خطے میں امن و امان پر زور دیا، توانائی سلامتی کو ہندوستان کی ترجیح قرار دیا۔
EPAPER
Updated: March 20, 2026, 10:54 AM IST | New Delhi
خطے میں امن و امان پر زور دیا، توانائی سلامتی کو ہندوستان کی ترجیح قرار دیا۔
مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے درمیان وزیر اعظم مودی نے جمعرات کو عمان، فرانس، ملائیشیا اور اردن کے لیڈروںسے بات چیت کی۔ گفتگو کے دوران وزیر اعظم مودی نے سفارت کاری اور علاقائی استحکام کے لئے ہندوستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے عمان کے سلطان کے ساتھ ہونے والی بات چیت سے متعلق ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’میں نے اپنے بھائی سلطان ہیثم بن طارق کے ساتھ ایک مفید گفتگو کی اور عمان کے عوام کو پیشگی عید کی مبارکباد دی۔ ہم اس بات پر متفق ہوئے کہ کشیدگی میں کمی اور بعد ازاں امن و استحکام کی بحالی کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دینا ضروری ہے۔ عمان کی خودمختاری، امن و امان اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی ہندوستان کی مذمت کو دہرایا اور ہندوستانی شہریوں سمیت ہزاروں افراد کی بحفاظت واپسی میں عمان کی کوششوں کو سراہا۔ ہندوستان اور عمان آبنائے ہرمز کے ذریعے محفوظ اور آزادانہ بحری نقل و حمل کے حامی ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ایل پی جی بحران مزید گہرا، کہیں فیکٹریز بند، کہیں لکڑیو ں پر کھانا پکانا مجبوری
وزیر اعظم مودی نے فرانس کے صدر ایمانوئل میکروں سے بھی بات چیت کی۔ انہوں نے ایکس پر لکھا کہ ’’میں نے اپنے عزیز دوست صدر ایمانوئل میکروں سے مغربی ایشیا کی صورتحال اور کشیدگی میں فوری کمی کے ساتھ ساتھ مذاکرات اور سفارت کاری کی طرف واپسی کی ضرورت پر بات کی اور اس امید کا ظہار کیا کہ خطے میں امن قائم ہو گا اور اس میں ہندوستان اور فرانس اپنا اپنا کردار ادا کریںگے۔‘‘
مودی نے ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم سے بھی بات کی۔ انہوں نے اس گفتگو کے تعلق سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’میں نے اپنے دوست ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے بات کی، انہیں اور ملائیشیا کے عوام کو آنے والے تہوا ر عیدالفطر کی دلی مبارکباد دی۔ ہم نے مغربی ایشیا کی انتہائی تشویشناک صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا، مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے کشیدگی میں کمی اور امن و استحکام کی جلد بحالی کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ’’جنگ متاثرہ علاقوں سے شہریوں کے انخلا کیلئے ہندوستانی سفارتی مشن کمر بستہ ہے‘‘
وزیر اعظم مودی نے اردن کے بادشاہ سے بھی بات چیت کی۔ انہوں نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’میں نے اپنے بھائی اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم کو فون پر پیشگی عید کی مبارکباد دی۔ ہم نے مغربی ایشیا میں بدلتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کی جلد بحالی کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی ضرورت پر زور دیا۔ ہندوستان اور اردن سامان اور توانائی کی بلا رکاوٹ ترسیل کی حمایت کرتے ہیں۔‘‘