Updated: December 16, 2025, 8:04 PM IST
| Indore
تیراکی میں تین بین الاقوامی گولڈ میڈل جیتنے والے عبدالقادر ۱۱؍ سال قبل اپنے دونوں ہاتھ گنوانے کے بعد بھی پرعزم ہیں۔رتلام کے عبدالقادر نے اپنے ہاتھوں کے بغیر دبئی میں تیراکی کے مقابلے کے دوران ہندوستانی پرچم لہرایا، پیرا یوتھ ایشین گیمز میں تین گولڈ سمیت چار تمغے جیتے۔
عبدالقادر۔ تصویر:آئی این این
ہندوستان کے پہلے پیرالمپک میڈلسٹ مرلی کانت پیٹکر کی زندگی پر مبنی فلم ’چندو چیمپئن‘ آپ نے دیکھی ہوگی۔ اس میں ایک فوجی کی جنگ میں معذور ہونے اور اولمپک گولڈ میڈل جیتنے کے بعد تیراک بننے کی سچی کہانی کو دکھایا گیا ہے۔ رتلام سے تعلق رکھنے والے عبدالقادر بھی ایسی ہی ایک سچی کہانی تخلیق کر رہے ہیں۔ رتلام کے تیراک عبدالقادر نے دبئی میں منعقدہ ایشین یوتھ پیرا لمپک گیمز میں تین گولڈ اور ایک کانسہ سمیت ۴؍ تمغے جیتے ہیں۔ عبدالقادر نے اپنے ہاتھوں کے بغیر تیراکی میں اپنا کریئر بنایا ہے۔
۲۰۱۴ءمیں، عبدالقادر اپنے گھر کی چھت پر کھیلتے ہوئے ہائی ٹینشن تاروں سے ٹکرا کر اپنے دونوں ہاتھ گنوا بیٹھے۔ دونوں ہاتھ گنوانے کے باوجود عبدالقادر پرعزم رہا۔ عبدالقادر کی جدوجہد لکھنے اور اپنے پیروں سے روزمرہ کے کام انجام دینے سے شروع ہوئی۔ انہوں نے تیراکی کو اپنے کریئر کے طور پر منتخب کیا جو ایک چیلنجنگ کھیل ہے اور آج انہوںنے قومی اور بین الاقوامی پیراسپورٹس مقابلوں میں درجنوں تمغے جیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:شاندار کامیابی: ویلڈر کے فرزند عبداللہ نے کانسہ کا تمغہ جیتا
وہ ۱۱؍ سال قبل ایک حادثے میں اپنے دونوں ہاتھ گنوا بیٹھے تھے
۱۱؍ سال قبل۲۰۱۴ء میں،۷؍ سالہ عبدالقادر پتنگ لینے چھت پر گئے، جہاں وہ ہائی ٹینشن لائن سے ٹکرا گئے۔ جب انفیکشن پھیل گیا تو ڈاکٹرس کو عبدالقادر کے دونوں ہاتھ کاٹنا پڑے۔ عبدالقادر کے والد حسین اندوری اور والدہ فاطمہ اس مشکل وقت میں بہت غمگین اور صدمے سے دوچار تھے لیکن ننھے عبدالقادر کی زندہ دل اور اسکول واپسی کے عزم نے انہیں نئی ہمت دی۔۷؍ سالہ عبدالقادر نے اسپتال میں داخل ہونے کے دوران اپنے پیروں سے لکھنا، کھانا پینا اور روزمرہ کے کام کرنا سیکھا۔صرف چند دنوں کی مشق کے ساتھ، وہ ایک اچھے تیراک بن گئے۔پیرا ایتھلیٹس کو ٹی وی پر تیراکی کرتے دیکھ کر عبدالقادر میں امید پیدا ہوئی اور انہوں نے تیراکی میں اپنا کریئر بنانے کا فیصلہ کیا۔ ان کے والد حسین اندوری اور رتلام کے تیراکی کے کوچ راجہ نے عبدالقادرکو تیراکی سکھانے کی کوشش کی اور انہوں نے تیراکی سیکھی۔
یہ بھی پڑھئے:بارہمولہ سے آئی پی ایل تک: عاقب نبی، جنہیں دہلی کیپٹلز نے۴۰ء۸؍ کروڑ میں خریدا
عبدالقادر کے کوچ، راجہ نے کہا کہ ’’چند ہی دنوں میں، عبدالقادر نے تیراکی میں عام بچوں کو بھی ہرانا شروع کر دیا۔ پچھلے سال انہوں نے عام تیراکوں کے قومی مقابلے میں سونے کا تمغہ بھی جیتا تھا۔‘‘