Inquilab Logo Happiest Places to Work

پیلے کی۱۹۵۸ء فیفاورلڈ کپ فائنل میں پہنی گئی جرسی ۴ء۹؍ ملین امریکی ڈالر میں نیلام

Updated: July 18, 2026, 8:02 PM IST | New York

برازیل کے لیجنڈری فٹبالر پیلے کی ۱۹۵۸ءفیفا ورلڈ کپ فائنل میں پہنی گئی تاریخی جرسی نیلامی میں ۴ء۹؍ ملین امریکی ڈالر میں فروخت ہو کر نئی تاریخ رقم کر گئی۔ یہ جرسی، جس میں ۱۷؍ سالہ پیلے نے دو گول کر کے برازیل کو پہلا عالمی کپ جتوایا تھا، اب ان سے منسلک سب سے قیمتی یادگار بن گئی ہے۔

Famous footballer Pele`s jersey. Photo: INN
مشہور فٹبالر پیلے کی جرسی۔ تصویر: آئی این این

برازیل کے عظیم فٹبالر پیلے کی وہ تاریخی جرسی جو انہوں نے ۱۹۵۸ءکے فیفا عالمی کپ کے فائنل میں پہنی تھی اور جس میں انہوں نے دو گول کئے تھے، نیلامی میں ۴ء۹؍ملین امریکی ڈالر(تقریباً ۴۷؍ کروڑ ۱۷؍ لاکھ روپے) میں فروخت ہوئی ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سوتھبیز نے کہا ہے کہ یہ پیلے سے منسلک اب تک کی سب سے قیمتی یادگار بن گئی ہے۔ نمبر۱۰؍ والی یہ مشہور جرسی اس وقت پیلے نے پہنی تھی جب محض۱۷؍ برس کی عمر میں انہوں نے میزبان سویڈن کے خلاف فائنل میں دو گول اسکور کئے اور برازیل کو۲۔ ۵؍سے فتح دلا کر تاریخ کا پہلا فیفا عالمی کپ جتوایا۔

یہ بھی پڑھئے: برازیل کے عظیم فٹبالر پیلے کی ۱۹۵۸ء ورلڈ کپ کی جرسی نیلامی کے لیے تیار

سوتھبیز کے مطابق اس جرسی کیلئےپانچ سے زائد بولی دہندگان کی جانب سے مجموعی طور پر۱۰؍ بولیاں لگائی گئیں۔ یہ جرسی نیلامی کی تاریخ میں فروخت ہونے والی دوسری سب سے مہنگی فٹبال جرسی بن گئی ہے۔ اس سے زیادہ قیمت صرف ارجنٹائنا کے عظیم کھلاڑی ڈیاگو میراڈونا کی ۱۹۸۶ءعالمی کپ کے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کے خلاف پہنی گئی جرسی کو ملی تھی جو۲۰۲۲ء میں ۹ء۳؍ ملین امریکی ڈالر میں فروخت ہوئی تھی۔ اسی میچ میں میراڈونا نے اپنا مشہور زمانہ ’’ہینڈ آف گاڈ‘‘ گول بھی کیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: فیفا ورلڈ کپ فائنل سے قبل اسپین نے ریفری پر سوال اٹھائے

پیلے ۲۰۲۲ءمیں ۸۲؍ برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ وہ آج بھی فیفا عالمی کپ کے فائنل میں گول کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی ہیں۔ سوتھبیز کے مطابق یہی جرسی اس سے قبل۲۰۰۴ء میں ایک نیلامی میں ۷۰؍ ہزار ۵۰۵؍برطانوی پاؤنڈ میں فروخت ہوئی تھی۔ پیلے نے برازیل کو۱۹۵۸ء، ۱۹۶۲ء اور ۱۹۷۰ء کے عالمی کپ جتوائے اور وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے بطور کھلاڑی تین مرتبہ فیفا عالمی کپ جیتنے کا منفرد اعزاز حاصل کیا۔ ۱۹۵۸ء کے عالمی کپ میں انہوں نے مجموعی طور پر۶؍ گول اسکور کئے جن میں فائنل کے دو گول بھی شامل تھے۔ ۱۹۶۲ءکے عالمی کپ میں اگرچہ وہ صرف ایک گول کر سکے لیکن برازیل نے چیکوسلواکیہ کو ۱۔ ۳ ؍سے شکست دے کر مسلسل دوسرا عالمی اعزاز اپنے نام کیا۔ ۱۹۷۰ءکے عالمی کپ کے فائنل میں پیلے نے اٹلی کے خلاف برازیل کی ۱۔ ۴؍کی کامیابی میں پہلا گول کیا جبکہ پورے ٹورنامنٹ میں انہوں نے مجموعی طور پر ۴؍گول اسکور کئے۔ کینسر سے طویل جدوجہد کے بعد ان کا۲۰۲۲ء میں ۸۲؍ برس کی عمر میں انتقال ہوا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK