• Thu, 05 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دبئی میں ہندوستان اور پاکستان کے باکسرز کے درمیان کشیدگی

Updated: November 05, 2026, 5:04 PM IST | Dubai

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلوں کی رقابت ایک مرتبہ پھر خبروں میں ہے، تاہم اس مرتبہ کرکٹ کے بجائے باکسنگ کے میدان میں دونوں ممالک کے کھلاڑی آمنے سامنے ہیں۔

India vs Pakistan.Photo:INN
ہندوستن اور پاکستان۔ تصویر:آئی این این

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلوں کی رقابت ایک مرتبہ پھر خبروں میں ہے، تاہم اس مرتبہ کرکٹ کے بجائے باکسنگ کے میدان میں دونوں ممالک کے کھلاڑی آمنے سامنے ہیں۔ دبئی میں ہندوستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر اور باکسر منیش شرما نے ایک پروموشنل تقریب کے دوران پاکستانی باکسر اور سوشل میڈیا شخصیت رحیم پردیسی کو اسٹیج پر تھپڑ مار دیا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے اور دونوں ممالک کے شائقین اس پر مختلف ردعمل ظاہر کررہے ہیں۔
یہ واقعہ ’فیوری بائی دی سی موکا باکسنگ‘  کے پروموشنل پروگرام کے دوران پیش آیا، جہاں دونوں باکسرز اپنے آئندہ مقابلے سے قبل ایک دوسرے کے روبرو ہوئے تھے۔ اس پروگرام کا مقصد ۶؍ نومبر کو دبئی کے نِکی بیچ (Nikki Beach) میں ہونے والے باکسنگ مقابلے کی تشہیر کرنا تھا۔ تاہم دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی نے اچانک جسمانی جھڑپ کی شکل اختیار کرلی۔

یہ بھی پڑھئے:۸۰؍ فیصد نوجوان ہفتہ وار چیٹ جی پی ٹی استعمال کرتے ہیں: اوپن اے ائی عہدیدار

 میڈیا رپورٹس کے مطابق مقابلے سے قبل دونوں باکسرز کے درمیان پریس کانفرنس اور دیگر تشہیری سرگرمیوں کے دوران کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ پاکستانی باکسر رحیم پردیسی نے مبینہ طور پر طنزیہ جملوں اور اشاروں کے ذریعے منیش شرما کو اشتعال دلانے کی کوشش کی۔ اس دوران دونوں کے درمیان تلخ کلامی بڑھتی چلی گئی۔اسی کشیدہ ماحول میں جب دونوں کھلاڑی اسٹیج پر ایک دوسرے کے سامنے آئے تو منیش شرما نے اچانک رحیم پردیسی کو تھپڑ مار دیا۔ اس غیر متوقع حرکت سے وہاں موجود افراد حیران رہ گئے۔ صورتِ حال مزید بگڑنے سے پہلے ہی سیکوریٹی اہلکاروں نے مداخلت کی اور دونوں باکسرز کو ایک دوسرے سے الگ کردیا۔
اس واقعہ کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر اس پر بڑے پیمانے پر تبصرے کیے جارہے ہیں۔ کئی صارفین نے منیش شرما کے اقدام پر حیرت ظاہر کی، جبکہ بعض نے اسے دونوں کھلاڑیوں کے درمیان مقابلے کی تشہیر کے دوران پیدا ہونے والی کشیدگی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ اس واقعہ کے بعد اب سب کی نظریں ۶؍ نومبر کو ہونے والے باکسنگ مقابلے پر مرکوز ہوگئی ہیں۔ منیش شرما اور رحیم پردیسی دبئی کے نِکی بیچ میں ایک دوسرے کے خلاف رنگ میں اتریں گے۔ یہ مقابلہ موکا باکسنگ کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے ’فیوری بائی دی سی‘ ایونٹ کا حصہ ہے۔
رحیم پردیسی نے بھی اس واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر منیش شرما کو جواب دینے کا اشارہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ۶؍ نومبر کو مقابلے کے دوران اپنا جواب دیں گے۔ رحیم نے تھپڑ کے بارے میں یہ بھی کہا کہ یہ ان کے لیے غیر متوقع تھا، لیکن اس سے انہیں کوئی خاص تکلیف نہیں ہوئی۔ اس بیان کے بعد دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والے مقابلے کو لے کر شائقین کی دلچسپی مزید بڑھ گئی ہے۔  منیش شرما ہندوستان کے معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر اور باکسر ہیں۔ وہ انٹرنیٹ پر ’ہاف انجینئر‘  کے نام سے مشہور ہیں۔ ان کا تعلق ہریانہ کے گروگرام ضلع کے بادشاہ پور سے ہے۔ ان کی پیدائش ۴؍ ستمبر ۱۹۹۵ء کو ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھئے:الیانا ڈی کروز کیمرے کے سامنے آنے سے بھی ڈرتی تھیں، پہلی ہی فلم پر’فلم فیئر‘ مل گیا

منیش نے سوشل میڈیا اور یوٹیوب کے ذریعے اپنی شناخت بنائی۔ انہوں نے ۲۰۱۳ء میں اپنا یوٹیوب چینل شروع کیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے باکسنگ کی دنیا میں قدم رکھا اور پیشہ ورانہ مقابلوں میں حصہ لینا شروع کیا۔ ان کی سوشل میڈیا پر مقبولیت اور باکسنگ میں دلچسپی کے باعث ان کے آئندہ مقابلوں کو بھی توجہ حاصل ہورہی ہے۔دوسری جانب رحیم پردیسی پاکستان کی معروف سوشل میڈیا شخصیت ہیں اور باکسنگ سے بھی وابستہ ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ہندوستان اور پاکستان کی نمائندگی کا پہلو اس مقابلے کو مزید دلچسپ بنا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK