Inquilab Logo Happiest Places to Work

انڈر ۱۸؍ ایشیا کپ :نوشین ناز کا دھماکہ ،ہندوستانی ٹیم نے سنگاپور کو ۲۵؍گول سے روندا

Updated: June 03, 2026, 5:04 PM IST | Mumbai

ہندوستانی ہاکی ٹیم نے خواتین کے انڈر۱۸؍ ایشیا کپ ۲۰۲۶ء کے اپنے آخری پول اے میچ میں شاندار اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔

Hockey Match.Photo:X
ہاکی میچ۔ تصویر:ایکس

 ہندوستانی ہاکی ٹیم نے خواتین کے انڈر۱۸؍ ایشیا کپ ۲۰۲۶ء کے اپنے آخری پول اے  میچ میں شاندار اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنگاپور کو۰۔۲۵؍ کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔ اس یکطرفہ اور تاریخی جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے پول مرحلے کے اپنے تمام میچ جیتنے کا ناقابلِ شکست ریکارڈ برقرار رکھا اور پول اے میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے شان سے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

یہ بھی پڑھئے:رنویـر سنگھ تنازع پر کنگنا نے کہا: جب حیثیت بڑھتی ہے تو دشمن بھی بڑھتے ہیں

ہندوستانی ٹیم نے میچ کے آغاز سے ہی حریف ٹیم پر دباؤ بنائے رکھا اور آخری منٹ تک حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ اس میچ کی خاص بات یہ رہی کہ ہندوستان کی ۱۰؍ مختلف کھلاڑیوں نے گول اسکور کیے۔ ہندوستان کی جانب سے نوشین ناز سب سے کامیاب اسکورر رہیں، جنہوں نے میچ میں ریکارڈ ۷؍ گول (۸؍ویں، ۱۳؍ویں، ۱۷؍ویں، ۱۸؍ویں، ۴۰؍ویں، ۵۲؍ویں اور ۵۸؍ویں منٹ) کیے۔ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر گیت شری نامی کو پلیئر آف دی میچ  چنا گیا، انہوں نے ٹیم کے لیے ۵؍ گول کیے۔ کپتان سویٹی کجور نے میچ کی شروعات کے منٹوں میں ہی ٹیم کو برتری دلائی اور مجموعی طور پر ۴؍ گول داغے۔
پرینکا منج نے میچ میں شاندار ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے ۳؍ گول کیے۔دیا، نینسی سروہا، شروتی کماری، پشپا مانجھی، رشمین کور اور سندیپ کماری نے بھی ایک ایک گول کر کے اس تاریخی جیت میں اپنا حصہ ڈالا۔

یہ بھی پڑھئے:فیفا ورلڈکپ ۲۰۲۶ء میں نافذ کیے جانے والے نئے قوانین کیا ہیں؟


ملائیشیا، کوریا اور اب سنگاپور کو شکست دینے کے بعد ہندوستانی ٹیم پول اے  میں۹؍ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہی۔ پول مرحلے میں ہندوستان کا ریکارڈ بے داغ رہا ہے۔ سیمی فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ کس ٹیم سے ہوگا، اس کا فیصلہ آج پول بی  کے میچز مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK