Updated: August 26, 2026, 9:04 PM IST
| Riyadh
کرسٹیانو رونالڈو کے لیے سعودی پرو لیگ کا تازہ ترین میچ مایوس کن رہا، جہاں النصر کے کپتان کو میچ کے پہلے ہاف کے فوراً بعد میدان سے باہر بلا لیا گیا۔ رونالڈو اس فیصلے پر واضح طور پر ناراض دکھائی دیے، لیکن ان کی غیر موجودگی کے باوجود النصر نے الاطفاق کو۲۔۳؍گول سے شکست دے کر شاندار واپسی کی۔
کرسٹیانو رونالڈو۔ تصویر:ایکس
کرسٹیانو رونالڈو کے لیے سعودی پرو لیگ کا تازہ ترین میچ مایوس کن رہا، جہاں النصر کے کپتان کو میچ کے پہلے ہاف کے فوراً بعد میدان سے باہر بلا لیا گیا۔ رونالڈو اس فیصلے پر واضح طور پر ناراض دکھائی دیے، لیکن ان کی غیر موجودگی کے باوجود النصر نے الاطفاق کو۲۔۳؍گول سے شکست دے کر شاندار واپسی کی۔ یہ رواں سیزن میں رونالڈو کی النصر کے لیے پہلی شروعات تھی۔ ٹیم کو پہلے ہی بڑا دھچکا اس وقت لگا جب گول کیپر بینٹو کو ۱۲؍ ویں منٹ میں ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا اور النصر کو۱۰؍ کھلاڑیوں تک محدود ہونا پڑا۔
یہ بھی پڑھئے:سنی دیول کی’’باپ‘‘ کی نئی جھلک جاری، زی اسٹوڈیوز نے ۲۰؍سے زائد فلموں کا اعلان کر دیا
الاطفاق نے اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پہلے ہاف میں اونڈری دودا اور الوارو میدران کے گول کی مدد سے ۰۔۲؍گول کی برتری حاصل کرلی۔ ہاف ٹائم کے بعد کوچ اینژ پوسٹیکوگلو نے رونالڈو کو میدان سے باہر بلا لیا۔ رونالڈو اس فیصلے سے ناخوش نظر آئے اور بینچ کی جانب جانے کے بجائے براہ راست اندر چلے گئے۔
پوسٹیکوگلو نے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ رونالڈو نے پہلے ہاف میں اچھا کام کیا، لیکن۱۰؍ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے دوسرے ہاف کے لیے مختلف حکمت عملی کی ضرورت تھی۔ان کے مطابق رونالڈو نے حالیہ عرصے میں زیادہ فٹبال نہیں کھیلا تھا، اس لیے ٹیم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے متبادل کھلاڑیوں سے زیادہ اثر پیدا کرنے کی امید تھی۔ رونالڈو کے میدان سے باہر جانے کے بعد النصر نے حیران کن انداز میں مقابلہ اپنے نام کرلیا۔ سادیو مانے نے ۷۴؍ویں منٹ میں گول کرکے خسارہ کم کیا۔ صرف تین منٹ بعد عبداللہ الامری نے ہیڈر کے ذریعے اسکور ۲۔۲؍گول کردیا۔میچ کے آخری لمحات میں مانے نے دوبارہ گول کرکے النصر کو ۲۔۳؍گول کی فیصلہ کن برتری دلا دی۔ یوں ۱۰؍ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے والی النصر نے دو گول کے خسارے سے شاندار واپسی مکمل کی۔
یہ بھی پڑھئے:کپل دیو نے عمران خان کی حمایت میں کہا: ’’میں اپنے دوست کی حمایت کرنا چاہتا ہوں‘‘
اس کامیابی کے ساتھ النصر نے سعودی پرو لیگ کے نئے سیزن میں تین میچوں میں تین فتوحات حاصل کرلی ہیں اور اپنی ۱۰۰؍ فیصد کامیابی کا ریکارڈ برقرار رکھا ہے۔ دوسری جانب میچ کا سب سے زیادہ زیرِ بحث موضوع النصر کی کامیابی سے زیادہ رونالڈو کا متبادل بنائے جانے پر ردعمل رہا۔ پرتگالی اسٹار کی غیر موجودگی میں ٹیم نے جس طرح مقابلہ پلٹا، اس نے کوچ پوسٹیکوگلو کے مشکل فیصلے کو بھی کامیاب ثابت کردیا۔