• Sun, 16 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پہلے یکروزہ میچ میں نیوزی لینڈ کی ویسٹ انڈیز پر فتح

Updated: November 16, 2025, 9:05 PM IST | Christchurch

ڈیریل مچل (۱۱۹؍رن) اور ڈیوون کانوے (۴۹؍ رن) کی شاندار بیٹنگ کے بعد کائل جیمیسن (۳؍ وکٹ) کی قیادت میں بہترین بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز کو سنسنی خیز مقابلے میں ۷؍ رنز سے شکست دے دی۔

Daryl Mitchell.Photo:INN
ڈیریل مچل۔ تصویر:آئی این این

ڈیریل مچل (۱۱۹؍رن) اور ڈیوون کانوے (۴۹؍ رن) کی شاندار بیٹنگ کے بعد کائل جیمیسن (۳؍ وکٹ) کی قیادت میں بہترین بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز کو سنسنی خیز مقابلے میں ۷؍ رنز سے شکست دے دی۔ اس کامیابی کے ساتھ نیوزی لینڈ نے ۳؍ میچوں کی سیریز میں۰۔۱؍ کی برتری حاصل کر لی ہے۔
۲۷۰؍ رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے اننگز کا آغاز اچھا نہ ہوا، اور کائل جیمیسن نے جان کیمپ بیل(۴؍رن)  کو آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد کیسی کارٹی اور ایلِک ایتھنیز نے دوسری وکٹ کے لیے ۶۰؍ رنز کی شراکت قائم کی، مگر۲۱؍ویں اوور میں مچل سینٹنر نے ایتھنیز(۲۹؍رن) کو آؤٹ کر کے یہ پارٹنرشپ توڑ دی۔

نیوزی لینڈ کے بولنگ اٹیک کے سامنے ویسٹ انڈیز کے بیٹر سنبھل نہ سکے۔ کیسی کارٹی (۳۲؍رن)، کپتان شائی ہوپ (۳۷؍رن) اور روسٹن چیز (۱۶؍ رن) بھی بڑی اننگز نہ کھیل سکے۔ شرفین ردرفورڈ نے ۶۱؍ گیندوں پر۳؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ٹیم کے لیے سب سے زیادہ۵۵؍ رنز بنائے۔
آخری اوورز میں روماریو شیفرڈ اور جسٹن گریوز نے جارحانہ بیٹنگ کی اور آخری ۳؍ اوورس میں ۳۷؍ رنز اسکور کیے، مگر ٹیم کو جیت نہ دلا سکے۔ ویسٹ انڈیز ۵۰؍  اوورز میں ۶؍ وکٹ پر ۲۶۲؍رنز بنا سکی اور میچ ۷؍ رنز سے ہار گئی۔ ۱۱۹؍ رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے ڈیریل مچل کوپلیئر آف دی میچ  قرار دیا گیا۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ۷؍ وکٹ پر۲۶۹؍ رنز کا چیلنجنگ اسکور کیا۔ ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا۔ نیوزی لینڈ کی شروعات اچھی نہ رہی اور۲۴؍رن   کے مجموعی اسکور پر دو وکٹ گر گئیں۔ مشکل صورتحال میں ڈیریل مچل نے ڈیوون کانوے کے ساتھ مل کر اننگز سنبھالی اور تیسرے وکٹ کے لیے ۶۷؍ رنز جوڑے۔ ۱۹؍ویں اوور میں جسٹن گریوز نے کانوے (۴۹؍رن) کو آؤٹ کر کے یہ شراکت ختم کر دی۔

یہ بھی پڑھئے:انڈیا اے نے جنوبی افریقہ اے کو ۹؍ وکٹ سے شکست دے دی

ڈیریل مچل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھی، مگر دوسرے بلے باز ویسٹ انڈیز کی عمدہ بولنگ کے سامنے جدوجہد کرتے رہے۔ ٹام لاتھم  (۱۸؍رن)، مائیکل بریسویل (۳۶؍رن) اور کپتان مچل سینٹنر  ۱۱؍ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ ۵۰؍ اوورز میں ۷؍ وکٹ کے نقصان پر ۲۶۹؍ رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیدن سیلز نے ۳؍ وکٹیں حاصل کئے، میتھیو نے ۲، جبکہ روسٹن چیز اور جسٹن گریوز نے ایک، ایک وکٹ لیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK