آسٹریلیا کیخلاف یکروزہ سیریز کیلئے آل راؤنڈر کو ہاردک پانڈیا کی جگہ ٹیم میں جگہ دی گئی۔
EPAPER
Updated: October 06, 2026, 12:29 PM IST | Agency | Puducherry
آسٹریلیا کیخلاف یکروزہ سیریز کیلئے آل راؤنڈر کو ہاردک پانڈیا کی جگہ ٹیم میں جگہ دی گئی۔
آسٹریلیا’ اے ‘کے خلاف ہونے والی ۳؍ میچوں کی یک روزہ سیریز کے لئے زخمی ہاردک پانڈیا کی جگہ درمیانی تیز گیند باز آل راؤنڈر سوریانش شیڈگے کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ہاردک کو ابتدائی یک روزہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا، لیکن یہ ان کی فٹنس کلیئرنس پر منحصر تھا۔ تاہم ایک نئی چوٹ کے سبب میدان پر ان کی واپسی کے منصوبے پر پانی پھر گیا۔
۲۳؍ سالہ شیڈگے نے۳؍بین الاقوامی ٹی۔۲۰؍میچ کھیلے ہیں اور ان کے ۱۵؍ لسٹ’ اے‘ میچوں میں سے تقریباً نصف میچ انہوں نے انڈیا ’اے‘ کیلئے کھیلے ہیں۔ واضح رہے کہ جون میں دمبولا میں سری لنکا ’اے‘ کے خلاف سنسنی خیز سپر اوور پر ختم ہونے والے میچ میں ۷؍ویں نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے شیڈگے نے ۶۶؍ گیندوں پر ۷۲؍رن بنائے تھے، جو ان کے کریئر کا بہترین اسکور ہے۔
یہ بھی پڑھئے:ونڈیز کے سامنے اب ہندوستان کی ٹی۔۲۰؍ٹیم سے نمٹنے کا چیلنج
ایک اور تبدیلی کے تحت بائیں ہاتھ کے اسپن گیند بازی آل راؤنڈر انوکول رائے نمن دھیر کی جگہ لیں گے۔ نمن دھیر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والی ۵؍ میچوں کی ٹی۔۲۰؍سیریز کے لئے واشنگٹن سندر کی جگہ لی تھی۔ واشنگٹن، جو حال ہی میں ایشیائی کھیلوں میں طلائی تمغہ جیتنے والی ہندوستانی ٹی۔۲۰؍ٹیم کا حصہ تھے، اگر منتخب ہوتے ہیں تو راجستھان کے خلاف تمل ناڈو کے رنجی ٹرافی کے پہلے میچ میں کھیل سکتے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف ہندوستان کی یک روزہ ٹیم کا حصہ رہے رتوراج گائیکواڑ انڈیا’اے‘ کی کپتانی کریں گے اور دیودت پڈیکل ان کے نائب ہوں گے۔ پڈیکل نے گزشتہ سرخ گیند سیریز کے دوران انڈیا’ اے ‘کی کپتانی میں ڈیبیو کیا تھا۔آسٹریلیا’ اے‘ نے بھی کچھ تبدیلیاں کی ہیں۔ منگل سے شروع ہونے والے ۳؍میچوں کے لئے یک روزہ ٹیم میں رائلی میریڈتھ اور ول سدرلینڈ کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ دونوں جیک ایڈورڈز اور ایرن ہارڈی کی جگہ لیں گے۔ ایڈورڈز گزشتہ ماہ آسٹریلیا’ اے‘ ٹیم چھوڑ کر جنوبی افریقہ میں سینئر ٹیم سے جڑ گئے تھے، جہاں انہوں نے اپنا یک روزہ ڈیبیو بھی کیا۔ وہیں گھٹنے کی معمولی چوٹ کے سبب ہارڈی اس سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔۶؍ اکتوبر کو ہونے والا پہلا ایک روزہ میچ دن رات کا میچ ہوگا، جو مقامی وقت کے مطابق دوپہر ۲؍بجے شروع ہوگا جبکہ ۹؍ اور ۱۱؍ اکتوبر کو ہونے والے دوسرے اور تیسرے میچ صبح ۹؍بجے شروع ہونے والے دن کے میچ ہوں گے۔