• Sun, 25 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سرفراز نے ڈبل سنچری کا کریڈٹ اظہر الدین کو دیا

Updated: January 25, 2026, 11:51 AM IST | Hyderabad

کہا کہ میچ سے ایک دن قبل انہوں نے اظہر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی تھی، اس دوران اظہر نے کئی قیمتی مشورے دئیے جن کی مدد سے وہ میچ میں ڈبل سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔ بلے بازی میں خود اعتمادی کیلئے ممبئی کے کپتان سوریہ کمار یادو کو کریڈٹ دیا۔

Sarfaraz Khan with former captain and legendary cricketer Mohammad Azharuddin. Photo: INN
سرفراز خان سابق کپتان اور لیجنڈ کرکٹر محمد اظہر الدین کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این

کہتے ہیں کہ تجربہ کا کوئی نعم البدل نہیں ہوتا اور جب مشورہ محمد اظہر الدین جیسے لیجنڈری بلے باز کا ہو تو میدان میں ریکارڈس کا بننا اور ٹوٹنا یقینی ہے۔ ممبئی کے نوجوان اسٹار بلے باز سرفراز خان نے رنجی ٹرافی میں حیدرآباد کے خلاف ۲۲۷؍ رنز کی جو ہمالیائی اننگز کھیلی اس کی بنیاد میچ سے عین قبل ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور تلنگانہ کے وزیراقلیتی بہبودمحمد اظہر الدین کے ساتھ ہونے والی ایک بامعنی اوریادگارملاقات نے رکھی۔ سرفراز نے اپنی اس کامیابی کا مکمل سہرا سابق کپتان کی آخری لمحات کی نصیحت کے سر باندھ دیا ہے۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں جو خود اظہر الدین کا ہوم گراؤنڈ ہے پرکھیلتے ہوئے سرفراز خان نے حیدرآباد کے گیند بازوں کی دھجیاں اڑا دیں۔ اپنی ڈبل سنچری کے دوران سرفراز نے نہ صرف ۱۹؍ چوکے اور ۹؍چھکے لگائے بلکہ ۱۰۳؍ کے ناقابل یقین اسٹرائیک ریٹ سے بلے بازی کر کے یہ ثابت کیا کہ وہ اس وقت بہترین فارم میں ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے یہ رنز محمد سراج جیسے خطرناک اوران فارم فاسٹ گیند بازکے سامنے بنائے۔ محمد سراج پہلی مرتبہ اپنی ہوم ٹیم حیدرآباد کی قیادت کررہے تھے۔ 

یہ بھی پڑھئے: رنجی ٹرافی: سرفراز خان کی شاندار ڈبل سنچری، ممبئی نے حیدرآباد پر شکنجہ کسا

سرفراز خان، جو ہمیشہ سے اظہر الدین کی اسٹائلش بیٹنگ کے مداح رہے ہیں، کے لئے یہ لمحہ کسی خواب سے کم نہ تھا کہ جس کھلاڑی کو وہ بچپن سے آئیڈیل مانتے تھے، اسی کے مشورے پر عمل کر کے انہوں نے انہی کے شہر میں تاریخی اننگز کھیلی۔ سرفراز کی اس اننگز کی بدولت ممبئی نے ۵۶۰؍ رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا، لیکن شہ سرخیوں میں سرفراز کا وہ جذبہ چھایا ہوا ہے جو انہیں اظہر الدین کی رہنمائی سے ملا۔ سرفراز خان نے اس میچ سے پہلے محمد اظہرالدین سے ان کے دفتر میں ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کے دوران اظہرالدین نے انہیں اہم مشورے دیئے۔ سرفراز خان نے کہا کہ وہ اظہرالدین کو کھیلتے ہوئے دیکھ کربڑے ہوئے۔ ان کے والد ہمیشہ اظہرالدین کے ویڈیوز ان کو دکھایا کرتے تھے۔ یہ ملاقات تقریبا دوگھنٹے تک ہوئی۔ اظہرالدین نے انہیں بتایا کہ اُپل اسٹیڈیم کی پچ پر گیند کس طرح ریورس سوئنگ ہوتی ہے اوراس کے خلاف کس طرح کھیلنا چاہئے۔ انہوں نے مجھے سمجھایا کہ ایسے میں کیسے کھیلنا ہے اور اِن سوئنگ کے لیے پچ پر کہاں کھڑا ہونا ہے۔ لیگ اسٹمپ کے تعلق سے بھی انہوں نے مجھے بہت سی باتیں بتائیں۔ وہ کھڑے ہو کر مختلف شاٹس کھیلنے کا طریقہ بھی سمجھانے لگے۔ انہوں نے بعض دیگر شاٹس کھیلنے کے تعلق سے بھی اہم مشورے دیئے۔ سرفرازنے کہا کہ اظہرالدین سےملاقات کرنے پر انہیں کافی خوشی ہوئی۔ ۲۸؍سالہ سرفراز، جو ممبئی کی بیٹنگ کا اہم ستون ہیں، نے انکشاف کیا کہ پچ اتنی آسان نہیں تھی۔ گیند کبھی کبھی نیچی رہ جا رہی تھی۔ اس وکٹ پر وہی رنز بنا سکتا ہے جو جارحانہ انداز میں کھیلے۔ میں نے اپنے کیریئر میں ریورس سوئنگ زیادہ نہیں کھیلی ہے۔ یہ اچھا ہوا کہ میں ایک دن پہلے اظہر سر کے پاس گیا۔ اس بارے میں اظہر الدین نے کہا کہ سرفراز بہت اچھا کھلاڑی ہے اس لئے مجھے کریڈٹ دے رہا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ کریڈٹ اسے ملنا چاہئے کیوں کہ بلے بازی اس نے کی ہے۔ اظہر نے اس بات کی بھی وکالت کی کہ سرفراز کو قومی ٹیم میں شامل کیا جانا چاہئے۔ 

یہ بھی پڑھئے: سرفراز خان کےفرسٹ کلاس میں ۵؍ ہزار رَن مکمل

دریں اثناءسرفراز نے گزشتہ ۲؍ ماہ سے زیادہ عرصے سے جاری فارم کا کریڈ ٹ ممبئی کے کپتان سوریہ کمار یادو کو دیا۔ سرفراز نے کہا کہ سوریہ نے انہیں اپنی پوزیشن پر بلے بازی کرنے کا موقع دیا۔ وہ ہمیشہ چوتھے نمبر پر کھیلتے ہیں لیکن سوریہ نے انہیں تیسرے نمبر پر بھیجا اور کہا کہ میں سیدھے بلے سے کھیلنے کی کوشش کروں۔ اس سے میرا اعتماد بڑھے گا۔ میں نے ان کے مشورے پر عمل اور گزشتہ ۲؍ سے ۳؍ ماہ سے مسلسل ہر ٹورنامنٹ میں رن بنارہا ہوں۔ سوریہ کمار یادو اپنی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو اسی طرح بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK