• Fri, 13 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوپی پولیس کا کارنامہ، انکاؤنٹر کی دھمکی دے کر مسلم تاجر سے ۲۰؍ لاکھ روپے اینٹھ لئے

Updated: February 12, 2026, 1:02 PM IST | Agency | Lucknow

تاوان کا سلسلہ دراز ہوا تو تاجر نے ایس پی سٹی سے مددمانگی، تفتیش کے بعد ۲؍ سب انسپکٹر معطل لیکن گرفتاری سے پہلے ہی فرار ہوگئے ۔

U P Police.Photo:INN
اترپردیش پولیس۔ تصویر:آئی این این

اترپردیش میں ڈھنڈورہ تو ’زیرو ٹالرینس پالیسی‘کا پیٹا جاتا ہے لیکن نظم و نسق کے نام پر وہاں جو کچھ بھی ہوجائے کم ہے۔ گزشتہ دنوں ایسا ہی ایک عجیب و غریب معاملہ میرٹھ میں پیش آیا جہاں دو پولیس اہلکاروں نے ایک تاجر کو انکاؤنٹر کا خوف دلا کر اس سے ۲۰؍ لاکھ روپے اینٹھ لئے۔ بعد میں معاملے کاانکشاف ہونے پرانہیں گرفتار کرنے کے بجائے معطل کیا اور اب جب انہیں گرفتار کرنے کی باری آئی تو وہ دونوں لاپتہ بتائے جارہے ہیں۔
یہ واقعہ میرٹھ کے لوہیا نگرتھانے کا ہے جہاں ایک مخبر کی اطلاع پر ۲؍ سب انسپکٹروں کے ذریعہ لساڑی گیٹ کے ایک مشہورمسلم تاجر کو اغوا کیا جس کا کاروبار دھاگے کا ہے۔ پھر اس تاجر کو انکاؤنٹر کی دھمکی دے کر اس سے ۲۰؍ لاکھ روپے وصول کئے گئے۔ ۲۰۰۳ء بیچ کے یہ دونوں سب انسپکٹر لوہیا نگر تھانے میں تعینات ہیں۔
 یہ بات شاید وہیں پر ختم ہوجاتی اگر پولیس اہلکاروں کی لالچ مزید نہیں بڑھتی۔ اطلاع کے مطابق کچھ دنوں بعد پولیس افسران کے ذریعہ دوبارہ ۱۰؍ لاکھ روپے طلب کئے گئے، جس کے بعد متاثرہ نے سینئر افسران سے شکایت کر دی۔ شکایت کے بعد جب اس معاملے کا انکشاف ہوا تو پولیس سپرنٹنڈنٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں سب انسپکٹروں کو معطل کر دیا،لیکن اس سے قبل کہ ان کی گرفتاری عمل میںآتی، وہ دونوں فرار ہو گئے۔ اب انہیں تلاش کرنے کیلئے پولیس کی ٹیمیں چھاپے ماری کر رہی ہیں۔
یہ واقعہ چند روز قبل اُس وقت سامنے آیا جب دونوں انسپکٹروں کو زمین کے عوض بڑی رقم منتقل ہونے کی اطلاع پر تاجر کو سونا اسمگلنگ میں پھنسانے اور پھر انکاؤنٹر کرنے کی دھمکی دی۔ انہوں نے۲۰؍ لاکھ روپے وصول کرلئے اور دوبارہ۱۰؍ لاکھ روپے مانگنے پر متاثرہ نے افسران سے شکایت کردی۔ تفتیش اور موبائل لوکیشن کی بنیاد پر جرم ثابت ہونے کے بعد ’ایس ایس پی‘ نے دونوں پولیس افسران کے خلاف مقدمہ درج کر کے چھاپہ مارکارروائی شروع کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:رُدر فورڈ اور موتی کی شاندار کارکردگی، ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو شکست دے دی

واضح رہےکہ متاثرہ تاجر کا میرٹھ اور دبئی میں امپورٹ ایکسپورٹ کا بڑا کاروبار ہے۔ اس نے حال ہی میں زمین فروخت کی تھی جس کی خبر ایک مخبر کو لگ گئی۔ مخبر نے لالچ میں آکر لوہیا نگر تھانے کے دو سب انسپکٹروں کے ساتھ مل کر رقم وصولی کا جال بچھایا۔ سب انسپکٹروں نے تاجر کو اغوا کیا اور سونے کی اسمگلنگ کے معاملے میں جیل بھیجنےاور انکاؤنٹر میں جان سے مار دینے کی دھمکیاں دیں لیکن جب رقم مانگنے کا سلسلہ دراز ہوا تو اس نے ایس ایس پی اور ایس پی سٹی سے مدد مانگی۔ پولیس کی خفیہ جانچ میں الیکٹرانک سرویلنس کا سہارا لیا گیا۔ تفتیش میں انکشاف ہوا کہ رقم وصولی کے دن تینوں کے موبائل لوکیشن ایک ہی جگہ پر تھے۔ کچھ ویڈیو فوٹیج بھی ملیں جس میں تاجر کو اغوا کرکے گھمایا جا رہا تھا۔ اس بات کی تصدیق ہوتے ہی دونوں سب انسپکٹر موقع سے فرار ہوگئے۔

یہ بھی پڑھئے:کیا بورڈ آف پیس غزہ کیلئے ہے؟

’آج تک‘ کی نیوز کے مطابق میرٹھ کے ایس ایس پی اویناش پانڈے نے معاملے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے میں تھانہ انچارج کے کردار کی بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK