• Fri, 02 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ریئل میڈرڈ کے مداحوں کو جھٹکا، ایمباپے ۳؍ ہفتوں کیلئے میدان سے باہر!

Updated: January 02, 2026, 3:29 PM IST | Agency | Madrid

ٹیم کے اسٹار فارورڈ کھلاڑی کو گھٹنے میں تکلیف کی وجہ سے آرام کا مشورہ دیا گیا، کئی اہم مقابلوں میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔

While fans are disappointed by Kylian Mbappe`s injury, the team is also likely to suffer. Picture: INN
کیلیان ایمباپے کے زخمی ہونے کی وجہ سے جہاں مداحوں میں مایوسی ہے وہیں ٹیم کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ تصویر: آئی این این
نئے سال کی شام پر ریئل میڈرڈ کو ایک بڑا جھٹکا لگا ہے۔ ٹیم کے اسٹار فارورڈ کیلیان ایمباپے اگلے کچھ میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ ایمباپے کے بائیں گھٹنے میں چوٹ لگی ہے۔ ہسپانوی کلب نے گزشتہ روز بتایا کہ فرانسیسی سپر اسٹار کے گھٹنے میں موچ آگئی ہے۔ کلب نے ان کی واپسی کے لئے کسی حتمی وقت کا اعلان نہیں کیا ہے۔کلب نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا’’ریئل میڈرڈ کی میڈیکل ٹیم نے کیلیان ایمباپے کے ٹیسٹ کئے ہیں، جن میں ان کے بائیں گھٹنے میں موچ کی تشخیص ہوئی ہے۔ ان کی صحت یابی پر نظر رکھی جائے گی۔مشہور فرانسیسی اخبار ’لایکویپ‘ کے مطابق ایمباپے کم از کم ۳؍ ہفتوں تک دستیاب نہیں ہوں گے۔ وہ گزشتہ کئی ہفتوں سے گھٹنے کے لیٹرل لیگامنٹ کی تکلیف کا شکار تھے، جس کا انکشاف بدھ کی صبح ہونے والے ایم آر آئی میں ہوا ہے۔ اب انہیں باقاعدہ علاج اور آرام کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ کیلیان ایمباپے کی انجری ریئل میڈرڈ کے لئے بہت بڑا نقصان ہے کیونکہ وہ بہترین فارم میں ہیں۔ انہوں نے ۲۰۲۵ء میں میڈرڈ کے لئے اپنا ۵۹؍واں گول اسکور کر کے کرسٹیانو رونالڈو کے ایک کیلنڈر سال میں کلب کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے کے ریکارڈ کی برابری کر لی ہے۔ چوٹ کی وجہ سے ایمباپے بدھ کو سال کے آخری ٹریننگ سیشن میں بھی حصہ نہیں لے سکے۔ خدشہ ہے کہ وہ ریئل میڈرڈ کے درج ذیل اہم میچوں میں شریک نہیں ہو پائیں گے جن میںریئل بیٹس اور لیوانتے کے خلاف ۲؍ لیگ میچز،۸؍ جنوری کو جدہ (سعودی عرب) میں ایٹلیٹیکو میڈرڈ کے خلاف اسپینش سپر کپ کا سیمی فائنل بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ موناکو کے خلاف چمپئن لیگ کا میچ بھی ان سے چھوٹ سکتا ہے۔ایمباپے ریئل میڈرڈ کےلئے ایک غیر معمولی سیزن گزار رہے ہیں۔ انہوں نے تمام مقابلوں کے مجموعی ۲۴؍میچوں میں ۲۹؍ گول کئے ہیں اور ۵؍ اسسٹ فراہم کئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK