• Tue, 06 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ونڈیز کے سامنے اب ہندوستان کی ٹی۔۲۰؍ٹیم سے نمٹنے کا چیلنج

Updated: October 06, 2026, 12:26 PM IST | Agency | Luckhnow

آج سے کرکٹ کے چھوٹے فارمیٹ کی سیریز کا آغاز،فیوریٹ ٹیم انڈیا کے سامنے ویسٹ انڈیز کے جارحانہ تیور، دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کی امید۔

The Indian team that won the cricket gold medal at the Asian Games is now ready to face the West Indies. Photo: PTI
ایشین گیمز میں کرکٹ کا گولڈ میڈل جیتنے والی ہندوستانی ٹیم اب ویسٹ انڈیز سے مقابلے کیلئے تیار ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی

ہندوستان اگرچہ منگل کو بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی ایکانا کرکٹ اسٹیڈیم میں فیورٹ کے طور پر میدان میں اترے گا لیکن ویسٹ انڈیز کے پاس آخرییک روزہ میچ میں ۳۰۰؍ سے زیادہ رنوں کے ہدف کا تعاقب کرکے جیت حاصل کرنے کی یاد سے اس کے حوصلے بلند ہوںگے۔ اس جیت سے اگرچہ وہ یک روزہ سیریز نہیں جیت سکے لیکن اس نے کریبیائی ٹیم کو ہندوستان سے ٹوٹے ہوئے اعتماد کے ساتھ واپس لوٹنے سے ضرور بچایا۔ ساتھ ہی۵؍میچوں کی ٹی۔۲۰؍ سیریز شروع ہونے سے پہلے یہ انہیں ایک کارآمد نفسیاتی ہتھیار بھی فراہم کرتا ہے۔ وہیں ہندوستان کے پاس بھی کئی ہتھیار موجود ہیں۔

شریاس ایر کے کپتان اور تلک ورما کے نائب کپتان بننے کے ساتھ ہی سلیکٹروں نے تجربے اور نوجوان جوش کا امتزاج کیا ہے، جس سے ٹیم انتظامیہ کے سامنے یہ خوشگوار الجھن ہے کہ کسے باہر رکھا جائے۔ ٹاپ آرڈر میں ابھیشیک شرما کا کھیلنا تقریباً طے ہے۔ اصل سسپنس اس کے بعد شروع ہوتا ہے۔ سنجو سیمسن اوپننگ کرسکتے ہیں، ایشان کشن مڈل آرڈر میں بائیں ہاتھ کے بلے باز کا متبادل فراہم کرسکتے ہیں جبکہ نوجوان سنسنی ویبھَو سوریہ ونشی ایک اور موقع کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ سلیکٹر یا تو متاثر ہوں یا پھر انہیں بلاوجہ زیادہ محتاط سمجھا جائے۔ نچلے آرڈر میں بھی پاور ہٹنگ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ شیوم دوبے، نتیش کمار ریڈی اور اکشر پٹیل رن بنانے اور اوور کرانے میں اہل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: رونالڈو کی پرتگال ٹیم میں واپسی کا فیصلہ خود ان کے ہاتھ میں ہے: کوچ جارج جیسز

گیند بازی کے شعبے میں بھی ایک پہیلی موجود ہے۔ جسپریت بمراہ کو آرام دئیے جانے کے بعد ہندوستان کو ایک اور اہم گیند باز تلاش کرنا ہوگا۔ عرشدیپ سنگھ تجربہ فراہم کرتے ہیں، کلدیپ یادو ایک مسٹری لاتے ہیں جبکہ مینک یادو اور پرنس یادو ایسی زبردست رفتار فراہم کرتے ہیں کہ بلے باز اپنی زندگی کے فیصلوں پر دوبارہ غور کرنے پر مجبور ہوجائیں۔

وہیں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی بات کی جائے تو وہ محض امیدوں کے سہارے نہیں آئی ہے۔ شائی ہوپ، نکولس پورن، شمرون ہیٹمائر، روومن پاول اور شیرفین ردرفورڈ مہمان ٹیم کو اتنی طاقت دیتے ہیں کہ وہ ایک قابل احترام ہدف کو بھی مشکل ہدف میں تبدیل کرسکتے ہیں۔ یک روزہ سیریز کے آخری میچ نے ان کے اعتماد کو مزید بڑھایا ہے، جبکہ زخمی جیول اینڈریو کی جگہ عامر جانگو کو شامل کرنے سے ایک اور ایسا بلے باز ٹیم میں آیا ہے جو شاندار یک روزہ سیریز کے بعد اچھے فارم میں ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: میں میدان پر بلے کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا چاہتا تھا: کے ایل راہل

ہندوستان کا ریکارڈ بہتر ہے، گھریلو میدان کا فائدہ ہے اور ٹیم میں زیادہ گہرائی ہے۔ ویسٹ انڈیز کے پاس ٹی۔۲۰؍ کرکٹ میں ایک خطرناک خوبی ہے۔ ان کے پاس اتنی تیزی سے رن بنانے کی صلاحیت ہے کہ ۱۸۰؍ رنوں کا اسکور بھی معمولی لگنے لگتا ہے۔

لکھنؤ کی پچ کھیل میں ایک نیا موڑ لاسکتی ہے۔ عام طور پر سست اور اسپن کےلئے مددگار رہنے والی اس پچ پر اکشر اور کلدیپ اہم رول ادا کر سکتے ہیں حالانکہ شام کی اوس کے سبب بعد میں بلے بازی کرنا فائدہ مند ہوسکتا ہے۔ ہندوستان نے ایکانا میں اپنے تینوں ٹی۔۰۲؍میچ جیتے ہیں، جبکہ ویسٹ انڈیز نے اس میدان پر کھیلے گئے۴؍ میچوں میں سے صرف ایک میں جیت حاصل کی ہے۔ اس لئے کاغذ پر تو ہندوستان کا پلڑا بھاری نظر آتا ہے لیکن اچھی بات یہ ہے کہ کرکٹ کبھی کاغذ پر نہیں کھیلا جاتا۔

عقیل حسین چیلنج کیلئے تیار 

لکھنؤ، (ایجنسی): ویسٹ انڈیز کے اسپن گیندباز عقیل حسین نے پیر کے روز کہا کہ ہندوستانی ٹیم بہت خطرناک ہے لیکن انہوں نے تسلیم کیا کہ ان کی ٹیم پیچھے ہٹنے والی نہیں ہے اور وہ اس چیلنج کی منتظر ہے۔عقیل نے میچ سے ایک دن پہلے منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا ’’ہندوستان جانتا ہے کہ ہم کس قسم کی کرکٹ کھیلتے ہیں۔  اورہم جانتے ہیں کہ وہ ایک خطرناک ٹیم ہیں لیکن ہم بھی پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔ دونوں ٹیمیں اس چیلنج کی منتظر ہیں۔ یہ صرف اس بات پر منحصر ہے کہ کون بہترین منصوبہ بناتا ہے اور کون اسے سب سے اچھے طریقے سے نافذ کرتا ہے۔ ہم ان چیزوں پر توجہ مرکوز کریں گے جنہیں ہم قابو میں رکھ سکتے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ حالات کے مطابق خود کو ڈھالنا اور منصوبوں کو نافذ کرنا  ہمارےلئے انتہائی اہم ہوگا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK