Updated: September 05, 2025, 3:41 PM IST
ٹاپ سیڈ یافتہ آرینا سبالینکا اور ابھرتی ہوئی امریکی کھلاڑی امانڈا انیسیمووا کے درمیان یو ایس اوپن کے ویمنز سنگلز فائنل میں خطابی مقابلہ ہوگا۔ بیلاروس کی آرینا سبالینکا نے اپنی غیرمعمولی ثابت قدمی اور ذہنی مضبوطی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک سیٹ سے پیچھے رہنے کے بعد چوتھی سیڈ جیسیکا پیگولا کو شکست دی
ٹاپ سیڈ یافتہ آرینا سبالینکا اور ابھرتی ہوئی امریکی کھلاڑی امانڈا انیسیمووا کے درمیان یو ایس اوپن کے ویمنز سنگلز فائنل میں خطابی مقابلہ ہوگا۔ بیلاروس کی آرینا سبالینکا نے اپنی غیرمعمولی ثابت قدمی اور ذہنی مضبوطی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک سیٹ سے پیچھے رہنے کے بعد چوتھی سیڈ جیسیکا پیگولا کو شکست دے کر تیسری بار یو ایس اوپن کے فائنل میں جگہ بنائی۔
جمعرات کی رات دو گھنٹے تک جاری رہنے والے سیمی فائنل میں سبالینکا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی اسٹار ٹینس کھلاڑی پیگولا کو۶۔۴، ۳۔۶، ۴۔۶؍سے شکست دی۔ پیگولا نے نیویارک کے پرجوش ناظرین کے شور و غل کے درمیان پہلا سیٹ جیت کر سبالینکا کو بڑا جھٹکا دیا۔ امریکی کھلاڑی نے سبالینکا کی غلطیوں کا فائدہ اٹھایا اور دو بار سروس بریک کرتے ہوئے۴۔۶؍ سے پہلا سیٹ اپنے نام کر لیا۔
یہ بھی پڑھئے:یو ایس اوپن: یوکی بھامبری پہلی بار سیمی فائنل میں داخل
اس کے بعد بیلاروسی کھلاڑی نے آف کورٹ بریک کے بعد نئے عزم کے ساتھ واپسی کی۔ انہوں نے اپنے گراؤنڈ اسٹروک کی شدت بڑھائی اور دوسرا سیٹ ۳۔۶؍سے جیت کر میچ کو فیصلہ کن بنا دیا۔ آخری سیٹ میں عالمی نمبر ایک کھلاڑی نے دباؤ کے لمحات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔ تیسرے میچ پوائنٹ پر انہوں نے جیت کی مہر لگائی اور خوشی سے چیخ اٹھی۔۲۷؍ سالہ کھلاڑی کی یہ کامیابی انہیں سیرینا ولیمز کے بعد مسلسل تین یو ایس اوپن فائنل میں پہنچنے والی پہلی کھلاڑی بنا دیتی ہے۔
میچ کے بعد سبالینکا نے کہا ’’یہ واقعی ایک سخت مقابلہ تھا۔ اس نے شاندار ٹینس کھیلا اور مجھے جیتنے کے لیے بہت محنت کرنی پڑی۔ میں بس اندر ہی اندر دعا کر رہی تھی اور اچھے کی امید رکھتی تھی۔‘‘ سنیچر کو ہونے والے چمپئن شپ میچ میں سبالینکا کا مقابلہ ابھرتی ہوئی امریکی کھلاڑی امانڈا انیسیمووا سے ہوگا۔
دوسرے سیمی فائنل میں امریکی کھلاڑی امانڈا انیسیمووا نے اپنے کریئر کے سب سے شاندار اپ سیٹس میں سے ایک انجام دیتے ہوئے ایک سنسنی خیز میچ میں جاپان کی ناؤمی اوساکا کو ۷۔۶، ۶۔۷، ۳۔۶؍ سے شکست دے کر پہلی بار یو ایس اوپن فائنل میں جگہ بنائی۔ یہ جیت امریکی ٹینس شائقین کے لیے ایک نئی امید ہے کیونکہ انیسیمووا۲۰۱۷ء میں سلون اسٹیفنز کے بعد یو ایس اوپن ویمنز سنگلز فائنل میں پہنچنے والی پہلی مقامی کھلاڑی بن گئی ہیں۔