Updated: October 16, 2026, 5:02 PM IST
|
Agency
| Hyderabad
شائی ہوپ کا دورۂ ہند شاندار گزر رہا ہے۔ ۲؍ فارمیٹ میں ۴؍ سنچریاں، اور اب ایک تاریخی ریکارڈ جو پہلے لیجنڈری کرس گیل کے پاس تھا۔ویسٹ انڈیز کے کپتان نے گزشتہ روزحیدرآباد میں چوتھے ٹی ۔۲۰؍ انٹر نیشنل میں صرف ۵۰؍ گیندوں پر ۱۰۲؍ رنوں کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور وہ اپنے ملک کی طرف سے ٹی۔۲۰؍ انٹرنیشنلز میں ۳؍ سنچریاں بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے۔
ویسٹ انڈیز کے بلے باز شائی ہوپ۔ تصویر: آئی این این
شائی ہوپ کا دورۂ ہند شاندار گزر رہا ہے۔ ۲؍ فارمیٹ میں ۴؍ سنچریاں، اور اب ایک تاریخی ریکارڈ جو پہلے لیجنڈری کرس گیل کے پاس تھا۔ویسٹ انڈیز کے کپتان نے گزشتہ روزحیدرآباد میں چوتھے ٹی ۔۲۰؍ انٹر نیشنل میں صرف ۵۰؍ گیندوں پر ۱۰۲؍ رنوں کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور وہ اپنے ملک کی طرف سے ٹی۔۲۰؍ انٹرنیشنلز میں ۳؍ سنچریاں بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے۔ شائی ہوپ نے کرس گیل اور ایوان لیوس کو پیچھے چھوڑ دیا، جن کے نام ٹی ۔۲۰؍ انٹرنیشنل میچوں میں ۲۔۲؍ سنچریاں ہیں اور وہ اس فارمیٹ میں ویسٹ انڈیز کی طرف سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
ایک ہی دورے پر ۴؍ سنچریاں
شائی ہوپ پورے دورے کے دوران شاندار فارم میں رہے ہیں۔ون ڈے سیریز میں ۲؍ سنچریاں بنانے کے بعد، انہوں نے رانچی میں صرف ۴۵؍ گیندوں پر ناقابل شکست ۱۰۲؍ رن بنائے، جس سے ویسٹ انڈیز کو ٹی۔۲۰؍ انٹر نیشنل کی تاریخ کا سب سے بڑا کامیاب ہدف حاصل کرنے میں مدد ملی۔۵؍ دن بعد انہوں نے حیدرآباد میں ایک اور شاندار اننگز کھیلی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ہوپ کی تینوں ٹی ۔۲۰؍ انٹرنیشنل سنچریاں ٹھیک ۱۰۲؍کے ناقابل شکست اسکور پر مشتمل ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: اسمرتی مندھانا کی کپتانی میں نئے دور کا آغاز
کوہلی اور سوریہ کمار کے ساتھ شمولیت
ہوپ کی سنچری نے انہیں وراٹ کوہلی، سوریہ کمار یادو اور پاکستان کے صاحبزادہ فرحان کے ساتھ ایک خاص کلب میں شامل کر دیا۔ان تمام چاروں کپتانوں نے ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک کے خلاف دو طرفہ ٹی ۔۲۰؍ سیریز میں ۵۰؍ یا اس سے زیادہ کے۳؍ اسکور بنائے ہیں۔ کوہلی نے یہ کارنامہ ۲۰۲۱ء میں انگلینڈ کے خلاف، سوریہ کمار نے ۲۰۲۶ءمیں نیوزی لینڈ کے خلاف اور فرحان نے رواں سال کے شروع میں سری لنکا کے خلاف انجام دیا تھا۔تاہم، ہوپ کسی اوے سیریز میں یہ سنگ میل عبور کرنے والے پہلے کپتان بن گئے ہیں۔وہ نکولس پورن کے بعد دو طرفہ ٹی ۔۲۰؍سیریز میں ۵۰؍ یا اس سے زیادہ کے ۳؍ اسکور بنانے والے صرف دوسرے ویسٹ انڈین بلے باز بھی بن گئے ہیں۔
کرس گیل کا ایک اور ریکارڈ برابر
ہوپ نے ٹی ۔۲۰؍ انٹرنیشنل میں کسی ویسٹ انڈین بلے باز کی جانب سے ۵۰؍ یا اس سے زیادہ کے سب سے زیادہ اسکور کا کرس گیل کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے۔دونوں کے نام ایسے ۱۶؍ اسکور ہیں۔جہاں گیل نے ۲؍ سنچریوں اور ۱۴؍ نصف سنچریوں کے ساتھ کریئر ختم کیا وہیں اب ہوپ کے نام ۳؍ سنچریاں اور ۱۳؍ نصف سنچریاں ہیں۔ویسٹ انڈیز کے کپتان نے ٹی ۔۲۰؍ انٹرنیشنل میں ۲؍ہزاررن بھی مکمل کر لئے اور وہ اس سنگ میل تک پہنچنے والے اپنے ملک کے چوتھے بلے باز بن گئے ہیں۔