• Sun, 06 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ساتوک-چراغ نے پہلی بار چائنا ماسٹرز کا خطاب جیت لیا

Updated: September 06, 2026, 8:09 PM IST | Beijing

ہندوستان کی اسٹار مردوں کی ڈبلز جوڑی ساتوک سائی راج رنکی ریڈی اور چراغ شیٹی نے شاندار واپسی کرتے ہوئے پہلی بار چائنا ماسٹرز ۲۰۲۶ءکا خطاب اپنے نام کرکے تاریخ رقم کردی۔ بی ڈبلیو ایف سپر ۷۵۰؍ ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہندوستانی جوڑی نے چین کے ہے جی ٹنگ اور رین شیانگ یو کو۲۱۔۱۱، ۱۳۔۲۱، ۱۷۔۲۱؍ سے شکست دی۔

Satwik And Chirag.Photo:X
ساتوک اور چراغ۔ تصویر:ایکس

ہندوستان کی اسٹار مردوں کی ڈبلز جوڑی  ساتوک سائی راج رنکی ریڈی اور چراغ شیٹی  نے شاندار واپسی کرتے ہوئے پہلی بار  چائنا ماسٹرز ۲۰۲۶ءکا خطاب اپنے نام کرکے تاریخ رقم کردی۔ بی ڈبلیو ایف سپر ۷۵۰؍ ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہندوستانی جوڑی نے چین کے  ہے جی ٹنگ اور رین شیانگ یو  کو۲۱۔۱۱، ۱۳۔۲۱، ۱۷۔۲۱؍ سے شکست دی۔۷۰؍ منٹ تک جاری رہنے والے سنسنی خیز مقابلے میں ساتوک-چراغ نے پہلا گیم ہارنے کے بعد مسلسل دو گیم جیت کر خطاب اپنے نام کرلیا۔ ساتوک اور چراغ کے لیے یہ جیت اس لیے بھی خاص ہے کیونکہ اس سے قبل وہ اس باوقار ٹورنامنٹ میں دو بار فائنل تک پہنچ چکے تھے، لیکن ۲۰۲۳ء اور ۲۰۲۵ء میں انہیں رنر اَپ بن کر اکتفا کرنا پڑا تھا۔ ۲۰۲۴ ءمیں ہندوستانی جوڑی سیمی فائنل تک پہنچی تھی۔ اس بار انہوں نے فائنل میں چین کی جوڑی کو شکست دے کر بالآخر چائنا ماسٹرز کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔ اس کے ساتھ ہی وہ اس ٹورنامنٹ کا مردوں کا ڈبلز خطاب جیتنے والی  پہلی  ہندوستانی جوڑی  بن گئے ہیں۔


 فائنل کا آغاز ہندوستانی جوڑی کے لیے اچھا نہیں رہا۔ ہے جی ٹنگ اور رین شیانگ یو نے ابتدائی مرحلے میں ہی  ۰۔۵؍ کی برتری حاصل کرلی اور ساتوک-چراغ پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ ہندوستانی جوڑی نے واپسی کی کوشش کی، لیکن چینی کھلاڑی وقفے تک۵۔۱۱؍ سے آگے رہے۔ اس کے بعد بھی چین کی جوڑی نے اپنی برتری برقرار رکھی اور محض ۱۸؍ منٹ میں پہلا گیم  ۱۱۔۲۱؍ سے اپنے نام کرلیا۔

یہ بھی پڑھئے:شاہ رخ خان نے انڈرورلڈ کی دھمکیوں کے سامنے جھکنے سے انکار کر دیا

دوسرے گیم میں بھی چین نے ابتدا میں ۰۔۲؍ کی برتری حاصل کی، لیکن اس بار ساتوک اور چراغ نے جلد ہی اپنی رفتار حاصل کرلی۔ ہندوستان جوڑی نے اسکور ۳۔۳؍ اور پھر ۶۔۶؍ سے برابر کیا۔ اس کے بعد ساتوک کے طاقتور اسمیش اور چراغ کے جارحانہ کھیل نے میچ کا رخ بدل دیا۔ ہندوستانی جوڑی وقفے کے وقت ۷۔۱۱؍ سے آگے تھی اور بعد میں اس کی برتری ۱۱۔۱۷؍ تک پہنچ گئی۔ چین کی جوڑی نے واپسی کی کوشش کی، لیکن ساتوک-چراغ نے دباؤ برقرار رکھتے ہوئے گیم  ۱۳۔۲۱؍ سے جیت لیا اور مقابلہ فیصلہ کن گیم تک پہنچ گیا۔

یہ بھی پڑھئے:یوکی بھامبری اور این سری رام بالاجی یو ایس اوپن کے پہلے راؤنڈ سے باہر

تیسرے اور فیصلہ کن گیم میں چین کی جوڑی نے ایک بار پھر تیز آغاز کرتے ہوئے ۰۔۴؍ کی برتری حاصل کرلی  تاہم ساتوک اور چراغ نے صبر کا دامن نہیں چھوڑا اور مسلسل پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے اسکور برابر کردیا۔ مقابلہ انتہائی قریبی رہا، لیکن فیصلہ کن لمحات میں ہندوستانی جوڑی نے بہتر کنٹرول اور جارحیت کا مظاہرہ کیا۔ آخر میں مسلسل اہم پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے انہوں نے فیصلہ کن گیم ۱۷۔۲۱؍ سے جیت لیا اور  چائنا ماسٹرس ۲۰۲۶ء  اپنے نام کرلیا۔چائنا ماسٹرز کی فتح ۲۰۲۶ءمیں ساتوک-چراغ کا  دوسرا خطاب  ہے۔ اس سے قبل ہندوستانی جوڑی نے سنگاپور اوپن سپر ۷۵۰؍ کا خطاب جیتا تھا۔ اس کے علاوہ وہ تھائی لینڈ اوپن سپر۵۰۰؍  کے فائنل میں بھی پہنچی تھی۔ موجودہ سیزن میں ان کی مستقل مزاجی اور بڑے مقابلوں میں واپسی کرنے کی صلاحیت ایک بار پھر دیکھنے کو ملی ہے۔ اس تاریخی فتح کے ساتھ ساتوک سائی راج رنکی ریڈی اور چراغ شیٹی نے اپنے کریئر کا بی ڈبلیو ایف ورلڈ کپ ٹور ۱۰؍واں  خطاب بھی حاصل کرلیا۔ یہ کامیابی ہندوستانی بیڈمنٹن کے لیے بھی انتہائی اہم ہے اور دونوں کھلاڑیوں کی دنیا کی سرفہرست مردوں کی ڈبلز جوڑیوں میں مضبوط حیثیت کو ظاہر کرتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK