• Wed, 15 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے۲۲۶؍ رن اور پاکستان کو۸؍ وکٹ درکار

Updated: October 14, 2025, 9:11 PM IST | Lahore

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان لاہور میں کھیلا جارہا پہلا ٹیسٹ دلچسپ مرحلہ میں داخل ہوچکا ہے، جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے۲۲۶؍ رن جبکہ پاکستان کو۸؍ وکٹ درکارہیں۔

Abdullah Shafique.Photo:PTI
عبداللہ شفیق۔ تصویر:پی ٹی آئی

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان لاہور میں کھیلا جارہا  پہلا ٹیسٹ دلچسپ مرحلہ میں داخل ہوچکا ہے، جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے۲۲۶؍ رن جبکہ  پاکستان کو۸؍ وکٹ درکارہیں، پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے پاکستان کے ۲۷۷؍ رن کے ہدف کے جواب میں ۲؍وکٹ کے نقصان پر۵۱؍ رن بنالیے ہیں۔کپتان ایڈن مارکرام تین اور ویان ملڈر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے  تاہم پہلی اننگز کے ٹاپ اسکوررز ٹونی ڈی زورزی (۱۶؍رن) اور رائن ریکلٹن (۲۹؍رن) نے ۳۲؍ رن کی پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کو سنبھالا۔
جنوبی افریقہ کے خلاف کھیل کے تیسرے دن پاکستان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں ۱۶۷؍ رن ہی بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں ۹۳؍ رن  بنالے والے اوپننگ بیٹر امام الحق اس مرتبہ جلدی آؤٹ ہوئے، وہ سیموون ہارمر کی گیند پر باہر نکل کر روکنا چاہ رہے تھے مگر کامیاب نہ ہوسکے اور اسٹمپس ہوگئے جب کہ پہلی اننگز میں ۷۶؍ رن بنانے والے کپتان شان مسعود صرف ۷؍ رن کا اضافہ کرسکے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ۶۴؍رن کے مجموعے پر گری اور عبداللہ شفیق ۴۱؍ رن بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ۱۱۹؍ رن کےاسکور پر بابراعظم ۴۲؍ رن پر پویلین لوٹ گئے۔ 
کریز پر موجود سعود شکیل بھی زیادہ مزاحمت نہ کرسکے اور۱۵۰؍رن  کے مجموعے پر۳۸؍ رن پر اونچا شاٹ کھیلتے ہوئے باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد وکٹوں کی لائن لگ گئی۔ محمد رضوان بھی۱۴؍ رن  پر بولڈ ہوگئے، رضوان کے بعد آنے والے شاہین آفریدی بھی کچھ نہ کرسکے اور ۱۵۱؍رن کے مجموعے پر صفر پر چلتے بنے۔ بعد ازاں آغا سلمان۴، نعمان علی۱۱، ساجد خان ایک رن بناسکے اورپاکستان کی پوری ٹیم ۱۶۷؍رن  کے مجموعے پر ڈھیر ہوگئی۔ جنوبی افریقہ کو پاکستان کے خلاف لاہور ٹیسٹ جیتنے کے لیے۲۷۷؍رن کا ہدف ملا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:ہندوستان کی ویسٹ انڈیزپر فتح، ٹیسٹ سیریزمیں کلین سویپ کیا

نعمان علی نے عبدالقادر کا۳۵؍ سالہ ہوم ٹیسٹ ریکارڈ توڑ دیا
قذافی اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوران پاکستانی اسپنر نعمان علی نے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ۳۷۸؍ رن بنائے، امام الحق اور سلمان علی آغا نے ۹۳، شان مسعود اور محمد رضوان نے بالترتیب ۷۶؍ اور۷۵؍ رن بنائے۔ جنوبی افریقہ کے سینوران متھوسمی نے  ۱۱۷؍رن پر ۶؍وکٹ لئے۔  اس کے بعد نعمان نے ۱۱۲؍رن کے عوض۶؍ وکٹ حاصل کئے جس میں ٹونی ڈی زورزی کی اہم وکٹ بھی شامل تھی جنہوں نے۱۰۴؍ رن بنا کر جنوبی افریقہ کو۲۶۹؍ رن پر آؤٹ کرنے میں مدد کی اور پاکستان کو۱۰۹؍ رن کی برتری دلائی۔  اس کارکردگی کے ساتھ اب نعمان نے ہوم ٹیسٹ میں پاکستانی اسپنر کی طرف سے سب سے زیادہ مرتبہ ۶؍ وکٹ (۵) لینے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا اور عبدالقادر کے چار مرتبہ(۱۹۸۷۔ ۱۹۷۸ء) کے پچھلے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK