Inquilab Logo Happiest Places to Work

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ۵؍ ہندوستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی پرسبھی کی نظریں

Updated: August 10, 2026, 4:12 PM IST | Colombo

وارم اَپ میچ میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کے بعد ہندوستان کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے تیار ہے۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ ۱۵؍اگست ۲۰۲۶ء سے کھیلا جائے گا۔

Team India.Photo:X
ہندوستانی ٹیم۔ تصویر:ایکس

وارم اَپ میچ میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کے بعد ہندوستان کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے تیار ہے۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ ۱۵؍اگست ۲۰۲۶ء سے کھیلا جائے گا۔اس سیریز میں ہندوستانی ٹیم کے کئی کھلاڑی اہم کردار ادا کریں گے، تاہم پانچ ایسے کھلاڑی ہیں جن کی کارکردگی پر خاص طور پر نظر رہے گی۔ ان میں دیودت پڈیکل، رشبھ پنت، کلدیپ یادو، محمد سراج اور عاقب نبی شامل ہیں۔
دیودت پڈیکل
سائی سدرشن کی عدم موجودگی میں  دیودت پڈیکل  کے پاس ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی جگہ مضبوط کرنے کا سنہری موقع ہے۔ وارم اَپ میچ میں پڈیکل نے ۱۴۲؍ رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر اپنی فارم اور صلاحیت کا پہلے ہی مظاہرہ کر دیا ہے۔ امکان ہے کہ پڈیکل کو  نمبر تین  پر بیٹنگ کی ذمہ داری دی جائے۔ ایسے میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز ان کے لیے خود کو ثابت کرنے کا اہم موقع ہوگی۔ وارم اَپ میچ کی شاندار اننگز کے بعد اب شائقین اور ٹیم مینجمنٹ کی نظریں ان کی ٹیسٹ کارکردگی پر ہوں گی۔

یہ بھی پڑھئے:’’فلم چار دیواری انسان کے نفسیاتی پہلوؤں کو ظاہر کرتی ہے‘‘

رشبھ پنت
ہندوستانی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے بازرشبھ پنت  کے لیے بھی یہ سیریز انتہائی اہم ثابت ہو سکتی ہے۔ انہیں ٹیسٹ ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کے لیے بلے سے مضبوط کارکردگی دکھانا ہوگی۔پنت کے حالیہ فارم کو دیکھتے ہوئے ان کے انتخاب پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اگر سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں ان کا بیٹ خاموش رہتا ہے تو ٹیم میں ان کی جگہ کو لے کر بحث مزید تیز ہو سکتی ہے۔ پنت اپنی جارحانہ بیٹنگ اور میچ کا رخ بدلنے کی صلاحیت کے لیے جانے جاتے ہیں، اس لیے ہندوستانی ٹیم کو ان سے بڑی اننگز کی امید ہوگی۔
کلدیپ یادو
اسپن گیند باز کلدیپ یادو مسلسل ہندوستانی ٹیم میں اندر باہر ہوتے رہے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں رویندر جڈیجا اور اکشر پٹیل جیسے تجربہ کار اسپنرز کی موجودگی کے باعث کلدیپ کو زیادہ مواقع نہیں مل سکے۔ اب  مانَو سُتھار اور سارَانش جین  جیسے نئے اسپنرز کی آمد کے بعد مقابلہ مزید سخت ہو گیا ہے۔ اگر کلدیپ کو سری لنکا کے خلاف پلیئنگ الیون میں شامل کیا جاتا ہے تو ان کے پاس اپنی گھومتی ہوئی گیندوں سے خود کو دوبارہ ثابت کرنے کا بہترین موقع ہوگا۔ سری لنکا کی کنڈیشنز اسپن گیند بازوں کے لیے مددگار ثابت ہو سکتی ہیں، اس لیے کلدیپ کی کارکردگی خاص اہمیت اختیار کر سکتی ہے۔
محمد سراج
تیز گیند باز محمد سراج بھی اس سیریز میں توجہ کا مرکز رہیں گے۔ وارم اَپ میچ میں سراج نے صرف۱۵؍ گیندوں پر ۳۲؍ رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ہندوستانی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔تاہم گزشتہ کچھ عرصے کے دوران انہیں محدود مواقع ملے ہیں اور ان کی حالیہ فارم بھی زیادہ متاثر کن نہیں رہی۔ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سراج کے لیے اپنی اہمیت دوبارہ ثابت کرنے کا بہترین موقع ہوگی۔اگر وہ نئی گیند کے ساتھ مؤثر بولنگ کرتے ہیں اور مسلسل وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہتے ہیں تو وہ ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئےَ:’’جب لوگ کہتے ہیں کہ یہ عاقب کے والد ہیں تو بے حد فخر ہوتا ہے‘‘

عاقب نبی
 عاقب نبی  سری لنکا کے خلاف سیریز میں سب سے زیادہ دلچسپ کھلاڑیوں میں شامل ہوں گے۔ جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے عاقب نبی ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونے والے خطے کے پہلے کرکٹر بنے ہیں۔انہیں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں  جسپریت بمراہ کی جگہ ٹیم میں موقع دیا گیا ہے۔ اگر انہیں پلیئنگ الیون میں شامل کیا جاتا ہے تو ان کی کارکردگی پر سب کی نظریں ہوں گی۔ عاقب نے ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر ہندوستانی ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔ انہوں نے اس سیزن کی  رنجی ٹرافی میں ۱۰؍ میچوں کے دوران ۶۰؍وکٹ حاصل کئے، جو ان کی زبردست فارم کا ثبوت ہے۔ اب ان کے سامنے سب سے بڑا چیلنج یہ ہوگا کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ کی کارکردگی کو بین الاقوامی ٹیسٹ سطح پر بھی دُہرائیں۔
سیریز میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتحان
سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریزہندوستانی ٹیم کے لیے کئی اعتبار سے اہم ہوگی۔ ایک طرف پڈیکل اور عاقب نبی جیسے کھلاڑی اپنی جگہ بنانے کی کوشش کریں گے، جبکہ رشبھ پنت، کلدیپ یادو اور محمد سراج جیسے کھلاڑی اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کے لیے میدان میں اتریں گے۔ ۱۵؍ اگست سے شروع ہونے والی یہ سیریز نہ صرف ہندوستان کے لیے اہم ہوگی بلکہ ان پانچ کھلاڑیوں کے ٹیسٹ کریئر کے حوالے سے بھی ایک اہم مرحلہ ثابت ہو سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK