Updated: March 25, 2026, 1:02 PM IST
|
Agency
| London
سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے ہیڈ کوچ میکولم اور ڈائریکٹر روبکی کو نہ ہٹانے کے فیصلہ کو حیران کن قرار دیا ۔
مائیکل وان۔ تصویر:آئی این این
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے آسٹریلیا کے ہاتھوں ایشز سیریز میں ۱۔۴؍سے بدترین شکست کے بعد ہیڈ کوچ برینڈن میکولم اور منیجنگ ڈائریکٹر روبکی کو عہدوں پر برقرار رکھنے کے فیصلے کو حیران کن قرار دیا ہے۔بی بی سی کے پروگرام ٹیسٹ میچ اسپیشل میں گفتگو کرتے ہوئے مائیکل وان نے کہا کہ اتنی بڑی ناکامی کے بعد عام طور پر پورا ٹیم مینجمنٹ تبدیل کر دیا جاتا ہے لیکن برینڈن میکولم اور روبکی واقعی خوش قسمت ہیں کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے انہیں ایک اور موقع دیا ہے۔
مائیکل وان کا ماننا ہے کہ بین اسٹوکس کی کپتانی کبھی خطرے میں نہیں تھی کیوں کہ وہ ایک بہتر کپتان ہیں اور انہوں نے کئی موقعوں پر یہ ثابت بھی کیا ہے لیکن کوچنگ اسٹاف کا بچ جانا غیرمعمولی ہے۔ انہوں نے اس صورتحال کو فٹ بال ٹیموں سے تشبیہ دی جہاں خراب نتائج پر پورا مینجمنٹ فارغ کر دیا جاتا ہے اور نئے اسٹاف کو موقع دیا جاتا ہے۔ای سی بی کے عہدیدار رچرڈ گولڈ کے مطابق، بورڈ کے لئےبرطرفی کا فیصلہ آسان تھا لیکن انہوں نے تسلسل کو ترجیح دی۔ تاہم، مائیکل وان کا کہنا ہے کہ اب بورڈ کے رویے میں سختی دکھائی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ برینڈن میکولم کو بورڈ کی جانب سے واضح تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ ٹیم میں نظم و ضبط اور کھیل کی باریکیوں پر توجہ دوبارہ بحال کریں۔اگر نتائج بہتر نہ ہوئے تو مستقبل میں ان کی ملازمت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ساتھ ہی انہیں ٹیم کو بہترین ٹیسٹ اور ونڈے ٹیم بنانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
جیمس ہیرس کا کرکٹ سےسبکدوشیکا اعلان
کارڈف(ایجنسی):گلیمورگن اور مڈل سیکس کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولر جیمس ہیرس نے ۲۰۲۶ء کے کرکٹ سیزن کے باقاعدہ آغاز سے قبل ہی پیشہ ورانہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔ ۳۵؍سالہ ہیرس نے اپنے دو دہائیوں پر محیط شاندار کیریئر کو الوداع کہہ دیا ہے۔جیمس ہیرس نے محض ۱۶؍سال کی عمر میں گلیمورگن کی جانب سے ڈیبیو کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا۔ وہ کاؤنٹی چمپئن شپ کے ایک میچ میں ۱۰؍ وکٹیں لینے والے دنیا کے سب سے کم عمر کھلاڑی ہونے کا منفرد اعزاز رکھتے ہیں۔ انہوں نے تمام فارمیٹس میں مجموعی طور پر ۷۷۲؍وکٹیں حاصل کیں، جن میں سے ۶۲۳؍وکٹیں فرسٹ کلاس کرکٹ میں حاصل کی گئیں۔ کھیل کے ساتھ ساتھ وہ پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے جذباتی انداز میں جیمس ہیرس نے کہاکہ ’’کرکٹ نے میری زندگی کو سنوارا اور مجھے وہ سب کچھ دیا جس کا میں نے خواب دیکھا تھا۔ میں خود کو انتہائی خوش قسمت تصور کرتا ہوں کہ مجھے اس طویل اور یادگار سفر کا حصہ بننے کا موقع ملا۔‘‘