Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹیم انڈیا ایجبسٹن میں تاریخ رقم کرنے کی کوشش کرے گی

Updated: July 02, 2025, 10:39 AM IST | Birmingham

آج سے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کا آغاز۔ ایجبسٹن میں ہندوستان اب تک ایک بھی میچ نہیں جیت سکا ہے، پہلا ٹیسٹ جیتنے کے بعد میزبان ٹیم کے حوصلے بلند۔

Indian cricket team captain Shubman Gill will be responsible for restoring the confidence of the players. Photo: INN
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شبھمن گل پر کھلاڑیوں کا اعتماد بحال کرنے کی ذمہ داری رہے گی۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی ٹیم ۵؍ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے کل برمنگھم  کےمیدان پر اترےگی۔ ۵؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ایک صفرسے پیچھے رہنے کے بعد ہندوستانی کرکٹ ٹیم اور انگلینڈ کی ٹیمیں بدھ سے برمنگھم کے ایجبسٹن میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی۔ پہلے ٹیسٹ میں شکست کی مایوسی کے بعد اب ٹیم انڈیا کے سامنے اس میدان پر کامیابی حاصل کرنے کا چیلنج رہےگا۔ اس گراؤنڈ پر ہندوستان کا ریکارڈ انتہائی خراب رہا ہے، جو ٹیم کیلئے تشویش کا باعث ہو سکتا ہے۔
  وہیںایجبسٹن میں انگلینڈ کا شاندار ریکارڈ رہا ہے۔ میزبان ٹیم کیلئے یہ ایک مضبوط قلعہ رہا ہے۔ انہوں نے اس گراؤنڈ پر کُل ۵۶؍ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جن میں سے ۳۰؍میں جیت حاصل کی ہے، جبکہ ۱۱؍میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ۱۵؍میچ ڈرا رہے ہیں۔ یہ ریکارڈ ظاہر کرتا ہے کہ اپنی ہوم کنڈیشنز میں انگلینڈ کی ٹیم یہاں کتنی طاقتور رہی ہے۔
 جہاں تک ہندوستانی ٹیم کی بات ہے تو اس میدان پر اس کا ریکارڈ بہت ہی مایوس کن ہے۔ اس کیلئے ناقابل تسخیر قلعہ ہے۔دوسری جانب، ہندوستانی ٹیم کیلئے ایجبسٹن ایک ایسا میدان رہا ہے جسے وہ کبھی فتح نہیں کر پایا ہے۔ ٹیم انڈیا  نے یہاں پراب تک۸؍ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں اور انہیں ایک بھی میچ میں جیت نہیں مل پائی ہے۔ ان۸؍ میچوں میں سے ۷؍میں ہندوستان کو شکست ملی ہے اور ایک میچ ڈرا رہا ہے۔ سب سے مایوس کن بات یہ ہے کہ ان ۷؍ شکست میں سے  اسے ۳؍ مرتبہ  اننگز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ یہ اعداد و شمار اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ یہ گراؤنڈ ہندوستانی ٹیم کے لئے ابھی تک ایک `ناقابل تسخیر قلعہ بنا ہوا ہے۔گزشتہ میچ میں شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم پر سیریز میں واپسی کا دباؤ ہوگا اور انہیں ایجبسٹن میں اپنے خراب ریکارڈ کو توڑنا ہوگا۔یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کیا ہندوستانی ٹیم اس بار تاریخ رقم کر  پائے گی؟
ہندوستانی ٹیم کرکٹ کی  تاریخ کی ایسی پہلی ٹیم بن گئی ہے جو ایک میچ میں ۵؍ سنچریاں بنا کر بھی میچ ہار گئی۔ہیڈنگلے میں کھیلے گئے میچ کے دوران اگر چہ ٹیم  کے ٹاپ آرڈر بلے بازوںنے زبردست بلے بازی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن دونوں ہی اننگز میں آخری صف کے بلے بازوں نے بہت ہی ناقص بلے بازی کی تھی جو ٹیم کی شکست کی اہم وجہ بن گئی تھی۔ فیلڈنگ میں بھی کئی کیچ ڈراپ ہوئے تھے جس کا فائدہ اٹھاکر انگلینڈ کے بلے بازوں نے بڑی اننگز کھیل کر ٹیم انڈیا کا دباؤ ختم کردیا تھا۔
ہندوستان کے رشبھ پنت،یشسوی جیسوال  کے ایل راہل  اور کپتان شبھمن گل نے اچھی بلے بازی کا مظاہرہ پہلے میچ میںکیا تھا۔ان بلے بازوں سے ٹیم انڈیا کو ایجبسٹن میں بھی اچھی کارکردگی کی امید رہے گی لیکن آخری صف کے بلے بازوں کی ناکامی ٹیم کیلئے تشویش کا باعث ہوگی۔
گیندبازی کا دارومدار جسپریت بمراہ پر  ہے۔محمد سراج،پرسدھ کرشنا ،شاردول ٹھاکر ان کا ساتھ پہلے میچ میں بخوبی نہیں دے سکے۔ دوسرے ٹیسٹ میچ میںکلدیپ یادو پرسدھ کرشنا کی جگہ لے سکتے ہیں۔ اب ہندوستانی ٹیم پر ایسے مقام پر جیت درج کرنے کا دباؤ رہے گا جہاں اُسے کبھی فتح نصیب نہیں ہوئی۔ انگلینڈکیلئے سیریز پر گرفت مضبوط کرنے کا موقع ہوگا۔ سب کی نظریں برمنگھم پر ہیں۔ جہاں تک میزبان  انگلینڈ کی بات کی جائے تو پہلا ٹیسٹ جیت کر اس کے حوصلے بلند ہیں۔ حالانکہ ایجبسٹن میںحال ہی میںاسے بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔وہ یہاں اپنے آخری ۵؍ میں سے ۳؍ٹیسٹ ہارچکی ہے لیکن اس بار بین اسٹوکس کی قیادت میں ٹیم کے حوصلے بلند ہیں اور وہ جارحانہ ’بیزبال‘ حکمت عملی پر عمل پیرا نظر آرہی ہے۔
جوفرا آرچر نہیں کھیلیںگے!
انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں تیز گیند باز جوفرا آرچر کو شامل نہ کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ طویل عرصہ بعد آرچر کی ٹیم میں واپسی ہوئی تھی لیکن  ٹیم انتظامیہ نے پہلا ٹیسٹ میچ جیتنے والے کھلاڑیوں کو ہی آخری ۱۱؍میں شامل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ویسے بھی جوفرا آرچر فیملی ایمرجنسی کے سبب گھر لوٹ گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK