Updated: December 16, 2025, 3:31 PM IST
|
Agency
| Madrid
کیلین ایمباپے نے اتوار کی دیر رات کھیلے گئے میچ میں ریئل میڈرڈ کیلئے اشاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
کیلیان ایمباپے گول کرنے کے بعد ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ خوشی مناتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
کیلین ایمباپے نے اتوار کی دیر رات کھیلے گئے میچ میں ریئل میڈرڈ کیلئے اشاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ چوٹ سے واپسی کرتے ہوئے انہوں نے رئیل میڈرڈ کیلئے گول کیا، جس کی بدولت ان کی ٹیم نے ہسپانوی فٹبال لیگ لا لیگا میں الاویز کو ایک کے مقابلے ۲؍ سے شکست دے دی۔
ریئل میڈرڈ کی جانب سے روڈریگو نے بھی ایک گول کیا۔ اس جیت کے ساتھ میڈرڈ پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست بارسلونا سے صرف ۴؍ پوائنٹس پیچھے رہ گیا ہے۔ریئل میڈرڈ نے تمام مقابلوں میں اپنے گزشتہ ۸؍ میچوں میں سے صرف ۲؍ میں کامیابی حاصل کی تھی۔ چمپئن لیگ میں مانچسٹر سٹی کے خلاف دو ایک کی گھریلو شکست کے بعد ٹیم اور کوچ الونسو کو سینٹیاگو برنابیو اسٹیڈیم میں شائقین کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس میچ میں ایمباپے معمولی چوٹ کے باعث نہیں کھیل سکے تھے لیکن اتوار کی رات الاویز کے خلاف انہوںنے شاندار واپسی کرتے ہوئے پہلے ہاف کے ۲۴؍ویں منٹ میں شاندار گول کیا۔ یہ تمام مقابلوں میں میڈرڈ کے لئے ایمباپے کا سیزن کا ۲۶؍واں گول تھا۔الاویز نے ۶۸؍ویں منٹ میں کارلوس ویسینٹ کے گول سے اسکور ایک ایک گول سے برابر کردیا تھالیکن ونیسیس جونیئر کی شاندار دوڑ اور تعاون کے بعد روڈریگو نے قریب سے گول کر کے میزبان ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلادی۔