیں بھی لمبی قطاروں کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک غیر متوقع پیش رفت میں نقوی نے پی ایس ایل میچز بغیر شائقین کے کرانے کے فیصلے پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں توانائی بحران جاری ہے اور ہندوستان بھی تیل کی قلت سے دوچار ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہاں پٹرول پمپوں پر لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں، تاہم اس بیان کو حقائق کے منافی قرار دیا جا رہا ہے۔
 
 
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے دوران اسٹیڈیموں میں شائقین کی عدم موجودگی کو ابتدا میں سیکوریٹی خدشات اور ایندھن کی قلت سے جوڑا گیا تھا مگر ایک میڈیا بریفنگ کے دوران، جہاں کراچی کنگز سمیت مختلف ٹیم مالکان نے ناظرین کی واپسی کا مطالبہ کیا، نقوی نے توجہ ہندوستان کی جانب موڑنے کی کوشش کی۔ادھر پاکستان خود معاشی دباؤ کا شکار ہے جہاں ایندھن کی قیمتوں  میں ۴۰؍ فیصد سے زائد اضافہ ہو چکا ہے اور بجلی کی قیمتیں بھی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہیں۔ 
 
 
نقوی کے بیان کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر ردعمل سامنے آیا جہاں صارفین نے ان کے موقف میں تضادات کی نشاندہی کی۔ توانائی بحران نے پاکستان کے اس بڑے ٹی ۲۰؍ ٹورنامنٹ کو متاثر کیا ہےجبکہ ہندوستان میں جاری آئی پی ایل کے دوران اسٹیڈیم کھچا کھچ بھرے ہوئے ہیں۔ اگرچہ محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ وہ وزیر اعظم سے ملاقات کر کے ناظرین کی واپسی کے لیے اقدامات کریں گے، تاہم کرکٹ حلقوں میں اس بات پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں کہ اندرونی مسائل کے بجائے پڑوسی ملک کو موردِ الزام ٹھہرایا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK