• Thu, 18 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایشیز میں اسنیکو ٹیکنالوجی کی غلطیاں، سی اے نے خرابی کو ناقابل قبول قرار دے دیا

Updated: December 18, 2025, 7:08 PM IST | Adelaide

ایشیز سیریز کے دوران استعمال ہونے والی اسنیکوٹیکنالوجی میں خرابی پر کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو ٹوڈ گرین برگ نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناقابلِ قبول قرار دیا ہے اور ٹیکنالوجی فراہم کرنے والوں سے وضاحت طلب کی ہے۔

England Team.Photo:PTI
انگلینڈ کی ٹیم۔ تصویر:پی ٹی آئی

ایشیز سیریز کے دوران استعمال ہونے والی اسنیکوٹیکنالوجی میں خرابی پر کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو ٹوڈ گرین برگ نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناقابلِ قبول قرار دیا ہے اور ٹیکنالوجی فراہم کرنے والوں سے وضاحت طلب کی ہے۔  یہ معاملہ ایڈیلیڈ میں جاری تیسرے ٹیسٹ کے پہلے دن سامنے آیا جہاں آسٹریلوی بیٹر ایلکس کیری کو  ۷۲؍ رنز پر آؤٹ نہ دیے جانے کا فیصلہ بعد میں غلط ثابت ہوا۔ 
انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹنگ کی گیند پر کیچ کی اپیل کو امپائر احسن رضا نے مسترد کر دیا تھا جبکہ ریویو میں اسنیکو نے آواز تو دکھائی مگر وہ گیند کے بلے سے گزرنے سے پہلے کی تھی جس پر ٹی وی امپائر کرس گیفنی نے فیلڈ امپائر کا فیصلہ برقرار رکھا۔  بعد ازاں اسنیکو ٹیکنالوجی کی مالک کمپنی بی بی جی اسپورٹس نے اس غلطی کی ذمہ داری قبول کر لی جبکہ ایلکس کیری نے بھی تسلیم کیا کہ گیند بلے سے لگی تھی۔ کیری نے بعد میں اسی اننگز میں ۱۰۶؍ رنز اسکور کیے۔ٹوڈ گرین برگ نے کہا کہ اس واقعے میں انسانی غلطی کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کا محفوظ نظام بھی ناکام ہوا جو قابل قبول نہیں۔ ان کے مطابق اس بات کو یقینی بنانے کے لیے سوالات کیے جا رہے ہیں کہ آئندہ ایسی صورتحال دوبارہ پیش نہ آئے۔تنازع کے بعد میچ ریفری جیف کرو نے انگلینڈ کا ایک ریویو بحال کر دیا جس کے باعث ٹیم نے دوسرے دن کا آغاز دو ریویوز کے ساتھ کیا۔ 

یہ بھی پڑھئے:کوپا ڈیل رے: ایمباپے کا جادو چل گیا، ریئل میڈرڈ کی سخت مقابلے کے بعد فتح

دوسرے دن ایک اور متنازع فیصلہ سامنے آیا جب انگلینڈ کے بیٹر جیمی اسمتھ کو آؤٹ قرار دیا گیا حالانکہ ری پلے میں بلے اور گیند کے درمیان واضح فاصلہ دکھائی دیا۔ اس موقع پر اسنیکو میں معمولی اسپائیک نظر آیا جس پر انگلش کپتان بین اسٹوکس نے مایوسی کا اظہار کیا۔بی بی سی کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ اس معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے بات چیت کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ ٹیکنالوجی کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔ 

یہ بھی پڑھئے:فلم ’’دُھرندھر‘‘ نے تاریخ رقم کی!اسپاٹیفائی گلوبل چارٹس پر ہر گانا بہتر پوزیشن میں

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ڈی آر ایس کے استعمال کو لازمی قرار دیتا ہے تاہم ٹیکنالوجی فراہم کرنے والوں کے انتخاب پر کوئی پابندی نہیں۔ادھر سابق انگلش کپتان مائیک ایتھرٹن نے ردِعمل میں تحمل کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انسانی غلطی کھیل کا حصہ رہی ہے اور ایسی ٹیکنالوجی، جس میں انسانی عمل دخل ہو، غلطی سے مکمل طور پر پاک نہیں ہو سکتی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK