Updated: January 23, 2026, 3:40 PM IST
|
Agency
| Rabat
مراکش ۳؍ درجے ترقی کر کے اس پوزیشن پرپہنچا ہے جو کسی بھی عرب ملک کی دوسری بہترین رینکنگ ہے،اس سے قبل مصر نے ۲۰۱۰ء میں۹؍ ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔
مراکش کی موجودہ ٹیم زبر دست کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ تصویر: آئی این این
مراکش کی قومی فٹ بال ٹیم نے فیفا کی مردوں کی عالمی رینکنگ میں اپنی تاریخ کی بہترین پوزیشن حاصل کر لی ہے ۔ تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق مراکش تین درجے ترقی کر کے آٹھویں نمبر پر پہنچ گیا ہے جو کسی بھی عرب ملک کی دوسری بہترین رینکنگ ہے۔یہ تاریخی کامیابی مراکش کو افریقہ کپ آف نیشنز کے فائنل میں سینگال سے شکست کے باوجود ملی ہے۔ رباط میں کھیلے گئے فائنل میں میزبان مراکش کو سینگال کے ہاتھوں اضافی وقت میں ۰-۱؍سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ میچ کے آخری لمحات میں مراکش کے ابراہیم ڈیاز پنالٹی کک پر گول کرنے میں ناکام رہے تھے۔سینگال کے کھلاڑیوں کے احتجاجاً میدان سے باہر جانے کی وجہ سے انہیں اس کک کیلئے۱۴؍ منٹ انتظار کرنا پڑا تھا ۔ افریقہ کپ کا تاج سر پر سجانے والی سینگال کی ٹیم۷؍ درجے ترقی کے ساتھ۱۲؍ ویں نمبر پر آ گئی ہے، جو اس کی اب تک کی بہترین رینکنگ ہے۔
ایونٹ میں کانسے کا تمغہ جیتنے والی نائیجیریا کی ٹیم۱۲؍ درجے چھلانگ لگا کر۲۶؍ ویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔فیفا رینکنگ میں پہلے ۷؍ نمبروں پر کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے:
ا سپین (یورپی چمپئن - پہلے نمبر پر برقرار)،ارجنٹائنا (عالمی چمپئن - دوسرے نمبر پر)، فرانس، انگلینڈ، برازیل،پرتگال،نیدرلینڈز ، مراکش۔
مراکش نے ۸؍ویں نمبر پر پہنچ کربلجیم اور کروشیا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
مراکش کی اس سے قبل بہترین رینکنگ اپریل ۱۹۹۸ء میں تھی جب وہ ۱۰؍ ویں پوزیشن پر تھا ۔ افریقہ میں اب تک کی بہترین رینکنگ کا ریکارڈ نائیجیریا(۵؍ ویں پوزیشن،۱۹۹۴ء کے پاس ہے جبکہ عرب ممالک میں مصر(۹؍ویں پوزیشن، ۲۰۱۰ء) اب مراکش سے ایک درجہ پیچھے رہ گیا ہے۔
دوسری جانب، ایونٹ کے گروپ مرحلے میں باہر ہونے والی ٹیم گیبون کے پوائنٹس میں سب سے زیادہ کمی آئی اور اس کی ٹیم۸۶؍ ویں نمبر پر چلی گئی، جبکہ ایکواٹوریل گنی کی ٹیم ۱۰؍درجے تنزلی کے ساتھ۱۰۷؍ ویں نمبر پر پہنچ گئی۔
مراکش فٹ بال کی مختصر تاریخ
واضح رہےکہ مراکش کی فٹ بال کی تاریخ اس وقت شروع ہوتی ہے جب ۱۹۲۸ء میںاس ٹیم قائم کی گئی تھی ۔ اس سال ۲۲؍ دسمبرکومراکش نے فرانس کی بی ٹیم کے ساتھ پہلا میچ کھیلا تھا جس میں اسے ۱-۲؍ سے شکست ہوئی تھی ۔۱۹۵۵ء میں مراکش کی فرانس نوآبادیاتی نظام سے آزادی کے بعد رائل مراکش فٹ بال فیڈریشن قائم کیا گیا تھا ۔۱۹؍ اکتوبر ۱۹۵۷ء کوعرب گیمزکے دوسرے ایڈیشن جولبنان میںمنعقد ہوا تھا ،مراکش نے ایک آزاد ملک کی حیثیت سے پہلی مرتبہ حصہ لیا تھا اور اپنا پہلا میچ عراق کے خلاف کھیلا تھا ۔یہ میچ ۳-۳؍ سےڈرا رہا تھا ۔اس ٹورنامنٹ میں مراکش نے لیبیا کو۱-۵؍سے ہراکر فٹ بال کی تاریخ میںاپنی پہلی جیت درج کی تھی ۔اس نے بعد اس نے تیونس کو۱-۳؍ سے ہراکر سیمی فائنل میںرسائی حاصل کی تھی ۔ بعد ازاں شام سے میچ ۱-۱؍ سے ڈرا رہنے کے بعدقرعہ کے ذریعے فائنل ٹیم کا فیصلہ کیا گیا تھا جس میںشام کا انتخاب ہوا تھا ۔ مجموعی طورپریہ ٹورنامنٹ مراکش کیلئے کامیاب ثابت ہوا تھا ۔
ٹوکیو ا ولمپکس ۱۹۶۴ء
۱۹۶۴ء میں ٹوکیو میں ہوئے اولمپک مقابلوں کے ذریعے مراکش نے پہلی مرتبہ کسی بین الاقوامی ایونٹ میںشرکت کی تھی۔ اس ایونٹ میںمراکش ہنگری اور یوگو سلاویہ سے میچ ہار گیاتھا ۔۱۹۶۶ء میں مراکش نے ۱۹۷۰ء میں میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کیا تھالیکن اس کے بعد وہ ۱۹۷۰ ء میںہی ہونےوالے افریقن کپ آف نیشنز کیلئے کوالیفائی کرنےمیں ناکام رہا تھا ۔واضح رہےکہ مراکش جغرافیائی طورپر براعظم شمالی افریقہ کا ایک ملک ہے لیکن گہری عرب شناخت رکھنے کے سبب اسے عر ب ملک کا درجہ بھی حاصل ہے۔