• Sun, 18 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ترشا جولی-گایتری گوپی چند اور تنوی کی شکست ، ڈنمارک میں ہندوستانی چیلنج ختم

Updated: October 18, 2026, 5:05 PM IST | New Delhi

خواتین کے ڈبلز میں ترشا جولی-گایتری گوپی چند اور سنگلز میں تنوی شرما کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی کے ساتھ ڈنمارک اوپن ۲۰۲۶ء بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں ہندوستان کا چیلنج کوارٹر فائنل میں ختم ہو گیا۔

Indian Players.Photo:X
ہندوستانی کھلاڑی۔ تصویر:ایکس

 خواتین کے ڈبلز میں ترشا جولی-گایتری گوپی چند اور سنگلز میں تنوی شرما کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی کے ساتھ ڈنمارک اوپن  ۲۰۲۶ء بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں ہندوستان کا چیلنج کوارٹر فائنل میں ختم ہو گیا۔ جمعہ کو کھیلے گئے کوارٹر فائنل مقابلے میں تنوی شرما دنیا کی نمبر ایک اور سرفہرست کھلاڑی جنوبی کوریا کی این سی ینگ کو شکست نہیں دے سکیں۔ وہ ۳۸؍ منٹ تک چلے مقابلے میں  ۱۵۔۲۱، ۱۳۔۲۱؍ سے ہار گئیں۔

یہ بھی پڑھئے:لندن: دھرو راٹھی کا ’ووٹ چوری‘ کے خلاف احتجاج، بندر کے کھلونے سے مودی پر طنز

اس سے پہلے خواتین کے ڈبلز میں ترشا جولی اور گایتری گوپی چند کی جوڑی، جس نے اس سال کے آغاز میں بی ڈبلیو ایف عالمی چیمپئن شپ میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا، ملائیشیا کی دوسری سرفہرست جوڑی پرلی تان اور تھیناہ مرلی دھرن سے۲۱۔۱۴، ۱۷۔۲۱، ۱۱۔۲۱؍  سے ہار گئی۔ دنیا میں ۱۸؍ویں نمبر پر موجود ترشا اور گایتری کی جوڑی نے اچھی شروعات کی اور پہلے وقفے تک  ۷۔۱۱؍کی برتری حاصل کرلی، جس کے بعد انہوں نے آسانی سے پہلا گیم اپنے نام کر لیا۔
اس وقت دنیا میں پانچویں نمبر پر موجود ملائیشیا کی جوڑی دوسرے گیم کے آغاز میں بھی پیچھے چل رہی تھی اور واپسی کی کوشش کر رہی تھی۔ ترشا اور گایتری نے  ۱۱۔۱۴؍کی برتری حاصل کرلی تھی، لیکن اس کے بعد دولت مشترکہ کھیلوں کی سابق چیمپئن اور عالمی چیمپئن شپ کی چاندی کا تمغہ جیتنے والی پرلی تان اور تھیناہ مرلی دھرن نے شاندار واپسی کرتے ہوئے مقابلہ برابر کر دیا۔ فیصلہ کن گیم میں ملائیشیا کی کھلاڑیوں کا غلبہ رہا اور انہوں نے ہندوستانی کھلاڑیوں کو کوئی الٹ پھیر کرنے کا موقع نہیں دیا۔ پرلی تان اور تھیناہ مرلی دھرن کے خلاف ۱۰؍ مقابلوں میں ترشا اور گایتری کی یہ آٹھویں شکست تھی۔ اسی ماہ کے آغاز میں جاپان میں ہوئے ایشین گیمز  ۲۰۲۶ء کے کوارٹر فائنل سے بھی انہی ملائیشیائی کھلاڑیوں نے انہیں باہر کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے:’’دوران جدوجہد طبی شعبے کا تجربہ میرے لیے بہت مددگار ثابت ہوا ‘‘

دوسری جانب، دنیا میں  ۲۴؍ویں نمبر کی کھلاڑی تنوی شرما نے موجودہ عالمی اور اولمپک چیمپئن این سی ینگ کے خلاف اپنے پہلے مقابلے میں اچھی شروعات کی، لیکن وہ زیادہ دیر تک اپنی لے برقرار نہیں رکھ سکیں۔ کوریائی کھلاڑی نے ہندوستان کی نوجوان کھلاڑی کو آسانی سے شکست دے دی۔ کدامبی شری کانت مردوں کے سنگلز میں دوسرے دور تک پہنچے، لیکن وہاں انہیں موجودہ عالمی چیمپئن فرانس کے ایلکس لینیر کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK