Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹی ۲۰؍ خواتین ورلڈ کپ: آسٹریلیا کی خواتین ٹیم نے بنگلہ دیش کو مات دے دی

Updated: June 18, 2026, 9:07 PM IST | London

ایلس پیری اور جارجیا وال کی شاندار کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا نے خواتین ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے نویں مقابلے میں بنگلہ دیش کو ۶۳؍ گیندیں باقی رہتے نو وکٹوں سے شکست دے دی۔

Australiain Players.Photo:X
آسٹریلیاکی کھلاڑی۔ تصویر:ایکس

ایلس پیری (دو وکٹ/ناٹ آؤٹ  ۱۹؍رن) اور جارجیا وال (ناٹ آؤٹ ۴۵؍رن) کی شاندار کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا نے خواتین ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے نویں مقابلے میں بنگلہ دیش کو ۶۳؍ گیندیں باقی رہتے نو وکٹوں سے شکست دے دی۔ آسٹریلیا نے بدھ کی رات ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ پہلے بلے بازی کرنے اتری بنگلہ دیش کی ٹیم آسٹریلوی گیند بازی کے آگے بے بس نظر آئی اور مقررہ ۲۰؍ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر محض ۷۷؍ رن ہی بنا سکی۔ بنگلہ دیش کے لیے کپتان نگار سلطانہ نے سب سے زیادہ  ۲۷؍رن بنائے۔ رتو مونی ۱۶؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ بنگلہ دیش کی آٹھ بلے باز دہائی کے ہندسے (ڈبل فگر) تک بھی نہ پہنچ سکیں۔
اس کے بعد ہدف کا تعاقب کرنے اتری آسٹریلوی ٹیم نے  ۳ء۹؍اوورز میں ایک وکٹ پر ۷۸؍ رن بنا کر مقابلہ نو وکٹوں سے اپنے نام کر لیا۔ جارجیا وال نے ۳۲؍ گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۴۵؍رن  کی اننگز کھیلی۔ بیتھ مونی  ۱۰؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ ایلس پیری نے ۱۵؍ گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے  ناٹ آؤٹ ۱۹؍ رن بنائے۔ انہیں شاندار آل راؤنڈر کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ  کے اعزاز سے نوازا گیا۔

یہ بھی پڑھئے:’’دِرِیشیم۳‘‘: مداحوں کے لیے بری خبر! مدراس ہائی کورٹ میں فلم کے خلاف درخواست دائر


جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم نے پاکستان کو دو وکٹ سے شکست دی
 گیند بازوں کی بہترین کارکردگی کے بعد اینری ڈرک سین (۵۲؍رن) اور این ڈی کلرک (۳۷؍رن) کی شاندار بلے بازی کی بدولت جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم نے خواتین ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے ۱۱؍ ویں مقابلے میں پاکستان کو۱۹؍ گیندیں باقی رہتے ہوئے دو وکٹ سے شکست دے دی۔


 پاکستان کی خواتین ٹیم نے بدھ کی رات کھیلے جانےوالے  میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے نو وکٹوں پر۱۲۶؍ رنز بنائے۔ پاکستان کی شروعات خراب رہی اور اس نے ۵۰؍رن کے اسکور تک اپنی آٹھ وکٹیں گنوا دیں۔ ایسے بحرانی وقت میں کپتان فاطمہ ثنا اور طوبیٰ حسن نے اننگز کو سنبھالا اور پاکستان کو باعزت اسکور تک پہنچایا۔ طوبیٰ حسن (۲۳؍رن) کے رن آؤٹ ہونے سے یہ شراکت داری ٹوٹی۔ کپتان فاطمہ ثنا نے ۳۸؍ گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے  ناٹ آؤٹ ۵۵؍ رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ ارم جاوید۱۱؍ اور عالیہ ریاض  ۱۰؍رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ پاکستان کے سات بلے باز دُہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے میریزان کیپ نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ آیا بونگا کھاکا اور شبنم اسماعیل نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھئے:ہیری کین نے ۶۰؍ سال پرانا فیفا ورلڈ کپ کا ریکارڈ توڑ دیا


اس کے جواب میں جنوبی افریقہ نے۵ء۱۶؍ اوورس میں آٹھ وکٹوں پر۱۲۷؍ رن بنا کر مقابلہ دو وکٹوں سے اپنے نام کر لیا۔ اینری ڈرک سین نے۳۵؍ گیندوں میں سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ۵۲؍رنز کی اننگز کھیلی۔ این ڈی کلرک نے۲۸؍ گیندوں میں۳۷؍ رنز بنائے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں چھ چوکے لگائے۔ میریزان کیپ  ۱۰؍رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ جنوبی افریقہ کے سات بلے باز دُہرے ہندسے تک نہ پہنچ سکے۔ پاکستان کے لیے فاطمہ ثنا نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ سعدیہ اقبال اور طوبیٰ حسن کو دو دو وکٹیں ملیں۔ نشرہ سندھو نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK