• Fri, 06 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

رونالڈو کے ریٹائرمنٹ کے اعلان نے ۲۴؍ گھنٹوں میں میسی سے زیادہ توجہ حاصل کرلی

Updated: November 06, 2026, 8:07 PM IST | New Delhi

رونالڈو کے اعلان کی ویڈیو نے ابتدائی ۲۴؍ گھنٹوں کے اندر ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کی الوداعی پوسٹ کے مقابلے میں زیادہ لائکس، تبصرے اور شیئرز حاصل کیے ہیں۔ اس طرح فٹبال کے ان دونوں عظیم کھلاڑیوں کے درمیان میدان سے باہر سوشل میڈیا کی مقبولیت کا مقابلہ بھی ایک بار پھر موضوعِ بحث بن گیا ہے۔

Messi And Ronaldo.Photo:INN
میسی اور رونالڈو۔ تصویر:آئی این این

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے اعلان نے سوشل میڈیا پر غیر معمولی مقبولیت حاصل کرلی ہے۔ ان کے اعلان کی ویڈیو نے ابتدائی ۲۴؍ گھنٹوں کے اندر ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی   کی الوداعی پوسٹ کے مقابلے میں زیادہ لائکس، تبصرے اور شیئرز حاصل کیے ہیں۔ اس طرح فٹبال کے ان دونوں عظیم کھلاڑیوں کے درمیان میدان سے باہر سوشل میڈیا کی مقبولیت کا مقابلہ بھی ایک بار پھر موضوعِ بحث بن گیا ہے۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، رونالڈو نے جمعرات ۵؍ نومبر کو پرتگال کی قومی ٹیم کے ساتھ اپنے۲۳؍ سالہ بین الاقوامی کریئر کے اختتام کا اعلان کیا۔ ان کی انسٹاگرام ویڈیو کو ۲۴؍ گھنٹے سے بھی کم وقت میں تقریباً ۴۵۵؍ ملین مرتبہ دیکھا گیا، جب کہ اسے ۳۲ ؍ملین لائکس، ۳۲ ؍لاکھ تبصرے اور ۶۲ ؍لاکھ ری پوسٹس حاصل ہوئیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:وجے سیتھوپتی ۵۴ویں انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز میں ایوارڈ پیش کریں گے

رپورٹ کے مطابق لیونل میسی کی بین الاقوامی فٹبال سے سبکدوشی کے اعلان پر مبنی پوسٹ کو اب تک ۴۶۰؍ ملین سے زیادہ مرتبہ دیکھا جاچکا ہے، جو رونالڈو کی ویڈیو کے ۴۵۵ ؍ملین ویوز سے کچھ زیادہ ہیں۔ تاہم دیگر اہم پیمانوں پر رونالڈو کی پوسٹ آگے رہی۔ میسی کی پوسٹ کو تقریباً ۲۰ ؍ملین لائکس، ۸ ؍لاکھ ۹۲ ؍ہزار تبصرے اور ۲۶ ؍لاکھ ری پوسٹس ملے تھے، جب کہ رونالڈو نے ان تینوں زمروں میں زیادہ ردعمل حاصل کیا۔ اس طرح ویوز کے معاملے میں میسی کی پوسٹ آگے ہونے کے باوجود لائکس، تبصروں اور شیئرز کی تعداد نے رونالڈو کے اعلان کو زیادہ مقبول بنا دیا۔ ۴۱ ؍سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے پرتگال کی قومی ٹیم کے لیے اپنا بین الاقوامی سفر ۲۰۰۳ء میں شروع کیا تھا۔ اس دوران انہوں نے ۲۳۴ ؍میچ کھیلے اور ۱۴۶ ؍گول اسکور کیے، جو مردوں کے بین الاقوامی فٹبال میں انفرادی ریکارڈ ہیں۔ انہوں نے پرتگال کو ۲۰۱۶ء میں یورو کپ جتانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ ۲۰۱۹ء اور ۲۰۲۵ء میں یوئیفا نیشنز لیگ کے خطابات بھی حاصل کیے۔ رونالڈو نے اپنے کریئر میں چھ ورلڈ کپ مقابلوں میں گول اسکور کیے، تاہم وہ پرتگال کو عالمی کپ کا خطاب نہیں دلا سکے۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے اعلان کے ساتھ ہی پرتگال کی قومی ٹیم کے لیے ان کا طویل اور ریکارڈ ساز سفر اختتام پذیر ہوگیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:غزہ میں ایک ہزار سے زائد شہید کھلاڑیوں کی یاد میں فٹ بال ٹورنامنٹ کا فائنل

دوسری جانب لیونل میسی نے بھی اسی سال ارجنٹائنا کی قومی ٹیم کے لیے اپنے بین الاقوامی کریئر کے اختتام کا اعلان کیا۔ میسی نے ارجنٹائنا کی جانب سے ۲۰۸؍ میچ کھیلے، جن میں ۱۲۶؍گول اسکور کیے اور ۶۷ ؍گول کرنے میں ساتھی کھلاڑیوں کی مدد کی۔ ان کی قیادت میں ارجنٹائنا  نے ۲۰۲۲ء کا فیفا ورلڈ کپ اور دو کوپا امریکہ خطابات جیتے۔ رونالڈو اور میسی دونوں نے دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک عالمی فٹبال پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور کئی نسلوں کے شائقین کو متاثر کیا۔ 
رونالڈو اور میسی کی بین الاقوامی ریٹائرمنٹ کا مطلب یہ نہیں کہ دونوں نے پیشہ ورانہ فٹبال بھی چھوڑ دیا ہے۔ دونوں کھلاڑی اپنے کلب کی سطح پر کھیل جاری رکھ سکتے ہیں۔ رونالڈو کی پرتگال کے لیے خدمات اور میسی کی ارجنٹائنا کے ساتھ کامیابیاں عالمی فٹبال کی تاریخ کا اہم حصہ رہیں گی۔ سوشل میڈیا پر رونالڈو کے اعلان کو ملنے والا زبردست ردعمل اس بات کا اظہار ہے کہ ان کی شخصیت اور کھیل نے دنیا بھر میں کتنی بڑی تعداد میں شائقین کو متاثر کیا ہے۔ اگرچہ ویوز کے معاملے میں میسی کی پوسٹ اب بھی آگے ہے، لیکن ابتدائی ۲۴ ؍گھنٹوں میں مجموعی صارفین کے ردعمل کے کئی اہم پیمانوں پر رونالڈو نے برتری حاصل کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK