• Thu, 26 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گوکیش اور سنداروف کے درمیان دوسرا گیم ڈرا رہا

Updated: November 26, 2026, 4:08 PM IST | New York

سیلز فورس فیڈے عالمی شطرنج چیمپئن شپ مقابلے میں موجودہ چیمپئن ہندوستان کے ڈی گوکیش اور ان کے چیلنجر ازبکستان کے جاوخیر سنداروف کے درمیان بدھ کی رات دوسرا کھیل بھی برابری پر ختم ہوا۔

Gukesh.Photo:X
گوکیش۔ تصویر:ایکس

سیلز فورس فیڈے عالمی شطرنج چیمپئن شپ مقابلے میں موجودہ چیمپئن ہندوستان کے ڈی گوکیش اور ان کے چیلنجر ازبکستان کے جاوخیر سنداروف کے درمیان بدھ کی رات دوسرا کھیل بھی برابری پر ختم ہوا۔ صرف ۲؍ گھنٹے اور۲۰؍ چالوں کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے محسوس کیا کہ کھیل کی صورت حال میں ایسی کوئی بات نہیں ہے جس سے توازن بگڑ سکے۔ اس لیے انہوں نے ہاتھ ملایا اور آدھا آدھا پوائنٹ بانٹ لیا۔ اب دونوں کھلاڑیوں کے پاس  ۱۔۱؍ پوائنٹ ہے۔


کھیل کی شروعات لندن سسٹم  سے ہوئی، جو ایک مضبوط حکمت عملی ہے اور اس میں دونوں کھلاڑی اپنے مہروں کو قدرتی انداز میں آگے بڑھا سکتے ہیں۔ گوکیش کو سفید مہروں کے ساتھ اس شروعاتی حکمت عملی کا کافی تجربہ ہے۔ حال ہی میں سمرقند میں منعقدہ اولمپیاڈ کے دوران ہندوستان اور ازبکستان کے مقابلے میں انہوں نے اسی حکمت عملی کا استعمال کرتے ہوئے سنداروف کے ساتھی کھلاڑی اورتک نگماتوف کو شکست دی تھی۔ اگرچہ لندن سسٹم  کا سامنا کرنے کے لیے سیاہ مہروں والے کھلاڑی کے پاس کئی اچھے متبادل ہوتے ہیں، لیکن سنداروف نے چھٹی چال تک اسی پرانے کھیل کی حکمت عملی اپنائی۔ تقریباً ۱۰؍ویں چال تک دونوں کھلاڑی اس ترتیب سے اچھی طرح واقف نظر آئے، جس کے بعد انہوں نے اپنی چالوں کے بارے میں سوچنے میں زیادہ وقت لینا شروع کر دیا۔

یہ بھی پڑھئے:ارجن رامپال نےماڈل سے سنجیدہ اداکار تک کا سفر طے کیا

گوکیش نے آہستہ آہستہ اپنے مہروں کو اس طرح ترتیب دیا جیسے وہ کسی بڑی لڑائی کی تیاری کر رہے ہوں۔ دوسری طرف سنداروف نے بہت کم وقت لیتے ہوئے اپنی پوزیشن مضبوط رکھی اور سمجھ داری سے چالیں چلیں۔ ۱۵ …ایف ۵؍ کے بعد گوکیش نے یہ سوچنے کے لیے کچھ وقت لیا کہ کیا کھیل کی صورت حال کو کھولا جا سکتا ہے۔ ممکن ہے ان کے ذہن میں ۱۷ ۔سی۴؍چلنے کا خیال آیا ہو، لیکن انہیں اپنی پوزیشن اتنی مضبوط محسوس نہیں ہوئی کہ وہ آگے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں میں الجھتے۔ بعد میں سنداروف نے تسلیم کیا کہ انہوں نے سی ۴؍ بریک  کے نتائج کا صحیح اندازہ نہیں لگایا تھا، کیونکہ انہیں لگا کہ ایسی چال چلنے کے لیے صورت حال ابھی پوری طرح تیار نہیں تھی۔
گوکیش نے سمجھ داری سے بھانپ لیا کہ اس صورت حال میں ڈرا  ہی سب سے فطری نتیجہ ہے، کیونکہ انہیں ایسا کوئی طریقہ نظر نہیں آیا جس سے کوئی بھی کھلاڑی `پیادہ بریک  (پیادوں کی چال) کے ذریعے کوئی فائدہ حاصل کر سکے۔ شطرنج میں ایک پرانی کہاوت ہے،  پیادے شطرنج کی روح ہوتے ہیں۔  ظاہر ہے کہ اس کھیل میں جب کوئی بھی مؤثر پیادہ بریک  ممکن نظر نہیں آیا تو دونوں کھلاڑی مایوس ہو گئے اور آخرکار ڈرا  پر رضامند ہو گئے۔

یہ بھی پڑھئے:بوتل بند پانی کی جانچ کیلئے ملک گیر مہم

بعد میں گوکیش کھیل کے انداز یا اس کے نتیجے سے بالکل بھی مایوس نہیں تھے۔ میچ کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ بلیک  (سیاہ مہروں والا کھلاڑی)، وائٹ  (سفید مہروں والے کھلاڑی) کی ابتدائی حکمت عملی کو بے اثر کر دیتا ہے، جس سے آگے بڑھنے کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہتی۔ کھیل کی شروعات میں ہی انہیں محسوس ہو گیا تھا کہ بلاوجہ خطرہ مول لینے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ آج رات ہونے والے تیسرے کھیل میں جاوخیر سنداروف کو دوسری بار سفید مہروں کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK